ایران میں 5.7 شدت کا زلزلہ، جانی نقصان نہیں ہوا

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے صوبہ خوزستان میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق خوزستان کے شہر مسجد سلیمان کی زمین زلزلے سے لرز اٹھی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی 84 کلومیٹر تھی۔ ایران کا یہ علاقہ تیل سے مالا مال ہے۔زلزلے کے شدید جھٹکوں کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ دعائیں پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق قدرتی آفت سے فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ امدادی اداروں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ ایران بڑی جغرافیائی فالٹ لائنز پر واقع ہے اور حالیہ برسوں میں زلزلوں سے اسے شدید نقصان پہنچا ہے۔ 2017 میں ایران میں خوفناک زلزلہ آیا تھا جس سے 630 افراد ہلاک اور 8 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

عدلیہ کو جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے، وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو ہدایت کی ہے کہ ن لیگ کی جانب سے اداروں پر حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے جبکہ عدلیہ کو جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے۔اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، لہذا ن لیگ کے ہتھکنڈوں اور اداروں پر حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ن لیگ ماضی میں بھی عدلیہ پردباﺅ ڈالتی رہی ہے، لیکن یہ نیا پاکستان ہے اور اب ایسا نہیں چلے گا، اپوزیشن کا کوئی حربہ کارگر ثابت نہیں ہوسکے گا اور احتساب کا عمل جاری رہے گا۔جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس معاملے میں حکومت کو فریق نہیں بننا چاہیے، عدلیہ آزاد اور خود مختار ہے، عدلیہ کو مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ جج نے دباﺅ میں سزا کا فیصلہ دیا جس کے لیے ان کی غیر اخلاقی ویڈیو سے انہیں بلیک میل بھی کیا گیا۔

ماہرہ خان اورعاطف اسلم کے رقص کی وڈیو وائرل

کراچی(ویب ڈیسک) اداکارہ ماہرہ خان اورگلوکارعاطف اسلم کی ایک ساتھ رقص کرنے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔گزشتہ روزکراچی میں منعقد ہونے والے ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ میں جہاں ہراسٹارمنفرد نظرآیا وہیں دلکش ماہرہ خان اورعاطف اسلم نے بھی مداحوں کے دل جیت لیے۔ایوارڈ کی تقریب میں عاطف اسلم اورماہرہ خان نے وہاں موجود

دیگرحاضرین کے خواہش پر ایک ساتھ رقص کیا، جس کی وڈیوسوشل میڈیا پرخوب وائرل ہورہی ہے جب کہ مداح ان کے ایک ساتھ رقص کوبہت سراہ رہے ہیں۔ماہرہ خان نے بھی چند تصاویرسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرشیئرکیں جس میں نہایت خوبصورت لگ رہی ہیں۔

دوحا میں طالبان اور دیگر متحارب دھڑوں میں مذاکرات

دوحا(ویب ڈیسک) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اتوار کے روز افغانستان میں 18 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کیلیے طالبان اور دیگر متحارب دھڑوں میں مذاکرات شروع ہوگئے۔گزشتہ روز مقامی لگڑری ہوٹل میں سخت سیکیورٹی میں ہونے والے یہ مذاکرات ساڑھے آٹھ گھنٹے جاری رہے۔مذاکرات میں تقریباً 70 مندوبین شریک تھے۔کانفرنس روم میں داخل ہونے سے قبل تمام افراد کو اپنے موبائل فونز انتظامیہ کے حوالے کرنے پڑے۔مذاکرات میں فریقین نے ممکنہ جنگ بندی پر بات چیت کی۔مذاکرات آج (پیر) بھی جاری رہیں گے جن میں خواتین اور اقلیتوں کے مستقبل پر بھی بات ہوگی۔یہ مذاکرات امریکا اور طالبان کے مابین مذاکرات کے ایک ہفتے بعد ہورہے ہیںجن میں دونوں فریق قیام امن کی جانب پیشرفت کرنا چاہتے ہیں۔طالبان اور امریکا کے مذاکرات میں افغان دھڑوں کے ان مذاکرات کی وجہ سے 2 دن کا وقفہ دیا گیا ہے اورطالبان اورامریکا کے مذاکرات دو روز کے وقفہ کے بعد کل( منگل) دوبارہ شروع ہوں گے۔امریکہ ستمبر میں ہونے والے اگلے صدارتی انتخابات سے قبل کو ئی معاہدہ کرنا چاہتا ہے تاکہ وہاں سے امریکی افواج کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہوسکے۔افغان دھڑوں کے مذاکرات کے دوران ہال میں ایک بڑی میزرکھی تھی جس پرمندوبین براجمان تھے جبکہ سامنے ایک بڑی سکرین لگائی گئی اور میزبان ملک قطر اور جرمنی کے نمائندے وہاں بیٹھے تھے۔مذاکرات کے آغاز پر اپنے افتتاحی کلمات میں افغانستان اور پاکستان کیلئے جرمنی کے خصوصی نمائندے مارکس پوٹزل نے کہا آج یہاں کچھ روشن خیال ذہن موجود ہیں جو افغان معاشرے کے ایک حصے کی نمائندگی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’ آپ سب کے پاس پر تشدد کشیدگی کو ایک پر امن مباحثے میں بدلنے کے طریقے تلاش کرنے کا ایک منفرد موقع اور ذمہ داری ہے۔طالبان وفد کے سربراہ عباس استانکزئی جب کانفرنس میں داخل ہورہے تھے توان کی سیکیورٹی گارڈ سے تلخ کلامی ہوگئی۔سکیورٹی گارڈ کے روکے جانے پر عباس ستانکزئی نے کہا ’ ہم مذاکرات میں جانا چاہ رہے ہیں لیکن وہ ہمیں جانے نہیں دے رہے جس پر ایک افسر نے کہا کہ ’ ہم آپ سے مذاق نہیں کررہے ہیں، ہم پر چلّانا بند کریں۔اس کے بعد عباس ستانکزئی، طالبان کے دوحہ آفس کے ترجمان سہیل شاہین سمیت وفد کے ساتھ کانفرنس روم میں پہنچے۔طالبان اور دیگرافغان دھڑوں کے وفود کو ثالثیوں کی موجودگی میں مذاکرات کے لیے تنہا چھوڑنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قطری وزات خارجہ کے نمائندہ برائے انسداد دہشت گردی مطلق القحطانی نے کہا کہ ہم تمام افغان بھائیوں اور بہنوں کی دوحہ میں ملاقات پر بہت خوش ہیں۔ہم افغانستان کے مستقبل کی راہ کا تعین کرناچاہتے ہیں۔سابق صدر حامد کرزئی کی جانب سے طالبان کے ساتھ بات چیت کیلیے تشکیل کردہ اعلیٰ امن کونسل کی رکن اصیلہ وردک نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہر کوئی جنگ بندی پر غور کررہا ہے۔اصیلہ وردک نے مزید کہا کہ عباس استانکزئی نے ’ خواتین کے کردار، معاشی ترقی اور اقلیتوں کے کردار پر طالبان کے موقف سے متعلق بات چیت کی ہے۔ وہ افغان ثقافت اور اسلامی اقدار کی بنیاد پر خواتین کو کام کرنے، سکول جانے اور پڑھنے کی اجازت دینے پر تیار ہیں۔مذاکرات آج (پیر) بھی جاری رہیں گے۔

عبدالستار ایدھی کو بچھڑے 3 برس بیت گئے

لاہور(ویب ڈیسک)انسانیت کے لیے اپنی زندگی وقف کردینے والے معروف سماجی کارکن اور ایدھی فاﺅنڈیشن کے بانی چیئرمین عبدالستار ایدھی کو دنیا سے رخصت ہوئے 3 برس بیت گئے۔عبالستار ایدھی 1928 میں ہندوستان کے علاقے گجرات میں ایک مسلمان تاجر کے گھر پیدا ہوئے اور 1947 میں ہجرت کرکے پاکستان آئے تھے۔انہوں نے صرف 5 ہزار روپے سے اپنے پہلے فلاحی مرکز ایدھی فاﺅنڈیشن کی بنیاد ڈالی، لاوارث بچوں کے سر پر دستِ شفقت رکھا اور بے سہارا خواتین اور بزرگوں کے لیے مراکز قائم کیے۔6 دہائیوں تک انسانیت کی بلاتفریق خدمت کرنے والے ایدھی، انتقال سے قبل تقریباً 20 ہزار بچوں کی سرپرستی کررہے تھے۔مرحوم ایدھی نے اپنی آنکھیں عطیہ کر کے مرنے کے بعد بھی دکھی انسانیت کی خدمت کی جس کی وجہ سے 2 افراد کی آنکھوں کو روشنی مل سکی۔اپنی سوانح حیات ‘اے میرر ٹو دی بلائنڈ’ میں ایدھی صاحب نے لکھا کہ ‘معاشرے کی خدمت میری صلاحیت تھی، جسے مجھے سامنے لانا تھا۔ایدھی اور ان کی ٹیم نے میٹرنٹی وارڈز، مردہ خانے، یتیم خانے، شیلٹر ہومز اور اولڈ ہومز بھی بنائے، جس کا مقصد معاشرے کے غریب و بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا تھا۔اس ادارے کا نمایاں شعبہ اس کی 1500 ایمبولینسیں ہیں جو ملک میں دہشت گردی کے حملوں کے دوران بھی غیر معمولی طریقے سے اپنا کام کرتی نظر آتی ہیں۔2000 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں ایدھی فاو¿نڈیشن کا نام بحیثیتِ دنیا کی سب سے بڑی فلاحی ایمبولینس سروس درج کیا گیا تھا۔ان کی شاندار خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے 1989 میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔عبدالستار ایدھی گردوں کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث طویل علالت کے بعد 8 جولائی 2016 کو 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

اوورسیز پاکستانی مادروطن میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں،چودھری پرویزالٰہی

لاہور(ویب ڈیسک) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کے 20 رکنی وفد نے یہاں گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ اوورسیز پاکستانیوں کے وفد کی قیادت رجب علی بٹ کر رہے تھے جبکہ غوث ڈار، چودھری اعتزاز، میاں عمران مسعود اور میاں ہارون مسعود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سننے کے بعد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے پاسپورٹ کے حوالے سے زیادہ شکایات موصول ہوتی ہیں ہم کوشش کریں گے کہ نئے پاسپورٹ کے اجرا کے سلسلے میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ان ممالک میں ہی حل کئے جا سکیں، اس وقت پاکستان میں نظام کی صلاح و تبدیلی کا عمل جاری ہے اب ہر کام میرٹ پر ہوتا ہے، عمران خان عوام کے مسائل کے حل اور ملک کے معاشی استحکام کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور ہم نیا پاکستان بنانے کے اس سارے عمل میں ان کے ساتھ ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ابھی ملک معاشی طور پر مشکلات کا شکار ہے، وہ وقت دور نہیں جب بیرون ممالک سے لوگ نوکری کیلئے پاکستان آنا پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی بھی ملک کو معاشی لحاظ سے کھڑا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں، انہیں درپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

رانا ثناءاللہ سے بہت کچھ نکلے گا ان پر چنیوٹ میں پہلی ایف آئی آر ن لیگ نے کروائی ، صوبائی وزیراطلاعات صمصام بخاری

