تازہ تر ین

کراچی سمیت سندھ میں بارشیں، تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا

کراچی (ویب ڈیسک) سندھ بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے سے جل تھل ہو گیا۔ جس کے بعد سندھ حکومت نے کل تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے صوبے بھر میں کل سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ سیکرٹری تعلیم سندھ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔سیکرٹری تعلیم سندھ نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں جا کر اسکولوں سے نکاسی آب کروائیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راجھستان سے آنے والے بارش کے نئے سسٹم کے باعث صبح سے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں مسلسل ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جن میں شاہ فیصل کالونی، بلوچ کلونی، کورنگی ، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس ، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا ، صدر،آئی آئی چندریگرروڈ، ایم اے جناح روڈ ، ملیر، ائرپورٹ،شارع فیصل شامل ہیں۔کراچی میں ٹھنڈی ہواﺅں کا بھی راج ہے۔ بارش برستے ہی ڈیفنس فیز8 ، لسبیلہ ، نارتھ ناظم آباد ، گارڈن ، صدر گرومندر، لائنزایریا ، پی ای سی ایچ ایس اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ اگلے دوروزتک جاری رہے گا۔ شہر میں بارش سے ہونے والے ممکنہ نقصانات کے باوجود نالوں کی صفائی نہیں کی جا سکی۔حیدرآباد میں بھی مون سون کی بارش کا سلسلہ گذشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کومشکلات کاسامنا ہے۔ جامشورو میں بھی بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ضلع بھرکے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔ سندھ کے میدانی علاقوں میں آج اور کل مزید بارشوں کا امکان ہے۔ برسات کے باعث آج بھی طلبا کو درپیش مشکلات کے پیش نظر متعدد نجی اسکولوں کے انتظامیہ نے اپنے اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا تھا جبکہ دفاتر میں بھی حاضری معمول سے کم رہی۔شہر قائد میں سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے لئے اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں کا سسٹم سندھ پر اثر انداز ہوگا اور موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain