ملالہ یوسف زئی کا اقوام متحدہ اور عالمی رہنماﺅں سے کشمیر میں امن کیلیے اقدامات کا مطالبہ

نیویارک(ویب ڈیسک)نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ میں یو این جنرل اسمبلی سمیت باقی لیڈروں سے کشمیر میں امن کے لیے کام کرنے کا مطالبہ کرتی ہوں۔اپنے ٹوئٹر بیان میں ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران میں نے کشمیر میں رہنے اور کام کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کی، جن میں صحافی، انسانی حقوق کے وکلا اورطالب علم شامل ہیں، میں کشمیرمیں رہنے والی لڑکیوں سے براہ راست ان کے خیالات سننا چاہتی تھی مگر مواصلاتی پابندیوں کے باعث کشمیریوں کے حالات کے بارے میں مواد اکٹھا کرنے میں بہت محنت کرنا پڑی۔


ملالہ یوسف زئی نے لکھا کہ کشمیری دنیا سے کٹے ہوئے ہیں اور اپنی آواز دنیا تک پہنچانے سے قاصر ہیں، تین کشمیری لڑکیوں کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں مکمل خاموشی ہے، ان کے پاس کشمیرکی صورتحال کے بارے میں جاننے کا کوئی ذریعہ نہیں، لڑکیوں کے مطابق ہم صرف کھڑکیوں کے باہر فوجیوں کے بوٹوں کی آواز سن سکتے تھے، یہ بہت ہی خوفناک تھا۔بچیوں کی تعلیم کے لیے سرگرم ملالہ یوسف زئی نے لکھا کہ مجھے بچوں سمیت 4000 افراد کو حراست میں لیے جانے سے متعلق رپورٹس اور طالب علموں کے 40 دنوں سے زائد سے اسکول نہ جانے پر سخت تشویش ہے، میں یو این جنرل اسمبلی سمیت باقی لیڈروں سے کشمیر میں امن کے لیے کام کرنے کا مطالبہ کرتی ہوں، کشمیریوں کی آواز کو سنا جائے اور بچوں کے بحفاظت اسکول واپسی میں مدد کی جائے۔

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان اور ایک خاتون شہید

آزاد جموں و کشمیر (ویب ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور ایک خاتون شہید ہوگئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا۔بھارت کی اس اشتعال انگیزی سے 33 سالہ حولدار ناصر حسین شہید ہوگئے۔شہید ناصر حسین کا تعلق پنجاب کے علاقے نارووال سے تھا جنہوں نے 16 سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔حاجی پیر سیکٹر آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں واقع ہے جسے گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی فورسز کی جانب بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔خیال رہے کہ ناصر حسین گزشتہ 3 روز کے دوران حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دوسرے جوان ہیں۔ان سے قبل سپاہی غلام رسول بھی بھارتی فورسز کا نشانہ بن کر شہید ہوگئے تھے جن کا تعلق پنجاب کے علاقے بہاولنگر سے تھا۔دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر نکیال اور جندروٹ سیکٹر میں بھی فائرن کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک 40 سالہ خاتون شہید ہوگئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق 40 سالہ فاطمہ بی بی بالاکوٹ گاﺅں کی رہائشی تھی جبکہ فائرنگ کے اس واقعے میں 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق زخمی افراد کو ضروری طبی علاج فراہم کرنے کے لیے قریبی طبی مراکز میں منتقل کردیا گیا۔خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔بھارتی فوج ایل او سی پر جدید ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے جبکہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے بھی نشانہ بنایا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ 2 برس میں بھارت نے ایک ہزار 9 سو 70 مرتبہ سے زائد مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کی۔بھارت کی جانب سے 5 اگست کو اپنے آئین کی دفعہ 370 اور 35 اے کا خاتمہ کردیا گیا تھا، جس کے ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم ہوگئی تھی۔اس اعلان سے کچھ گھنٹوں قبل ہی بھارت نے مقبوضہ وادی میں ہزاروں کی تعداد میں اضافی فوج تعینات کرکے وہاں لاک ڈاﺅن اور کرفیو نافذ کردیا تھا جبکہ مواصلاتی نظام بھی مکمل طور پر بند کردیا تھا اور یہ کرفیو تاحال جاری ہے جبکہ ایل او سی پر بھی حالات کشیدہ ہیں۔گزشتہ ماہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی نازک صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر فائرنگ کرکے 4 پاکستانی فوجی جوانوں کو شہید کردیا تھا۔20 اگست کو پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، کئی کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا تھا۔

