سیکیورٹی خدشات: حمزہ شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف کو کیمپ جیل سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز شریف کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا ہے۔جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق حمزہ شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دی جائے گی۔خیال رہے کہ 4 ستمبر کو نیب نے عدالت سے حمزہ شہباز کے خلاف ذرائع سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں مزید پانچ دنوں کا جسمانی ریمانڈ مانگا تھا لیکن احتساب عدالت نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے انھیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف تفتیش کیلئے 84 دن نیب کی تحویل میں رہے۔

قوم کا اپنی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ، شہر شہر ریلیاں

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں یوم دفاعِ پاکستان یکجہتی کشمیر کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلیاں نکالی گئیں اور سمینار کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اس بار یوم دفاع کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرہ مستانہ کے ساتھ منایا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مظفر آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کیا جبکہ شہدائکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوئی۔یومِ دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد گئے جہاں انہوں نے کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کیا۔ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوئیں جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی عوام کو یوم دفاع پر شہدا کے خاندانوں کے پاس جانے اور شکریہ ادا کرنے کی بھی ہدایات دی۔کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کے کیڈیٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ 55 کیڈیٹس پر مشتمل دستے میں 5 خواتین کیڈیٹس بھی شامل ہیں۔گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ائیر آفیسر کمانڈنگ اصغر خان اکیڈمی ائیر وائس مارشل حامد رشید تھے۔ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں دفاتر دن تین بجے کے بعد بند کر دیے گئے تھے۔ملازمین نے یوم دفاع پاکستان منانے کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر بھی منایا اور شہدا کے اہل خانہ کے گھر گئے اور شہدا کی یادگار پر حاضری دی۔ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلیاں نکالی گئیںں اور سمینار کا انعقاد کیا گیا۔

بھارت کا چاند پر اترنے کا مشن پھر فیل، ’چاند کے بجائے کھلونا ممبئی میں اتر گیا‘

بھارت (ویب ڈیسک)بھارت کی چاند پر اترنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہوگئی اور خلائی مشن کا رابطہ چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ پہلے منقطع ہوگیا جس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی مایوس ہوکر خلائی مرکز سے چلے گئے۔بھارت کے خلائی مشن چندریان ٹو سے موصول ہونے والے سگنل چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ منقطع ہوگئے۔بھارتی اسپیس ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وکرم لینڈر معمول کے مطابق مشن پر رواں دواں تھا لیکن چاند کی سطح سے 2.1 کلومیٹر کے فاصلے پر رابطہ منقطع ہوگیا ، اس سلسلے میں ڈیٹا کا جائزہ لیا جارہا ہے۔چاند پر لینڈنگ کا منظر دیکھنے کے لیے بھارتی وزیراعظم مودی بھی اسپیس ایجنسی کے ہیڈ کوارٹرمیں تھے ، جب انہیں بتایا گیا کہ سگنل منقطع ہوگیا ہے تو مودی مایوس ہوکر وہاں سے چلے گئے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بھارت کا چاند مشن بظاہر ناکام ہوگیا ہے، وہ چاند کے قطب جنوبی پر لینڈنگ کرنے والا پہلا ملک بننا چاہتا تھا۔ اس سے قبل 2008 میں بھی بھارت کا چاند مشن ناکام ہوگیا تھا جب کہ امریکا، روس اور چین چاند کی سطح پر کامیاب لینڈنگ کرچکے ہیں۔

 

فواد چوہدری کا بھارت پر بھرپور طنز
بھارت کے چاند مشن کی ناکامی پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے طنز کے تیر برسا دیے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ مودی سیٹلائٹ کمیونی کیشن پر ایسے بھاشن دے رہے تھے جیسے وہ سیاست دان نہیں خلا نورد ہوں، غریب عوام کے 900 کروڑ روپے ضائع کرنے پر لوک سبھا کو مودی سے جواب طلب کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹرول انہیں دھمکا رہے ہیں جیسے بھارتی چاند مشن کو انہوں نے ناکام بنایا ہے، کیا ہم نےکہا تھا کہ ان نالائقوں پر 900 کروڑ لگاو¿ ؟ اب صبر کرو اور سونے کی کوشش کرو۔فوادچوہدری نے کہا کہ جو کام آتا نہیں، پنگا نہیں لیتے، چاند کے بجائے کھلونا ممبئی میں اتر گیا۔خلائی مرکز سے مودی کے مایوس ہو کر چلے جانے پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ یہ لمحہ نہیں دیکھ سکے جس پر انھیں افسوس ہے۔

پاکستان کے اسجد اقبال نےپہلی سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

ڈھاکا:(ویب ڈیسک) پاکستان کے اسجد اقبال نےپہلی سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔موصولہ طلاعات کے مطابق بنگلا دیشں کے شہر ڈہاکا میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں اسجد اقبال نے اپنے ہموطن محمد بلال کو6-7 سے شکست دی، ٹرافی کا فیصلہ آخری فریم میں ہوا۔ایک موقعہ پر اسجد کو،3-6 کی سبقت حاصل تھی، اس طرح پاکستان چیمپین شپ میں گولڈ اور سلور میڈل جیتنے میں کامیاب رہا،دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے سیمی فائنل میں بھارتیوں کو شکست دی تھی، اسجد اقبال نے لکشمن راوت کو 4-6 سے ہرایا تھا جبکہ محمد بلال نے سندیپ گلاٹی کو 0-6 سے قابو کیا تھا۔

