اسلام آباد (ویب ڈیسک) مصر کا خصوصی فوجی وفد پاکستان پہنچ گیا، جنرل طارق کی سربراہی میں وفد بذریعہ ابوظہبی اسلام آباد پہنچا ہے، عسکری و سول قیادت سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق مصر کا خصوصی دفاعی وفد پاکستان پہنچا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مصری فوج کے جنرل طارق کی سربراہی میں خصوصی وفد پاکستان میں سول و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کرے گا۔مصری فوجی وفد نے ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کیا جب پاکستان اور بھارت مقبوضہ کشمیر کے تنازعے کے باعث جنگ کے دھانے پر ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مصر کا خصوصی فوجی وفد پاکستان آمد سے قبل ابوظہبی پہنچا تھا اور پھر وہاں سے اسلام آباد آیا۔ پاکستان میں ایک ہی روز کے 2 ممالک کے خصوصی فوجی وفود کی آماد ہے۔پیر کے روز ہی چین کا فوجی وفد بھی پاکستان پہنچا اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل ڑو نے جی ایچ کیوراولپنڈی کا دورہ کیا۔ چینی جنرل ڑو اور معزز مہمانوں کو جی ایچ کیو میں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔چینی جنرل نے یادگار شہداءپر حاضری دی اور پھول بھی چڑھائے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورتحال اور دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے کشمیر اور اہم معاملات پرچین کی حمایت کو سراہا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی جنرل کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس موقع پرچین کے وائس چیئرمین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل ڑو نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اپنی مثالی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔ چین پاکستان اور اس کی فوج کے ساتھ اپنے آزمودہ تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
