لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)کالم نگاررحمت علی رازی نے کہا ہے کہ کوئی بھی اب میڈیا کے دور میں سچ کو چھپا نہیں سکتا ۔بھارت میں عوام جان چکے ہیں کہ مودی الیکشن لڑنے کے لئے محاذ آزائی کر رہا ہے یعنی اپنے ذاتی مفاد کی جنگ لڑ رہا ہے۔ چینل فائیو کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دوران ہماری اپوزیشن نے بہت ہی مثبت کردار ادا کیا۔بھارتی میڈیا بھی جھوٹ پر جھوٹ بول رہا ہے بہرحال ہمیں اب بھی الرٹ رہنا چاہئے۔میرے خیال میں او آئی سی میں نہ جانا بہتر اقدام ہے ۔ہو سکتا ہے وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر بھی حل کرالیں۔کالم نگار میاں سیف الرحمن نے کہا کہ اس میں شک نہیں افواج پاکستان انتہائی باصلاحیت اور پیشہ ور ہیں۔پاکستان کا بجٹ بھارت کی نسبت ایک تہائی ہے جبکہ بھارت کے بجٹ میں سالانہ بیس فیصد اضافہ بھی ہو رہا ہے لیکن پاک فوج نے اپنی برتری ثابت کر دی۔جوہری ہتھیاروں میں بھی پاکستا ن آگے ہے۔پاکستان نے بغیر کسی شرط کے پائلٹ کو چھوڑ کر بھارت کو ٹیکنیکلی ناک آﺅٹ کیا۔میں سمجھتا ہوں ہمیں سفارتکاری بھی بہتر کرناہو گی۔ وزیر خارجہ موجود نہیں تھے لیکن پھر بھی او آئی سی میں پاکستان کی تائید ہوئی۔ بہتر حکمت عملی میں وزیراعظم عمران خان باقی لیڈروں سے مختلف نظر آئے۔ پی ایس ایل کراچی منتقل ہونا خوش آئند لیکن لوگوں کی خواہش تھی پی ایس ایل لاہور میں ہو۔کالم نگار عبدالباسط نے کہا کہ ایوب خان نے بھارت کے حوالے سے کہا تھا ہمارا پالا ایک مکار دشمن سے ہے۔بھارت کے پاس بلاشبہ افرادی قوت زیادہ ہے لیکن ہمارے پاس جذبہ حیدری ہے۔بھارتی پائلٹ کو چھوڑنے سے پاکستان کی نیک نامی ہوئی پائلٹ کو کسی کے کہنے پر نہیں چھوڑا پاکستان خودمختار ملک ہے۔امریکہ سے بھی پاکستان کو کسی قسم کی توقع نہیں رکھنی چاہئے امریکہ کے حوالے سے ہمارے تجربات اچھے نہیں رہے۔مسئلہ کشمیر مزید اجاگر ہوا ہے۔پاکستان میں پی ایس ایل آنا بڑا اقدام ہے۔ کالم نگارآغا باقر نے کہا ہے کہ امریکی اخبار نے بھارت کی جنگی صلاحیتوں کا پردہ فاش کردیا ہے۔پاکستان نے بھارتی پائلٹ چھوڑ دیا جس کو دنیا نے سراہا لیکن بھارتی حکومت کے رویے میں تبدیلی نہیں آئی۔پائلٹ کو کچھ روز رکھ کر چھوڑا جاتا تو شاید بہتر تھا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر اہم مسئلہ ہے۔بھارتی عوام کے سامنے مودی کا بدنماچہرہ سامنے آ گیا۔
