سابق کپتان منظور جونیئر کو قومی ہاکی ٹیم کا چیف سلیکٹر بنانے کافیصلہ

لاہور(ویب ڈیسک) سابق کپتان منظور جونیئر کو قومی ہاکی ٹیم کا چیف سلیکٹر بنانے کافیصلہ کیاگیا ہے اور اس حوا لے سے باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن حکام نے اولمپک کوالیفائنگ راﺅنڈ کو سامنے رکھتے ہوئے ازسرنوسلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کی تقرریوں پر اتفاق کیا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں سلیکشن کمیٹی ارکان کو فائنل کیا جائے گا اور اس کی سربراہی 1982 لاس اینجلس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ منظور جونیئر کو سونپی جارہی ہے۔ وسیم فیروز، خالد حمید اور ذیشان اشرف کو سلیکشن کے معاملات میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔نئی سلیکشن کمیٹی اگلے ہفتے کراچی میں شیڈول نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے میچوں میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی، ان کے ذمے ستمبر اکتوبر میں شیڈول اولمپکس کوالیفائنگ راﺅنڈ کے لیے ٹیم کی تشکیل ہوگی۔

شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری/فیاض الحسن چوہان کا رد عمل

لاہور(ویب ڈیسک)شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر شہباز شریف کا واویلا قوم کو گمراہ نہیں کر سکتا۔شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کے ٹھیکوں میں آلِ شریف کے فرنٹ مین کا کردار ادا کیا۔ کروڑوں ڈالر کک بیکس اور کمیشن کی مد میں کمائے اور اپنے اکاﺅنٹ بھرے۔ شہباز شریف کی طرف سے اپنے دور میں اسپتالوں میں طبی سہولیات کی تعریف جچتی نہیں۔آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن اپنی کھانسی تک کا علاج لندن سے کرواتا تھا۔ان کے دور میں طبی سہولیات اتنی بہتر ہوتیں تو یہ اپنے علاج پاکستان میں کرواتے۔شاہد خاقان عباسی کرپشن کا وہ طوطا تھا جس میں شریف برادران کی جان تھی۔

جاپان میں اسٹوڈیو پر حملہ، 33 افراد ہلاک

ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپان کے شہر ٹوکیو میں تین منزلہ اسٹوڈیو میں آتش گیر مادے کے ذریعے مبینہ حملے میں تقریباً 33 افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ مطابق اسٹوڈیو کو آتش گیر مادہ پھینک کر جلایا گیا اور ٹوکیو پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کرلیا۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ کیوٹو اینیمیشن نامی کمپنی میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔خبررساں ادارے کے مطابق مشتبہ شخص نے اسٹوڈیو کے داخلی راستے پر آگ لگائی تاکہ عمارت میں موجود افراد جان بچانے کے لیے دوسرے راستوں کا انتخاب کریں.مقامی پولیس کے ترجمان کزیوہیرو ہیاشی نے بتایا کہ آگ کے باعث تقریباً 36 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 10 کی حالت نازک ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈیو پر مشتبہ حملے کے الزام پر 41 سالہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور اس کے قبضے سے متعدد چھریاں بھی برآمد کرلی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ تین منزلہ عمارت کی آخری منزل پر متعدد لاشیں ملیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ پہلی منزل سے 2، دوسری منزل سے 11 اور تیسری منزل سے 20 لاشیں ملیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ مشتبہ شخص نے مٹی کا تیل چھڑک کر اسٹوڈیو کو آگ لگائی۔پولیس ترجمان کے مطابق زیر حراست مشتبہ شخص زخمی حالت میں گرفتار ہوا جسے مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی جاری ہے اور پولیس کی جانب سے تفتیش کا عمل جلد شروع کردیا جائے گا۔جاپانی میڈیا کے مطابق اسٹوڈیو کی پہلی منزل پر صبح ساڑھے دس بجے آگ لگی۔پولیس نے بتایا کہ مقامی رہائشیوں نے اسٹوڈیو سے اٹھنے والے دھوئیں اور دھماکوں کی آواز پر پولیس کو مطلع کیا۔بتایا گیا کہ آگ اس قدر خطرناک تھی کہ تقریباً 48 فائر فائٹرز کو متاثرہ اسٹوڈیو کی آگ بجھانے کے لیے تعینات کیا گیا۔جاپان کے وزیراعظم شینزو ایبے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں متاثرہ خاندان سے اظہار افسوس کیا۔

طیارے کے حادثے میں کن مسافروں کے بچنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے؟

ایمسٹر ڈیم(ویب ڈیسک)کیا آپ نے کبھی فضائی سفر کرتے ہوئے سوچا کہ حادثے کی صورت میں طیارے کے کونسے حصے کے مسافروں کے بچنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے؟ویسے حقیقت تو یہ ہے کہ طیارے کے حادثے میں کسی بھی حصے میں موجود مسافر کے بچنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے مگر ڈچ ائیرلائن کے ایل ایم کی بھارتی شاخ نے لوگوں کو اس حوالے سے مشورہ دینا ضروری سمجھا اور اس حوالے سے ایک متنازع ٹوئیٹ کیا۔کے ایل ایم انڈیا ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے ہونے والی پوسٹ میں لکھا تھا ‘ٹائم کی ڈیٹا اسٹڈیز کے مطابق طیارے کے درمیانی حصے کی نشستوں میں ہلاکتوں کی شرح سب سے زیادہ ہوتی ہے، تاہم فرنٹ میں یہ شرح کچھ کم جبکہ طیارے کے پچھے حصے کے مسافروں میں سب سے کم ہوتی ہے’۔اس ٹوئیٹ میں ایک نشست کی تصویر بھی تھی جو بادلوں کے اوپر رکھی ہے اور یہ الفاظ درج ہیں ‘طیارے کے پچھے حصے کی نشستیں سب سے محفوظ ہوتی ہیں’۔اس ٹوئیٹ کے بعد متعدد ٹوئٹر صارفین کی جانب سے کافی شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور کمپنی کا کافی مذاق بھی اڑایا گیا۔اس ٹوئیٹ کو کمپنی نے 12 گھنٹے بعد ڈیلیٹ کردیا اور ایک ٹوئیٹ میں لوگوں سے معذرت بھی کی ‘اس ٹوئیٹ میں لکھا تھا کہ ہم حالیہ اپ ڈیٹ پر معذرت کرتے ہیں، وہ پوسٹ عوامی طور پر دستیاب ایوی ایشن فیکٹ پر مبنی تھی اور یہ کے ایل ایم کی رائے نہیں تھی، ہمارا مقصد کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا، یہی وجہ ہے کہ پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا’۔خیال رہے کہ ٹائم میگزین نے 2015 میں ایک مضمون شائع کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ طیارے کی پچھلی نشستوں پر حادثے کی صورت میں بچنے کی شرح سب سے زیادہ (28 فیصد) ہوتی ہے، اس کے لیے 1985 تک ہونے والے فضائی حادثوں پر ہونے والی ایک تحقیق کو بنیاد بنایا گیا تھا۔اس مضمون کے مطابق طیارے کے پچھلے حصے میں حادثے میں ہلاکتوں کی شرح 32 فیصد، درمیانی حصے میں 39 فیصد جبکہ فرنٹ پر 38 فیصد ہوتی ہے۔

ملائکہ اروڑا دبنگ 3 کا حصہ ہوں گی یانہیں؟

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی منی ملائکہ اروڑا نے ”دبنگ 3“ کا حصہ ہونے پر خاموشی توڑدی۔بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی دبنگ سیریز کی تیسری فلم ”دبنگ3“ کا انتظار شائقین بے چینی سے کررہے ہیں۔ فلم سیریز کے پہلے حصے ’دبنگ‘ میں ملائکہ اروڑا نے ”منی بدنام ہوئی“ آئٹم سانگ پر ڈانس کرکے فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ فلم کے دوسرے حصے میں ملائکہ کی جگہ کرینہ کپور کو شامل کیا گیا۔تاہم فلم کے تیسرے حصے کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ اس بار ایک بار پھر ملائکہ اروڑا فلم میں جلوے دکھائیں گی۔ ملائکہ نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ”دبنگ 3“ کا حصہ ہونے کی تردید کردی ہے۔ملائکہ اروڑا نے کہا کہ پروجیکٹ دبنگ سے جڑے بیشتر افراد آگے بڑھ چکے ہیں اس کے ساتھ ہی انہوں نے ”دبنگ3“ کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ دبنگ سیریز کی تیسری فلم کے پروڈیوسر بھی ارباز خان ہی ہوں گے تاہم اس بار فلم کی ہدایات پربھو دیوا دیں گے۔ فلم رواں سال کے آخر میں ریلیز کی جائےگی۔