سعودی عرب کے امن و سلامتی میں ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان نے سعودی تیل فیکٹری پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے امن و سلامتی میں ساتھ کھڑے ہیں۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے سعودی عرب تیل کی فیکٹری پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے امن و سلامتی میں ساتھ کھڑا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے نتیجہ میں انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور کمرشل سرگرمیاں متاثر ہوئی، ایسے واقعات سے علاقائی امن کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، پاکستان امید کرتا ہے کہ ایسے واقعات آئندہ نہیں ہوں گے۔واضح رہے کہ سعودی شہر بقیق میں بڑی آئل فیلڈ اور ارامکو کمپنی کے پلانٹ پر ڈرون حملے ہوئے جس کے نتیجے میں کافی مالی نقصان ہوا۔

ٹرمپ نے اسامہ بن لادن کے بیٹے کی موت کی تصدیق کردی

واشنگٹن (ویب ڈیسک)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک افغان سرحد کے قریب انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں ‘القاعدہ’ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے اور نامزد وارث حمزہ بن لادن کی موت کی تصدیق کردی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس سے حمزہ بن لادن کی ہلاکت سے متعلق متضاد خبریں گردش کررہی تھیں۔خبررساں ادارے ’اےایف پی‘ کے مطابق امریکی میڈیا نے جولائی اواخر اور اگست کے اوائل میں خفیہ ایجنسی کے حکام کا حوالہ دے کر رپورٹ دی تھی کہ 2 برس قبل دوران آپریشن حمزہ بن لادن ہلاک ہوگئے تھے۔تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر سینئر حکام نے عوامی سطح پر اس کی تصدیق یا تردید سے انکار کیا تھا۔اس وقت جب ڈونلڈ ٹرمپ سے صحافیوں نے پوچھا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ ‘میں اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا’۔وائٹ ہاو¿س کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ’پاک افغان سرحد پر امریکی انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں القاعدہ کے اعلیٰ عہدیدار اور اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن مارے گئے‘۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ حمزہ بن لادن کی موت سے القاعدہ ناصرف ایک اہم قائدانہ صلاحیت بلکہ والد کے ’علامتی تعلق‘ سے بھی محروم ہوگئی۔اعلامیے میں آپریشن سے متعلق وقت کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔حمزہ بن لادن کو امریکا نے دو سال قبل عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا۔اسامہ بن لادن کے کمپاو¿نڈ سے ملنے والے خطوط سے یہ واضح ہوا تھا کہ حمزہ ان کا پسندیدہ بیٹا تھا جس نے القاعدہ میں ان کی جگہ لینی تھی۔امریکا نے یکم مارچ کوحمزہ بن لادن سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 10 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ حمزہ بن لادن، القاعدہ کے سربراہ کے طور پر ابھر رہا ہے۔حالیہ برسوں میں حمزہ کی طرف سے کئی آڈیو اور ویڈیو پیغامات جاری کیے گئے ہیں جن میں اس نے القاعدہ کے جنگجوو¿ں سے امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں پر اپنے والد کی موت کا بدلہ لینے کے لیے حملہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔قبل ازیں سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے حمزہ بن لادن کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔مارچ 2018 میں ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے سعودی شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ ملک کے بادشاہ کے خلاف لڑائی کی تیاری کریں۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا تھا کہ کبھی کبھی حمزہ کو ‘جہاد کا ولی عہد’ قرار دیا گیا جبکہ انہوں نے مئی 2011 میں پاکستان میں امریکی فورسز کی جانب سے قتل کیے گئے ان کے والد کا بدلہ لینے کے لیے امریکا اور دیگر ممالک پر حملے کے لیے خصوصی طور پر آڈیو اور ویڈیو پیغامات جاری کیے تھے۔واضح رہے کہ حمزہ بن لادن کو القاعدہ کے سربراہ ایمن الزواہری کی جانب سے 2015 میں ایک ا?ڈیو پیغام کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا۔گزشتہ برس اسامہ بن لادن کے اہل خانہ نے انکشاف کیا تھا کہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن نے نائن الیون حملے کے اصل کردار محمد عطا کی بیٹی سے شادی کرلی۔اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی احمد اور حسن العطاس نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’حمزہ بن لادن نے القاعدہ میں انتہائی اہم عہدے پر اپنی جگہ بنالی ہے تاکہ اپنے والد کی موت کا بدلہ لے سکے، جنہیں 7 برس قبل پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد میں امریکی فوجیوں نے ایک آپریشن کے دوران قتل کردیا تھا‘۔

