لاہور: (ویب ڈیسک) عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع اور ان کے گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے دس اکتوبر کو طلب کرلیا ہے۔ فلم اسٹار اور گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔ہم نیوز کے مطابق سماعت کرنے والی عدالت میں آج میشا شفیع اور ان کی جانب سے پیش کیے جانے والے گواہان پیش نہیں ہوئے۔ کیس کی سماعت کرنے والے ایڈیشنل جج امجد علی شاہ کو جب میشا شفیع اور گواہان کی عدم موجودگی کی بابت بتایا گیا تو انہوں نے احکامات دیے کہ آئندہ سماعت پر ہر حال میں گواہان بیان قلمبند کرانے کے لیے پیش ہوں۔گزشتہ سماعت پر فلم اسٹار اور گلوکارعلی ظفر کے بیان پر میشا شفیع کے وکیل کی جانب سے جرح مکمل کر لی گئی تھی۔ہم نیوز کے مطابق کیس کی سماعت کرنے والی عدالت نے آج میشا شفیع سمیت شہادتیں قلمبند کرانے کے لیے دیگر گواہان کو بھی طلب کر رکھا تھا۔علی ظفر کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ گلوکارہ میشا شفیع نے ہراساں کیے جانے کے بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میشا شفیع نے جھوٹی شہرت کے لیے ان پر جھوٹے الزامات عائد کیے ہیں۔فلم اسٹار اور گلوکارعلی ظفرنے عدالت میں دائر درخواست میں کہا ہے کہ میشا شفیع کی جانب سے عائد کے جانے والے جھوٹے الزامات کے باعث پوری دنیا میں ان کی شہرت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ میشا شفیع کو 100 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کے احکامات دیے جائیں۔دلچسپ امر ہے کہ گلوکارہ میشا شفیع نے بھی اداکار و گلوکار علی ظفر پر جواباً 200 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کررکھا ہے۔