پاک سری لنکا سیریز ، آئی سی سی نے بھی بڑا فیصلہ کر لیا

لاہور(ویب ڈیسک )پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کے میچز میں میچ آفیشلز کی تقرری سے قبل آئی سی سی نے خود سیکیورٹی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کراچی اور لاہور میں کھیلی جانی ہے۔ پہلے مرحلے میں ون ڈے سیریز کا آغاز 27 ستمبرسے کراچی میں ہو گا۔ سیریز کیلئے آئی سی سی نے میچ آفیشلز کا تقرر کرنا ہے لیکن آئی سی سی اپنے آفیشلز کی سیکیورٹی کیلئے خود جائزہ لے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی آفیشلز بھیجنے کا فیصلہ کرے گا۔2015 میں زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستانی و زمبابوین آفیشلز نے میچ سپروائز کیے اور آئی سی سی نے تیسرے ممالک کے ریفریز یا امپائرز نہیں بھیجے تھے۔آئی سی سی نے خصوصی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو میچ آفیشلز کا تقرر کرنے کی اجازت دی تھی، آئی سی سی نے سیکیورٹی وجوہات پر آفیشلز تعینات نہیں کیے تھے۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر امریکی سینیٹر ز نے بھارت میں اپنی سفیر کو خط لکھ کر تشویش کا اظہار کردیا

واشنگٹن (ویب ڈیسک )مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر 6 امریکی سینیٹرز نے بھارت میں امریکی سفیر کینتھ جسٹر اور پاکستان میں امریکی ناظم الامور پال جونز کو خطوط لکھ کر صورتحال پر تشویش کا اظہار کر دیا۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق سینیٹرز نے خط میں امریکی سینیٹرز نے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر میں عائد پابندیاں اٹھانے، صحافیوں کی وادی میں رسائی، غیر قانونی حراست میں قید کشمیریوں کی رہائی، انسانی حقوق کی آزادانہ تحقیقات، پاکستان بھارت کے درمیان تناو¿ کم کرانے اور کشمیریوں کو حق رائے دہی دلوانے کیلئے بھی بھارتی حکومت پردباو ڈالیں۔ خط میں لکھا ہے کہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر میں مواصلاتی رابطے بند کر رکھے ہیں اور بھارتی حکومت کی یہ روش جمہوری اور انسانی حقوق دونوں کے منافی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو، اظہار رائے، اجتماعات اور نقل وحرکت پر بندشیں سب ناقابل قبول پابندیاں ہیں، جموں و کشمیر سے اصل حقائق اور خبریں باہر نہیں آنے دی جارہیں اور بڑی تعداد میں جبری گرفتاریوں، عصمت دری، سیاسی اور مقامی رہنماوں کی گرفتاریوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ خط لکھنے والے سینیٹرز میں الہان عمر، رال ایم گریجلوا، اینڈی لیون، جیمز مک گورن، ٹیڈ لیو، ڈونلڈ بیئر اور ایلن لواینتھل شامل ہیں۔

’جب آپ کو حقائق کا پتا ہی نہیں ہے تومسلح افواج کے بارے میں غلط معلومات بھی نہ پھیلایا کریں‘ ڈی جی آئی ایس پی آر نے زید حامد کو متنبہ کردیا

