جکارتہ(ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے صوبے سولاویسی میں ڈیم بھرنے کے باعث 30 افراد ہلاک جب کہ 25 لاپتہ ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے سولاویسی میں ڈیم بھرنے کے باعث سیلاب سے 30 افراد ہلاک جب کہ 25 لاپتہ ہوگئے، حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم بھرجانے کی وجہ سے آنے والے سیلاب کے باعث ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں جب کہ متاثرین کے لیے عارضی پناہ گاہیں قائم کردی گئی ہیں۔صوبے سولاویسی میں لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں کے باعث اہم ہائی وے بھی بند ہوگئی ہے جب کہ متاثرین کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد فراہم کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس انڈونیشیا کو دو ہلاکت خیز سونامی کا سامنا رہا، ستمبر میں زلزلے کے بعد آنے والے سونامی میں 2 ہزار کے قریب لوگ ہلاک ہوئے جب کہ 25 دسمبر کو آنے والے سونامی نے 500 افراد کی زندگی کے چراغ گل کردیے تھے۔