برطانیہ: خالص سونے کا ٹوائلٹ چوری

لندن(ویب ڈیسک)انگلینڈ میں سابق وزیراعظم ونسٹن چرچل کی جائے پیدائش بلنھایم پیلس میں نصب 18 قیراط خالص سونے سےبنا ٹوائلٹ چوری ہو گیا۔ایک اطالوی آرٹسٹ موریزیو کیٹیلان کا تیار کردہ پوری طرح سے قابل استعمال مذکورہ ٹوائلٹ نمائش کی وجہ سے وہاں لگایا گیا تھا جو کہ جمعرات سے شروع ہونا تھی۔بلنھایم پیلس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اطالوی آرٹسٹ کے مطابق ٹوائلٹ “امریکا” کی مالیت 50 لاکھ امریکی ڈالرز سے زیادہ ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ہفتے کی صبح چار بجکر 57 منٹ پر چوری کی اطلاع ملی جب کہ چور اس سے 7 منٹ پہلے واردات کرکے جا چکا تھا۔پولیس نے اس حوالے سے ایک 66 سالہ شخص کو گرفتار بھی کیا ہے تاہم ابھی تک ٹوائلٹ نہیں مل سکا ہے۔سونے سے بنا مذکورہ ٹوائلٹ 27 اکتوبر پر پیلس میں نمائش کے لیے موجود رہنا تھا۔

پاک بھارت روایتی جنگ ہوئی تو اس کا اختتام ایٹمی جنگ پرہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اس کا اختتام ایٹمی جنگ پرہوگا جس کے نتائج بھیانک ہوں گے۔قطری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کو خبر دار کردیا اور کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی کارروائیوں کے رد عمل کا الزام پاکستان پر لگا سکتا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سنجیدہ مداخلت کریں تو مسئلہ کشمیر کے حل کی گارنٹی دی جاسکتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان جنگ میں پہل نہیں کرے گا، میں جنگ کے خلاف ہوں، پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اختتام ایٹمی جنگ پرہوگا اور ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک انہوں نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے لیکن بھارت پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش کو غلط طریقے سے لے رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے، بھارت مقبوضہ وادی میں حکومتی ظلم و ستم سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگا رہا ہے، پاکستان کو خدشہ ہے کہ بھارت فروری کی طرح پاکستان میں پھر کوئی حرکت کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی کارروائیوں پر ردعمل کا الزام پاکستان پر لگاسکتا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل روسی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں بھی وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کوئی عقلمند شخص ایٹمی جنگ کی بات نہیں کرسکتا، کشمیر کی تباہ کن صورتحال کے جنوب ایشیا سے بہت دور تک اثرات ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیوبا بحران کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ملک آمنے سامنے ہوں، پاک بھارت کشیدگی بڑھی تو ناقابل تصور نتائج نکلیں گے، اس سے بچنے کے لیے عالمی برداری کردار ادا کرے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت شدت پسندوں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے، اقوام متحدہ اسی طرح کے بحرانوں کے حل کے لیے بنائی گئی تھی، صرف بیانات سے کام نہیں چلے گا، یہ عمل کرنے کا وقت ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ بھارت پر شدت پسندوں کا قبضہ ہے، عالمی برادری بھارت پر تجارتی پابندی عائد کرے، کچھ عالمی طاقتیں تجارتی فوائد کو انسانی زندگیوں سے زیادہ اہم سمجھتی ہیں۔افغانستان کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کیلئے طالبان پر جو اثر ڈال سکتا ہے وہ ڈال رہاہے، امید ہے صدر ٹرمپ طالبان سے مذاکرات بحال کریں گے، افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات ہی ہیں فوجی حل نہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اگر کرپٹ لیڈرز کرپشن کرنے کے بجائے یو ٹرن لے لیتے تو آج جیل میں نہ ہوتے، مجھے خوشی ہے کہ میں یو ٹرن کا وزیراعظم ہوں۔عمران خان نے کہا کہ کوئی ایڈیٹ ہی ہوتا ہے جو یوٹرن نہیں لیتا، پاگل دیوار سے سر ٹکراتا رہتا ہے اور دانشمند راستہ بدل لیتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کی 40 فیصد بجلی درآمدی ایندھن سے حاصل ہوتی ہے، گیس، ایل این جی بھی درآمد ہوتی ہے اس وجہ سے ہر چیز مہنگی ہوتی ہے، ہم نے ملک کے کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 70 فیصد کمی کردی ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نے درآمدات کم کی ہیں برآمدات بڑھائی ہیں، وزارت عظمیٰ سنبھالی تو پاکستان پر 90.5 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاو¿نٹ خسارہ تھا، میری حکومت کے 5 سال مکمل ہوجائیں تب ملک کی معیشت پر سوال کیا جائے۔وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کا یہ آخری پیکج ہوگا، وعدہ کرتا ہوں 5 سال بعد حکومت چھوڑیں گے تو سرپلس اکنامی ہوگی، آئی ایم ایف نے ہمیں اخراجات میں کمی اور روینیو بڑھانے کے سوا کچھ نہیں کہا۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کیلئے چین سب سے بہترین دوست رہا ہے، یہ نیا پاکستان ہے کیونکہ میگا کرمنل کیسز میں جس طرح لوگ جیلوں میں ہیں پہلے نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ 13 مہینوں میں وزیراعظم یا کسی وزیر کے خلاف کرپشن کیس نہیں آیا یہ ہے نیا پاکستان، ماضی کی طرح ہماری حکومت میں کوئی بزنس ایمپائر نہیں بنا رہا، پاکستان میں پہلی بار معیشت کو درست کیا جا رہاہے، کسی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کاوقت 5 سال بعد کا ہوتا ہے، آئندہ چار ماہ میں پاکستان اسٹیل کام کرنا شروع کردے گی۔