راولپنڈی (ویب ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے دفاعی تجزیہ کار زید حامد کو تنبیہ کی ہے کہ وہ مسلح افواج کے حوالے غلط معلومات نہ پھیلایا کریں۔زید حامد نے ایک ٹویٹ میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کے معاملے پر عمران خان حکومت نے پاک فضائیہ کے تحفظات کو پس پشت ڈال دیا تھا۔ ’ مجھے پتا ہے کہ پاک فضائیہ عمران خان کی طرف سے ابھی نندن کی رہائی پر ناراض تھی، یہ ایک بہت بڑی شکست تھی، جس وقت پرجوش پاک فضائیہ سہمے ہوئے دشمن کو تباہ کرنے کیلئے دہاڑ رہی تھی تو اسے عمران خان کی خوفزدہ حکومت نے پیچھے کھینچ لیا، یہ تو حوصلے اور وڑن کی کمی کے باعث اپنے سائے سے بھی خوفزدہ ہیں۔زید حامد کی جانب سے جب یہ دعویٰ کیا گیا تو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے انہیں مسلح افواج کے معاملات پر تبصرہ کرتے ہوئے احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا برائے مہربانی غلط معلومات نہ پھیلائیں بالخصوص مسلح افواج کے بارے میں ایسا کرنے سے گریز کریں۔ قومی فیصلے اداروں کے باہمی صلاح مشورے سے لیے جاتے ہیں اس لیے ان معاملات کے بارے میں اتنے واضح دعوے نہ کریں جن کے حقائق کے بارے میں آپ کو کوئی علم نہیں ہے۔

کیا امریکی صدر نے گھٹنے ٹیک دیے؟ طالبان کے روس جاتے ہی ٹرمپ نے بڑا اشارہ دے دیا

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کی بحالی کیلئے بہت سے بہترین راستے موجود ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ طالبان کو اس سے پہلے اتنا شدید نشانہ نہیں بنایا گیا ہوگا جتنا اب بنایا جارہا ہے۔ طالبان کی جانب سے 12 لوگوں کو مارنا ، جن میں ایک عظیم امریکی شہری بھی شامل تھا، اچھا آئیڈیا نہیں تھا۔امریکی صدر نے کہا کہ مذاکرات کی بحالی کیلئے بہت سے بہترین راستے موجود ہیں، طالبان جانتے ہیں کہ انہوں نے بہت بڑی غلطی کی ہے اور انہیں اس بات کا کوئی اندازہ نہیں ہے کہ اس غلطی کو درست کیسے کرنا ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کو ختم کرتے ہوئے انہیں مردہ قرار دے دیا تھا۔ مذاکرات ختم ہونے کے بعد طالبان نے علاقائی روابط میں تیزی لانا شروع کردی ہے اور پہلے مرحلے میں روسی قیادت سے ماسکو میں ملاقات کی ہے۔ ایک سینئر طالبان رہنما کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں چین، ایران اور وسط ایشیائی ریاستوں کی قیادت سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو 42 ویں روز میں داخل، وادی میں ذرائع ابلاغ پر بدستور پابندیاں عائد

سری نگر(ویب ڈیسک) بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 42 روز گزر گئے ہیں، اس دوران وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 42 واں روز ہے، عالمی سطح پر مطالبوں کے با وجود وادی میں مواصلات کا نظام مکمل طور پر معطل رکھا گیا ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کر رکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پر بدستور سخت پابندیاں عائد ہیں۔عالمی میڈیا نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ مظلوم کشمیری گزشتہ بیالیس روز سے بھارتی جبر میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مقبوضہ کشمیر میں سکول اور تجارتی مراکز بھی بند ہیں۔کشمیری میڈیا کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں، سرینگر ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔وادی میں حریت رہنماو?ں سمیت 11 ہزار کشمیری بھی قید اور نظر بند ہیں، سیکڑوں قیدیوں کو جیلوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث بھارت منتقل کیا جا چکا ہے۔

صدر ٹرمپ کی سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر گفتگو، دفاعی تعاون کی پیشکش

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب میں تیل کی دو تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ نے ان حملوں کا الزام ایران پر لگایا ہے۔صدر ٹرمپ نے فون پر گفتگو میں کہا کہ امریکا سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام میں مد دینے کو تیار ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر کی پیش کش کے جواب میں کہا کہ مملکت اس طرح کی دہشت گردانہ جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت اور عزم رکھتی ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پوپمپو نے سعودی عرب میں ہونے والے حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔یاد رہے گزشتہ روز سعودی عرب میں دو آئل ریفائنریز پر ڈرون حملے کیے گئے جس کے سبب سعودی عرب کی آدھی سے زیادہ آئل پروڈکشن کو بند کر دیا گیا۔