شہبازشریف کے چہرے کی زردی بتاتی ہے کہ قانون پر عمل ہو رہا ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد(ویب ڈیسک) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کے چہرے کا زرد رنگ یہ ثابت کر رہا ہے کہ قانون کی عمل داری رنگ دکھا رہی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نیب کو با اختیار بنا دیا ہے، اب ادارے آزاد ہیں اور شفاف انداز میں کام کررہے ہیں، جن لوگوں نے کبھی قانون کو تابع بنایا ہوا تھا آج وہ قانون کے تابع ہو رہے ہیں، آج پریس کانفرنس میں شہبازشریف کے چہرے کا زرد رنگ یہ ثابت کر رہا تھا قانون کی عمل داری رنگ دکھا رہی ہے، لیکن انہیں چاہئے کہ وہ اپنی صفائیاں میڈیا کے بجائے عدالتوں میں پیش کریں، بے گناہی کے ثبوت دینے کا فورم عدالتیں ہیں وہاں بے گناہی کے ثبوت دینے چاہیے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کہتے تھے کہ ان کو گرفتار کیوں نہیں کیا جاتا ہے، جس نے گرفتارکرنا ہے کرلے، ان کی تو خواہش تھی کہ گرفتار کیا جائے آج ان کی خواہش پوری ہوئی، جب قانون کی عملداری شروع ہوتی ہے تو ان کے چہروں کا رنگ بدل جاتا ہے، جوشخص نیب کا ملزم ہو وہ ضمانت کراتا ہے یا قانونی چارہ جوئی کرتا ہے، لیکن شاہد خاقان عباسی نے کوئی ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کرائی تھی، اب سابق وزیراعظم نے مکافات عمل سے گزرنا ہے۔معاوں خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نیب کے عمل میں حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو گھسیٹ رہی ہے، کیا عمران خان کا قصور یہ ہے کہ وہ ملک میں قانون کی عملداری چاہتے ہیں، سب کو یہ سمجھ لینا چاہئے کوئی مقدس گائے نہیں، حکومت کا وزیرِ بلدیات نیب کے ہاتھوں گرفتارہوا اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد رہا ہوا، وزیر جنگلات بھی گرفتار ہوا اور اس وقت نیب کی حراست میں ہیں، (ن) لیگ کے دور میں کوئی ایک مثال بتادیں جس میں وزیر گرفتار ہوا ہو۔

رواں ماہ یہ فلمیں سینما گھروں میں دیکھنا نہ بھولیں

لاہور(ویب ڈیسک)رواں برس پاکستانی فلموں کے حوالے سے بہت اچھا رہا ہے کیوں کہ اب تک سینما گھروں میں گیارہ فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں۔اور اس سے بھی اچھی بات یہ ہے کہ ان میں سے نصف کو کامیابی نصیب ہوئی۔پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں پر لگی پابندی کے باوجود پاکستانی فلمیں شائقین کو سینما گھروں تک لانے میں کامیاب رہی ہیں جو کہ ایک خوش آئندہ بات ہے۔ماہ جولائی میں بھی چار پاکستانی فلمیں ریلیز کے لئے پیش کی جارہی ہیں، ذیل میں ان کا تعارف موجود ہے:
ریڈی اسٹیڈی نو
انیس جولائی کو پاکستان بھر میں ریلیز کی جانے والی ریڈی اسٹیڈی نو ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے۔فلم کی کاسٹ میں آمنہ الیاس فیصل سیف، سلمان شاہد نمایاں ہیں۔ فلم کے لکھاری و ہدایت کار ہشام بن منور ہیں۔ریڈی اسٹیڈی نو کا بجٹ پانچ کروڑ بتایا جارہا ہے۔
تم ہی تو ہو
نامور ہدایت کارہ سنگیتا کی فلم تم ہی تو ہو کو دسمبر 2016 میں ریلیز ہونا تھا مگر چند وجوہات کی بنا پر یہ فلم تاخیر کا شکار ہوئی اور اب اس فلم کو 19 جولائی کو پیش کیا جارہا ہے۔فلم کی نمایاں کاسٹ میں دانش تیمور، قرت العین اور متھیرا ہیں۔ فلم پر کل چھ کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔
تیور
لکھاری و ہدایت کار ابوعلیحہ کی ریونج تھرلر فلم عارفہ کے نام سے 2017 میں ریلیز ہونا تھی جسے اب تیور نام سے بدل دیا گیا۔فلم اب 26 جولائی کو ریلیز ہوگی۔یاد رہے کہ ابوعلیحہ نے رواں برس ماہ جون میں کتاکشا جیسی ہٹ فلم سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔تیور کی نمایاں کاسٹ میں سکینہ خان، تقی احمد اور متھیرا شامل ہیں۔ فلم کا بجٹ محض 75 لاکھ ہے۔ یاد رہے کہ ابوعلیحہ کی ہارر فلم کتاکشا کا بجٹ بھی 95 لاکھ تھا جس نے باکس آفس پر دوکروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔
راﺅنڈ اباوٹ
اداکار و ہدایت کار ارباز خان کی ایکشن فلم راﺅنڈ اباوٹ بھی 26 جولائی کو پاکستان بھر میں ریلیز ہورہی ہے۔فلم کی نمایاں کاسٹ میں ارباز خان کے علاوہ ماہی خان اور افتخار ٹھاکر شامل ہیں۔ فلم کا کل بجٹ سوا دو کروڑ روپے بتایا جارہا ہے۔فلم کی کہانی رومانوی ہے تاہم اس میں ایکشن بھی خوب دکھایا جائے گا۔