(ن) لیگ نے چیف جسٹس سے رانا ثنااللہ کیس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) نے چیف جسٹس پاکستان سے رانا ثنااللہ کے کیس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ رانا ثنااللہ کو بھونڈے انداز سے گرفتار کرکے سیاسی انتقام کی بدترین مثال قائم کی گئی ہے، ان کی گرفتاری انصاف کے نظام اور حصول پر طمانچہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ کو گرفتار منشیات میں کیا گیا اور چھان بین اثاثوں کی ہورہی ہے، نالائق حکومت ان کے خلاف کیس جج اور وکیل کے بغیرچلارہی ہے۔لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومتی پراسیکیوٹر نے عدالت میں تسلیم کیا کہ ا±ن کے پاس کوئی ویڈیو موجود نہیں، دو ماہ 13 دن گزر گئے، رانا ثنااللہ سے برآمدگی کی ویڈیو آج تک پیش نہیں کی جاسکی جب کہ ان کی ان جائیدادوں کی چھان بین کی جارہی ہے جو انہیں والد نے ورثہ میں دیں۔واضح رہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے رانا ثنااللہ کو 2 جولائی کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا اور اے این ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ رانا ثنا کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔

‘چیخ’ کے بعد ‘کملی’ کے ساتھ صباقمر کی واپسی

لاہور(ویب ڈیسک)نامور پاکستانی اداکارہ صبا قمر تین برس بعد فلم ‘کملی’ سے بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں۔رواں برس کے مقبول ڈرامہ سیریل ‘چیخ’ میں شاندار اداکاری کے بعد اداکارہ صبا قمر نے اپنی فلم ‘کملی’ کی جھلک اپنے چاہنے والوں کے ساتھ انسٹاگرام پر شیئر کی ہے۔ادکارہ نے فلم کا نام ‘کملی’ لکھ کر اپنی دو تصاویر شیئر کیں۔

فلم ‘کملی’ کی کہانی سرمد کھوسٹ اور فاطمہ ستار نے تحریر کی ہے جب کہ اس کی پروڈکشن بھی سرمد کھوسٹ کی جانب سے ہی کی جا رہی ہے۔فی الحال فلم کی عکس بندی جاری ہے اور اسے آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا۔

صبا قمر نے آخری بار 2016 میں کسی پاکستانی فلم ‘لاہور سے آگے’ میں نظر آئی تھیں۔لیکن اس دوران اداکارہ نے 2017 میں بالی وڈ فلم ‘ہندی میڈیم’ میں اداکار عرفان خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

