لاہور (چو دھری شفیق ) پاکستان ریلوے پولیس لاہور ڈویڑن ایس ایس پی ریلوے پولیس میاں افنان امین کی سربراہی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی کارروایاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ریلوے پولیس لاہور نے موثر کاروائی کرتے ہوئے30من گٹکا سپاری کی سمگلنگ کو ناکام بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم عاطف حمید ولد عبدالحمید سکنہ چائینہ سکیم لاہور پک اپ نمبری LES۔818 پر مضر صحت گٹکا سپاری کراچی بھجوانے کی غرض سے لوڈ کر کے ریلوے مال گودام بادامی باغ پر لایا جس کو مشکوک جانتے ہوئے ڈیوٹی پر مامور ریلوے پولیس ASI اشرف علی ہمراہی ریلوے پولیس ملازمین نے روک لیا۔ پک اپ کی تلاشی لینے پر 30من مضر صحت گٹکا سپاری کے 24کاٹن برآمد ہوئے۔ ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس لاہور مقدمہ درج کر کے باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ریلوے پولیس میاں افنان امین نے موثر کارکردگی دکھانے پر ریلوے پولیس اہلکاروں کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