سعودی عرب کے تیل کے 15کنوؤں پر ڈرون حملے ،بڑا نقصان ہو گیا

جدہ (ویب ڈیسک )آرامکو آئل فیلڈ پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں سعودی عرب کی خام تیل کی پیداوار نصف رہ گئی ہے جو کہ پوری دنیا کی سپلائی کا پانچ فیصد ہے جس کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کی ہے ، اس صورتحال میں امریکی صدر ٹرمپ نے ولی عہد محمد بن سلمان تعاون کی پیشکش بھی کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق حوثی باغیوں نے ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بیان جاری کیاہے کہ آرامکو آئل فیلڈ زکے 15 تیل کے کنوو?ں پر 10 ڈرونز نے حملہ کیا جو کہ ” اباقق “ اور ” خورس “ کے مقام پر واقع ہیں۔سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حملوں کے نتیجے میں 57 لاکھ بیرل یومیہ خام تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ” اوپیک “ کے اگست میں جاری ہونے والے اعدادو شمار کے مطابق سعودی عرب کی یومیہ خام تیل کی پیداوار 98 لاکھ بیرل ہے۔وزیر توانائی کا کہناتھا کہ کمپنی اس وقت تیل کی کھوئی پیدوار کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے جوکہ آئندہ دو روز میں اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری کریں گے۔سعودی عرب کی یومیہ تیل کی پیداوار میں کمی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بھی خدشہ پیدا ہو گیاہے۔ڈرون حملوں کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے دفاعی تعاون کی پیشکش کر دی ہے۔ محمد بن سلمان نے کہاہے کہ جارحیت اور دہشتگردی کا پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

بھارت میں کشمیری فنکاروں پر بھی زندگی تنگ کردی گئی

ممبئی:(ویب ڈیسک) مودی حکومت نے مقبوضہ وادی میں تو گزشتہ 40 روز سے مکمل لاک ڈاو¿ن کیا ہوا ہے تاہم بھارت میں موجود کشمیری فنکار بھی محفوظ نہیں ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ا?ٓٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد بھارتی شہر ممبئی میں قیام پزیر کشمیری گلوکار عادل گریزی کو کشمیری ہونے کی سزا دی گئی اور ان پر زندگی تنگ کردی گئی۔ 24 سالہ نوجوان عادل گریزی بھارتی شہر ممبئی کے علاقے اندھیری ویسٹ میں اپنے 2 دوستوں کے ساتھ ایک فلیٹ میں رہائش پزیر ہیں، تاہم ا?رٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد انہیں پراپرٹی ایجنٹ کی جانب سے فلیٹ خالی کرنے کے لیے کہا گیا۔عادل گریزی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ اپریل میں کشمیر میں واقع اپنے گھر گئے ہوئے تھے تو ان کے ایجنٹ نے معاہدے میں ان کی جگہ فلیٹ میں ان کے ساتھ رہنے والے ایک دوسرے لڑکے اجے کا نام لکھ دیا اور کہا کہ واپسی پرمجھے وہاں نہ رہنے دیں۔ 3 ستمبر کو جب میں واپس ا?یا تو مجھے کہا گیا کہ مجھے فوراً گھر خالی کرنا ہوگا۔ کشمیر میں صورتحال بہت خراب ہے اور ایجنٹ کے مطابق وہ کسی طرح کا رسک نہیں لے سکتا۔ یہاں تک کہ ان کے دوست اجے کو بھی دھمکی دی گئی کہ اگر وہ مجھے غیر قانونی طور پر گھر میں رکھتا ہے تو اسے بھی گھر چھوڑنا پڑے گا۔دوسرا گھر ڈھونڈنے میں ناکامی پر عادل گریزی نے واپس کشمیر جانے کا فیصلہ کیا لیکن جانے سے پہلے اپنا تلخ تجربہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس کے بعد ان کی سپورٹ میں پیغامات پوسٹ کیے جانے لگے اور ممبئی کے اوشیوارا پولیس اسٹیشن کے انسپیکٹر رگھو ناتھ کدم نے اس مشکل وقت میں عادل کی مدد کی اور معاہدے میں واپس ان کا نام شامل کروایا۔ عادل نے کہا کہ وہ انسپیکٹر کدم کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ان کی مدد کی۔دوسری جانب عادل کے پراپرٹی ایجنٹ نے پولیس کی مداخلت کے بعد اپنی حرکت پر معافی مانگی تاہم وہ عادل کو گھر سے نکالنے کی کوئی جائز وجہ نہیں دے پایا۔عادل نے ممبئی میں کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے بارے میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں کشمیری نوجوانوں کے بارے میں چلائی جانے والی خبروں کی وجہ سے ہمیں یہاں گھر ملنا مشکل ہوجاتاہے، لوگ ہمیں گھر دیتے ہوئے ڈرتے ہیں اور صاف کہہ دیتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کو گھر نہیں دیں گے۔ واضح رہے کہ عادل گریزی اپنے گانے خود لکھتے اور گاتے ہیں یوٹیوب پر ان کے سینکڑوں مداح ہیں۔