نیمل خاور نے اپنی خوبصورت جلد کا راز بتادیا

کراچی(ویب ڈیسک) حمزہ علی عباسی کی اہلیہ اداکارہ نیمل خاور نے سو شل میڈیا پر اپنی خوبصورتی کاراز بتاتے ہوئے خواتین کو جلد کی حفاظت کی ہدایت کی ہے۔اداکارہ نیمل خاور کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنی خوبصورتی کا راز بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں جب کہ اسی ویڈیو میں نیمل خاور اپنی جلد کے حوالے سے پریشان خواتین اور لڑکیوں کو جلد کی حفاظت اور چہرے کو حسین بنانے کے گ±ر بھی بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔حالانکہ یہ ویڈیو کچھ پرانی ہے لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔نیمل خاور نے ویڈیو میں بتایا کہ وہ اپنی جلد کو نرم ملائم رکھنے کے لیے بہت زیادہ مقدار میں پانی پیتی ہیں، نیمل نے کہا کہ پانی سے جلد پر بہت فرق پڑتا ہے، دن میں کم سے کم دو لیٹر پانی تو ضرور پینا چاہئیے۔ جلد کو خوبصورت اور حسین بنانے کا دوسرا گر بتاتے ہوئے نیمل خاور نے چائے اورکافی تو ترک کرنے کا مشورہ دیا۔نیمل نے کہا کہ چائے اور کافی میں موجود کیفین چہرے کی جلد کو خشک کرتی ہے جو کہ بہت نقصان دہ ہے لہٰذا چائے کافی کو مکمل ترک کردیں اور اگر یہ نہ کرسکیں تو کم از کم بہت حد تک کم کردیں۔نیمل نے دلکش چہرے خوبصورت جلد کے لیے ٹپ نمبر تین بتاتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمیشہ اپنی جلد کو نم رکھیں۔ خواتین اور لڑکیاں جلد پر لگے میک اپ کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتیں اور میک اپ کو چہرے پر لگا رہنے دیتی ہیں جو کہ بہت نقصان دہ بات ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ میک اپ کو چہرے سے فوراً صاف کریں۔ نیمل نے بادام، کھوپرے اورزیتون کے خالص تیل کو بھی چہرے کی جلد کے لیے بہت مفید قرار دیا۔

وینا ملک بھی خواتین کو درپیش مہلک بیماری میں مبتلا

کراچی(ویب ڈیسک) میزبان و ادکارہ وینا ملک کی گزشتہ روز کامیاب سرجری کی گئی اداکارہ کی سرجری کے بعد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔نامور اداکارہ ومیزبان وینا ملک خواتین کو ہونے والی عام بیماری فائبرو ڈینوما (بریسٹ ٹیومر)میں مبتلا تھیں تاہم گزشتہ روز کامیاب آپریشن کے بعد وینا ملک کا ٹیومر نکال دیاگیا ہے، جس پر انہوں نے اسپتال سے آپریشن کے بعد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کامیاب سرجری پر خدا اوران کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کرنے والے مداحوں کا شکر ادا کیا۔وینا ملک کی سرجری سے قبل قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وینا ملک بریسٹ کینسر میں مبتلا ہوگئی ہیں، تاہم گزشتہ روز کراچی کے ایک نجی اسپتال میں کامیاب آپریشن کے بعد وینا ملک نے اپنی بیماری سے متعلق غلط فہمی کو دور کرتے ہوئے کہا کہ وہ بریسٹ کینسر میں نہیں بلکہ فائبرو ڈینوما میں مبتلا تھیں۔ فائبرو ڈینوما بریسٹ ٹیومر(رسولی)کی سب سے عام قسم ہے، یہ بیماری خواتین میں عام ہے اور تقریباً ہر عمر کی خاتون کو ہوسکتی ہے۔وینا ملک نے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کامیاب سرجری کے بعد ان کا ٹیومر نکال دیاگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ڈاکٹراور اپنے لیے دعائیں اورنیک تمناو¿ں کا اظہار کرنے والے افراد کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ میں اپنے چاہنے والوں کی محبتوں کی مقروض ہوں۔وینا ملک نے خواتین کواپنی دیکھ بھال خود کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو چاہے بریسٹ کینسرہو یا کوئی اور بیماری، تاہم انہیں ہر حال میں اپنا خیال خود رکھنا چاہئیے اور اپنی صحت کی طرف توجہ دینی چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی وینا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ممنوعہ موضوع نہیں ہے جس پر بات نہ کی جائے۔ وینا ملک نے خدا سے دعاکرتے ہوئے کہا کہ خدا ہمیں صحت دے اور ہمارے ایمان کو قائم رکھے۔