مشی گن(ویب ڈیسک) جعلی امریکی یونیورسٹی میں داخلہ لے کر مستقل رہائش اختیار کرنے کی کوشش کے الزام میں 129 بھارتی طالب علموں کو گرفتار کرلیا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں 130 طالب علموں کو امریکا میں قیام، روزگار اور شہریت حاصل کرنے کے لیے دھوکا دہی کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا، ان طلبا میں سے 129 کا تعلق بھارت سے ہے۔پراسیکیوٹر نے عدالت میں بتایا کہ یہ یونیورسٹی جعلی ہے اور یہاں داخلہ لینے والے بھارتی طالب علموں کو اس کا علم تھا تاہم صرف امریکا میں قیام، روزگار اور شہریت کے حصول کے لیے انہون ںے اس جعلی جامعہ میں داخلہ لیا۔پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے غیرملکی طالب علموں کو ’رقم کی ادائیگی کرو اور امریکا میں سکونت حاصل کرو‘ کے لیے اکسایا اور طالب علم یونیورسٹی کے اس اقدام سے آگاہ تھے۔ادھر امریکی میڈیا کا بھی کہنا ہے کہ ریاست مشی گن کی فارمنگٹن یونیورسٹی کو 2015ء میں خفیہ ادارے کے اہل کاروں نے قائم کیا تھا اور غیر ملکی طلبا کو امریکا میں داخلہ لینے کے بہانے مستقل رہائش اختیار کرنے کے لیے رہنمائی کرتے تھے۔دوسری جانب بھارتی حکام نے طلبا کی گرفتاری پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ طلبا کے ساتھ دھوکا کیا گیا، جعلی یونیورسٹی نے سبز باغ دکھا کر داخلے دیئے، طلبا کو یونیورسٹی کے جعلی ہونے کا علم نہیں تھا۔عدالت میں داخل دستاویز سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کے کچھ اراکین اور چند ملازمین بھی خفیہ ادارے آئی سی ای (Immigration and Customs Enforcement agency) کے اہلکار تھے۔