مسافر بسوں میں بھی بھارتی فلمیں دکھانے پر پابندی عائد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) موٹروے پولیس نے مسافر بسوں میں بھارتی فلمیں چلانے پر پابندی عائد کردی۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بھارتی فلموں، نفرت انگیز، مذہبی انتشار یا غیراخلاقی مواد پر پابندی لگائی گئی ہے جب کہ یہ اقدام پاک بھارت کشیدہ صورتحال اور عوام کی جانب سے شکایات پراٹھایا گیا۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ پابندی سے متعلق تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو آگاہ کردیا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والے کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باعث وفاقی حکومت ملک بھر کے سینما گھروں میں پہلے ہی بھارتی فلموں کی نمائش پرپابندی عائد کرچکی ہے۔

فلم ’گواہ رہنا‘ پاکستان اور ترکی میں بیک وقت ریلیز ہوگی

کراچی(ویب ڈیسک) تحریک خلافت کے گمنام ہیروز پر بننے والی فلم گواہ رہنا پاکستان اور ترکی میں بیک وقت نمائش کے لیے پیش کی جائے گی،فلم میں اداکارقوی خان اہم کرداراداکریں گے۔کراچی پریس کلب میں فلم گواہ رہنا کے ڈائریکٹرطاہرمحمود اداکارقوی خان سمیت دیگراداکاروں کی جانب مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی گئی، فلم کے ڈائریکٹر کا کہناتھا کہ فلم کی کہانی آج سے ایک صدی قبل سن 1920پر مبنی ہے،جس وقت ترک برطانوی راج کے خلاف جدوجہد کررہے تھے، فلم میں تحریک خلافت کےگمنام ہیروز کے بے مثال کردار کو اجاگر کیا جائےگا،جبکہ فلم پنجاب کی ثقافت کو بھی فلم کا حصہ ہے،پاکستانی فلم گواہ رہنا کی شوٹنگ کا آغاز اکتوبر سے ہو رہا ہے جبکہ فلم اگلے برس مارچ 2020 میں پاکستان اور ترکی میں بیک وقت ریلیز کی جائے گی۔فلم کے ڈائریکٹر کے مطابق کاسٹیوم فلم ہونے کی وجہ سے اس دورکے ملبوسات کے حوالے سے کافی تیاری کی گئی ہے،اداکارقوی خان کا اس موقع پر کہناتھا کہ پچھلے سال انھوں نے نیویارک میں ایک فلم میں کرداراداکیا تھا،اور وہ انتظار کررہے تھے کہ اس جیسا کوئی اورکرداراداکرنے کا انھیں موقع ملے،جب انھوں نے فلم کا اسکرپٹ پڑھا تووہ ان سے بہت متاثر ہوئے،اور نوجوانوں کی یہ کاوش انتہائی سراہنے کے لائق ہے۔