عید الاضحی کا چاند کب نکال رہے ہیں؟ آرمی چیف کا فواد چوہدری سے دلچسپ مکالمہ

راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا جس پر حاضرین مجلس کھلکھلا کر ہنس پڑے۔ترجمان وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جی ایچ کیو میں دفاعی پیداوار کے سیمینار میں شرکت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فواد چوہدری سے دلچسپ سوال کیا۔آرمی چیف نے پوچھا کہ فواد چوہدری صاحب، عید الاضحی کب ہوگی؟ آپ چاند کب نکال رہے ہیں؟۔ آرمی چیف کی اس شگفتہ مزاجی پر جی ایچ کیو کا سینیما ہال قہقوں سے گونج اٹھا۔واضح رہے کہ عید الاضحی کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اگست میں ہوگا اور وفاقی وزیر فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرنے کی سفارش کی ہے۔

انضمام الحق کا دور، پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ تباہی سے دوچار

لاہور(ویب ڈیسک) انضمام الحق کے دور میں پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ تباہی سے دوچار ہوئی، ٹیم نمبرون سے ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئی۔انضمام الحق جب چیف سلیکٹر بنے توقومی ٹیسٹ ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون تھی، بعدازں پے درپے شکستوں کی وجہ سے ساتویں پوزیشن تک جا پہنچی،ان کے دور میں پاکستان نے 28ٹیسٹ میچز کھیلے، 10جیتے اور 17میں مات ہوئی، ایک مقابلہ ڈرا ہوا،ون ڈے میں گرین شرٹس نے 68میچز میں سے 32جیتے اور 34 میں ناکامی ہوئی، 2مقابلے بے نتیجہ رہے۔بیشتر فتوحات زمبابوے، سری لنکا اور افغانستان جیسی کمزور ٹیموں کیخلاف تھیں،اس دوران پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی جیتی،ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں کارکردگی ناقص رہی،بھارت کے ہاتھوں 4میچز میں شکست ہوئی۔2016میں نویں پوزیشن کی حامل پاکستان ٹیم اس وقت عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہے، ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان ٹیم نے 37میچز میں سے 30جیتے اور 7 میں ناکامی ہوئی۔انضمام الحق کے دور میں تیسری سے پہلی پوزیشن کا سفر طے ہوا،انضمام الحق کی بطور چیف سلیکٹر آخری ذمہ داری ورلڈ کپ سلیکشن تھی، منتخب کردہ ٹیم سیمی فائنل تک نہ پہنچ سکی۔ پاکستان نے 5 میچز جیتے، 3میں شکست ہوئی اور ایک کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔

آصف علی کا انضمام الحق کے بارے میں نیا انکشاف

لاہور(ویب ڈیسک)چیف سلیکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے انضمام الحق کے بارے میں قومی کرکٹر آصف علی نے نیا انکشاف کر دیا۔جارح مزاج بلے باز آصف علی نے کہا کہ جب انضمام بھائی کو معلوم ہوا کہ میری بیٹی چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہے، تو وہ ذاتی طور پر پی سی بی کے دفتر گئے اور بورڈ حکام سے میری بیٹی کے علاج کیلئے فنڈز کی بات کی اور یہ سب معاملات خود حل کئے۔ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں آصف علی کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایسے لیجنڈ ہیں جن کی تعریف الفاظ میں نہیں کی جا سکتی، نوجوان کھلاڑیوں کے لئے گراﺅنڈ کے اندر اور باہر حقیقی معنوں میں رول ماڈل ہیں۔واضح رہے انضمام الحق کے بطور چیف سلیکٹر کی مدت 30 جولائی کو ختم ہو رہی ہے اور انہوں نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول پریس کانفرنس میں اپنے عہدے سے سکبدوشی کا اعلان کیا تھا۔