لاہور (ویب ڈیسک)دو دن سے مریم نوازنے جو مسئلہ کھڑا کیا یہ انکا وطیرہ ہے ۔وہ عدلیہ اور سلامتی کے اداروں پر بات کرتی ہیں ۔ایسے لگتا جیسے ہندوستان کے لوگ بول رہے ہیں ۔پرسوں کی پریس کانفرنس میں شہباز شریف خاموش بیٹھے رہے فضا میں دیکھتے رہے ۔شاید جج صاحب اعلی عدلیہ سے استدعا کریں کہ آڈیو ٹیپ کو دیکھیں ۔منڈی بہاوالدین میں جلسہ سے روکا نہیں گیا انکے پاس بیچنے کے لیے کچھ نہیں ہے ۔کیا بتائیں کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کی ہے اخلاق کا درس دیتی ہیں ۔ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں انکے بھائی چھپے ہوئے ہیں میری کوئی جائیداد نہیں یہ بیان مریم نے دیا ۔ن لیگ کی جانب سے عدلیہ پر دباو ڈالنے کی کوشش ہے ۔انہوں نے منی ٹریل فراہم نہیں کیا اس میں جج پر کیا دباو تھا ۔حدیبیہ کیس کو بند کیا گیا ایک کیس میں سزا اور ایک میں بریت دباو نہیں ہے ۔افواج پاکستان اور اداروں کے خلاف باتیں کرتے رہے ۔رانا ثناءاللہ سے بہت کچھ نکلے گا ان پر چنیوٹ میں پہلی ایف آئی آر ن لیگ نے کروائی ۔پیپلز پارٹی کے حوصلہ کو داد دینی پڑے گی پیپلز پارٹی کے خلاف رانا ثناءاللہ 12سال بیانات دیتے رہے ۔احتساب سب کا ہو رہا ہے حدیبیہ کھل جائے تو منی لانڈرنگ سامنے آجائے گی ۔دونوں جماعتوں کے خلاف جو کیسز بنائے گئے وہ انکے اپنے دور میں بنے تھے ۔سزا یافتہ شخص جلسے کرتا پھرے یہ کہا کا اصول ہے ۔ن لیگ میں تخت کی جنگ ہے نوازشریف مریم نواز اور شہباز شریف حمزہ شہباز کو آگے لانا چاہتے ہیں ۔ہم سب باتیں مانتے ہیں لیکن پہلے اپنی کرپشن کا حساب تو دیں ۔ن لیگ نے بھی انڈین بیانیہ پکڑا ہے انکی لائن بھی الطاف حسین جیسی ہے ۔عدلیہ کو اسکا نوٹس لینا چاہیے کہ انکا سزا یافتہ انکے خلاف بول رہا ہے ۔پیمرا کا کوڈ آف کنڈکٹ موجود ہے پیمرا خودمختار ادارہ ہے ۔میں سینسر شپ کے حق میں نہیں ہوں پیمرا خود فیصلہ کرے۔ن لیگ کے بہت سارے ارکان ان سے نالاں ہیں وہ شریف خاندان کی مزید غلامی کرنے سے قاصر ہیں ۔ن لیگ صرف رسید نہیں دینا چاہ رہے ۔آڈیو ویڈیو ٹیب کا فیصلہ کرلیا ہے کہ اسکا فرانزک آڈٹ کروائیں گے ۔جن لوگوں نے ویڈیو بنائی اور ڈبنگ کروائی اسکی چھان بین ہوگی ۔فارورڈ بلاک نہیں یہ ن لیگ کا ناراض گروپ ہے ۔چچا کو دور کرکے رات منڈی بہاوالدین میں انگلیاں ہلائی گئیں.۔ناصر بٹ کا کریکٹر مشکوک ہے عدلیہ کے لوگوں کو کسی کرمنل سے ملنا نہیں چاہیے ۔حدیبیہ کیس کو میرے خیال سے کھلنا چاہیے۔

سلیکٹڈ کا لفظ استعمال کرنے والے خود ریجکٹڈ ہیں، فیاض الحسن چوہان

لاہور(ویب ڈیسک) وزیر کالونیز پنجاب فیاض الحسن چوہان کی پریس کانفرنس ۔ جج صاحب کے جواب کے بعد مریم نواز کا الزام کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔ قوم کو مریم نواز کا وہ انٹرویو یاد جس میں کہا تھا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، وزیر کالونیز پنجاب۔ پانامہ کیس میں ایک جائیداد کی رجسٹری فروری میں بنی اور اسٹامپ مارچ میں جاری ہوئے۔ مریم نواز نے جھوٹ میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ہوئی ہے۔ کلیبری فونٹ پر مریم نواز نے بل گیٹس کو بھی پریشان کر دیا۔ مریم نواز نے کہا نواز شریف کو تین بار ہارٹ اٹیک ہوا اور آدھی شریانیں بند ہیں۔ نواز شریف نے گیارہ دن تک گوشت کھایا۔ نواز شریف اگر شوگر کے مریض ہیں تو روز چاول کیوں کھاتے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے ملک کو لوٹا ہے۔ سلیکٹڈ کا لفظ استعمال کرنے والے خود ریجکٹڈ ہیں۔ مریم نواز منتخب حکومت اور ریاستی اداروں کو برا بھلا کہنا بند کریں۔ الیکشن کمیشن سے گزارش کروں گا کہ سزا یافتہ شخص کیسے عدالتوں کو برا بھلا کیسے کہہ سکتا ہے۔ جہانگیر ترین سزا یافتہ نہیں ہیں، سزا یافتہ مریم نواز ہیں۔

