اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی‘ آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ خود کو نوبل انعام کا حقدار نہیں سمجھتے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے والا ہی نوبل انعام کا حق دار ہوگا۔تفصیلات کے مطابق گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے اعلان کے بعد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دیا جائے جس کے لیے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگNobelPeacePrizeForImranKhan# ٹرینڈ کر رہا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے اس پر پیر کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ‘میں نوبل انعام کا حقدار نہیں، نوبل پرائز کا وہ حق دار ہوگا جو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے گا’۔وزیراعظم نے کہا کہ برصغیر میں انسانی ترقی اور امن کو راستہ د ینے والا نوبل پرائز کا صحیح اہل ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کےلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی افراد کو صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، انتظامیہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرے، اسلام آباد کے بے سہارا بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کروایا جائے، پیر کو وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی،ملاقات میں وزیرخزانہ اسد عمر، وزیرصحت عامر کیانی،وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان،راجہ خرم نواز، نعیم الحق،کمشنر اسلام آباد و دیگر ارکان نے شرکت کی۔ ملاقات میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی تبدیلی کےلئے قائم کمیشن کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت شہروں میں سے ایک ہے،اسلام آباد کی خوبصورتی بڑھانے سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے، مقامی افراد کو صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، انتظامیہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرے، اسلام آباد کے بے سہارا بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کروایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کےلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے۔
