لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بابرہ شریف نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں بہت کم ایسے ہدایتکار موجود ہوتے ہیں جو اداکار کی فنی صلاحیتوں کو جانچنے میں مہارت رکھتے ہیں ،نظر شباب اور شمیم آرا جیسے ہدایتکاروں کو فنکار ہیرو کی پہچان تھی اگر انہیں فنی جوہری کہا جائے تو غلط نہ ہو گا ۔ انہوںنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ جن اداکاروں نے بھی ان بڑے ہدایتکاروں کی فلموں کام کیا تو قسمت نے بھی انکا ساتھ دیا اور وہ فلم انڈسٹری میں کامیاب ہوئے ۔شمیم آراء،نظر شباب ،نظر السلام جیسے اور باکمال ہدایتکار بھی تھے جو جنہوں نے بہترین اداکاروں کی بڑی کھیپ فلم انڈسٹری کو دی ۔ مگر افسوس کے انکے بعد ایسے کوئی ڈائریکٹرپیدا نہیں ہوئے جو نئے اداکاروں کو آگے لاتے ۔بابرہ شریف نے کہاکہ مجھے ٹی وی کے سفر سے فلم انڈسٹری تک جو کامیابیاں ملی ہیں وہ بہت کم لوگوں کے حصے میں آتی ہیں اور آج بھی مجھے فلموں میں کام کرنے کی آفرز کی جاتی ہیں مگر میں سمجھتی ہوں کہ میں جتنا اچھا کام کر سکتی تھی اتنا میں نے کر لیا ہے اور اب شاید اس سے بہتر کام نہ کر سکوں۔