پسماندہ اورمحروم طبقات کا سماجی اور معاشی تحفظ یقینی بنائیںگے :وزیراعلیٰ پنجاب سردار

لاہور:پسماندہ اورمحروم طبقات کا سماجی اور معاشی تحفظ یقینی بنائیں گے۔معاشرے کے نظر انداز کردہ طبقات کے تحفظ کیلئے”پنجاب احساس“پروگرام کے آغاز کا فیصلہ کیا۔”پنجاب احساس“پروگرام کیلئے بجٹ میں 17ارب روپے سے زائدرکھے گئے ہیں۔”باہمت بزرگ“پروگرام کیلئے بجٹ میں تین ارب روپے کا ابتدائی فنڈ قائم کردیاگیا ہے۔65سال سے زائدالعمرشہریوں کو ماہانہ الاو¿نس دیاجائے گا۔معذور افراد اوران کے خاندان کی مالی مشکلات میں کمی یقینی بنائیں گے۔

ویڈیو سنجیدہ معاملہ ،تحقیقات ہونی چاہیے کون غلط کہہ رہا ہے کون صحیح : ڈاکٹر مہدی، پریم کورٹ نوٹس لے ویڈیو غلط ثابت ہوتی تو بنانے والے کہتے بڑی مصیبت ہو گئی: خالد چودھری، متنازعہ ویڈیو مختلف واقعات جوڑ کر بنائی گئی، مریم نے پہلے کیوں پیش نہ کی: ثمر بشیر کی چینل ۵ کے پروگرام ” نیوز ایٹ 7 “ میں گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تجزیہ کارخالد چوہدری نے کہا ہے کہ جج ارشد ملک سے متعلق مبینہ ویڈیو کی جب تک فرانزک آڈٹ نہیں ہوتا کچھ نہیں کہا جا سکتا سپریم کورٹ کو خود اس سارے معاملے کا نوٹس لینا چاہئے اور دیکھنا چاہئے ویڈیو دررست ہے کہ نہیں۔ چینل فائیو کے پروگرام نیوز ایٹ سیون میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جج ارشد ملک کو اگر دھمکیاں ملی تھیں تو وہ سپریم کورٹ کے سامنے کیوں نہ لائے۔اگر ویڈیو درست ثابت ہوئی تو سسٹم پر بڑا سوالیہ نشان ہے اگر غلط ثابت ہوئی تو اس کے لئے بڑی مصیبت ہو گی جس نے بنائی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنمائ ثمر بشیر بھٹی نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی بس انتشار چاہتے ہیں۔انہیں ملک و عوام سے کوئی غرض نہیں صرف اپنی کرپشن بچانے میں لگے ہیں۔اداروں کو تباہ کرنے میں یہ لوگ لگے ہیں۔ان کی باریوں نے ملک کو دیوالیہ کیا۔حکومت عوام کو قرضے کی لعنت سے نجات دلانا چاہتی ہے۔ متنازعہ ویڈیو مختلف واقعات جوڑ کر بنائی گئی۔ سزا کے خلاف ضمانت کی درخواستیں دیتے رہے مریم نے پہلے ویڈیو کیوں پیش نہ کی۔ تجزیہ کار ڈاکٹر مہدی حسن نے بتایا کہ ویڈیو بہت سنجیدہ معاملہ ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ پتہ چلے کون غلط کہہ رہا ہے کون صحیح اگر ضرورت ہو تو جوڈیشل انکوائری کرائی جا سکتی ہے۔ججز کو بیانات نہیں دینے چاہئیں۔اپوزیشن کو مشکلات کا سامنا ہمیشہ رہتا ہے یہ کوئی نئی بات نہیں۔کامران مرتضی نے کہا کہ اگر ویڈیو درست ہے تو عوام کا اعتماد اٹھ جائے گا اگر غلط ہے تو پیش کرنے والوں کے خلاف مقدمہ ہو سکتا ہے۔