اسلام آباد (ویب ڈیسک) بالا کوٹ میں بھارتی دراندازی کے معاملے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب سے ٹیلفونک گفتگو کی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے امریکی ہم منصب مائیک پومپیوکوٹیلیفون کیا جس میں خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کوبھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاکستان کی حکومت ، پارلیمنٹ اور عوام کے جذبات سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب پر واضح کیا کہ پاکستان اپنی سا لمیت پرسمجھوتہ نہیں کرے گا،پاکستان خطے میں امن و امان چاہتاہے۔ بھارتی عزائم سے عالمی برادری کوپہلے ہی آگاہ کر چکے تھے، بھارت سیاسی مقاصد کیلئے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، پلوامہ واقعے کے بعد بھارتی دھمکیوں کے باوجود پاکستان نے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ افغان امن عمل سے متعلق مشترکہ کاوشیں متاثر ہوسکتی ہیں، بھارت کا جارحانہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے، توقع کرتے ہیں کہ امریکہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