سرگودھا (ویب ڈیسک) جن نکالنے کی کو شش کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والا 8 سالہ بچہ 22 روز زندگی وموت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد لاہور کے اسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق سرگودھا کے گاوں 47 شمالی کی رہائشی غزالہ بی بی اپنے 8 سالہ بیٹے کا جن نکالنے کیلئے پیر وسیم شاہ کے پاس لے گئی۔پیر نے جن نکالتے ہوئے بچے پر تشدد کیا جس سے بچے کا جبڑا اور مثانہ متاثر ہوا ، بچے کو سرگودھا اسپتال منتقل کیا گیا اور پیر کو گرفتار کرلیا گیا تاہم بچے کے ورثاءنے پیر کو معاف کردیا تھا۔بعد ازاں بچے کی حالت بگڑنے پر اسے لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ 22 روز بعد دم توڑ گیا، تشدد کا شکار ہونے والے بچے کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے تھانہ کینٹ پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین میں مصالحت ہوگئی تھی، بچے کی موت کے بعد ابھی تک ورثاء کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہو ئی، اس لیے مزید کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