نئے ٹیکس فارم میں اقامہ اور بیرون ملک کمپنی کی تفصیلات لازمی قرار

اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے متنبہ کیا ہے کہ نئے ٹیکس ریٹرن فارم میں بیرون ملک اقامہ سے متعلق تفصیل فراہم نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے یواے ای اتھارٹی کی طر ف سے جاری کردہ اقامہ کے غلط استعمال کا معاملہ یواے ای سے اٹھا دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے بتایا ہے کہ پاکستان عرب امارات کے ٹیکس ریذیڈینشل اسٹیٹس رکھنے والے پاکستانیوں کے بارے میں یو اے ای رجسٹری کے ساتھ یہ معاملہ اٹھارہا ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے متبنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس 2019ءکے ریٹرن میں کنٹرول فارن کمپنی کی تفصیلات دینی ہوں گی، ٹیکس ریٹرن میں بیرون ملک اقامہ سے متعلق تفصیل فراہم نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

بھارت: کشمیری سیاسی کارکن شہلا راشد کے خلاف بغاوت کا مقدمہ

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بیانات دینے اور وہاں کی صورت حال سے سوشل میڈیا میں آگاہ کرنے پر مشہور سیاسی کارکن شہلا راشد کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کردیا۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے شہلا راشد کے خلاف مقدمہ درج کردیا ہے۔کشمیری سیاسی کارکن شہلا راشد کے خلاف بغاوت، کشیدگی کے لیے اکسانے، نقص امن کے حوالے سے بھارت کے آئین کی دفعات 124 اے، 153، 154اور 505 کے تحت مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔شہلا راشد نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہریوں کو بلاامتیاز گرفتار کرنے، لاک ڈاو¿ن، مواصلات کے ذرائع معطل کرنے سمیت دیگر مسائل پر ٹویٹر میں آواز بلند کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ نریندرا مودی کی قیادت میں بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کی چھتری تلے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں جس کے بعد ان کے خلاف مہم شروع کی گئی تھی۔شہلا راشد نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے ثبوت دینے کو تیار ہیں۔رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے شہلا راشد کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد قرار دیا تھا جس کے بعد ان پر مقبوضہ کشمیر کے امن کو برباد کرنے کے لیے جعلی خبریں پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔بھارتی سپریم کورٹ کے وکیل الیکھ الوک سری واستوا نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کرنے پر شہلا راشد کے خلاف کریمنل رپورٹ بھی درج کرادی تھی۔انہوں نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ شہلا راشد کو بھارتی فوج اور حکومت کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانے پر گرفتار کیا جائے۔
شہلا راشد کا ردعمل۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شہلا راشد نے کہا کہ مجھے میڈیا کے ذریعے دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کی خبر ملی ہے جو مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر آواز اٹھانے پر درج کیا گیا ہے۔شہلا راشد نے کہا کہ ‘ایف آئی آر گمراہ کن، سیاسی بنیادوں پر اور مجھے خاموش کرانے کے لیے بھونڈی کوشش ہے’۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف آئینی پٹیشن میں مدعی ہوں اور ہماری پٹیشن سپریم کورٹ میں ہے جو اس آرٹیکل کی بحالی کے لیے مضبوط کیس ہے’۔کشمیری سیاسی کارکن کا کہنا تھا کہ ‘میں نے اپنی ٹویٹس میں واضح کیا ہے کہ یہ معلومات ریاست میں موجود لوگوں سے موصول ہوئی ہیں جہاں ایسی صورت حال ہے کہ رپورٹرز کو میڈیا، سوشل میڈیا کو رپورٹ کرنے کی اجازت نہیں، ٹیلی فون اور مواصلاتی ذرائع معطل ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ایسی صورت حال میں ضروری تھا کہ بھارت کے دیگر حصوں کو آگاہ کیا جائے کہ وہاں کیا ہورہا ہے اور میں بحیثیت سیاسی کارکن اپنا کام کررہی تھی’۔شہلاراشد نے کہا کہ ‘میں ہر ایک سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ ان کے حقوق کی بحالی کے لیے یک جہتی کے طور پر کھڑے ہوں’۔یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور ساتھ مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام کشمیری قیادت کو گرفتار کرلیا تھا۔بھارتی حکومت کے اس اقدام کے خلاف بھارت کے اندر بھی شدید مخالفت کی گئی تھی جبکہ اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا میں تشویش کا اظہار کیا گیاتھا اور اسی حوالے سے پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر رسمی اجلاس بھی ہوا تھا۔

کے۔الیکٹرک، کراچی میں بارشوں کے دوران 19 ہلاکتوں کی ذمہ دار قرار

کراچی (ویب ڈیسک)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران جاں بحق 35 افراد میں سے 19 کی وجہ موت بجلی کے کرنٹ کو قرار دیتے ہوئے اس کی ذمہ داری کے-الیکٹرک پر عائد کردی۔نیپرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیپراایکٹ 1997 کی دفعہ 27 اے کے تحت تشکیل دی گئی تفتیشی کمیٹی نے بجلی کے کرنٹ اور بجلی کی معطلی کے باعث ہونے والے انسانی جانی نقصان سے متعلق اپنی رپورٹ اتھارٹی کو جمع کرادی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی کمیٹی نے کراچی میں 29 جولائی سے 31 جولائی اور 10 اگست سے 12 اگست 2019 کے دوران ہوئی موسلادھار بارش میں ہلاکتوں پر اپنی رپورٹ دی ہے۔تفتیشی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ‘کے-الیکٹرک 35 میں سے 19 افراد کے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے اور طویل دورانیے تک بجلی کی روانی معطل کرنے کی ذمہ دار ہے’۔اتھارٹی کے بیان کے مطابق ‘نیپرا نے نیپرا ایکٹ 1997 کی متعلقہ دفعات کے تحت کے-الیکٹرک کے خلاف ابتدائی قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا ہے’۔ان کا کہنا ہے کہ ‘اس حوالے سے کے-الیکٹرک کو بیان کیے گئے الزامات پر شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے’۔سندھ اسمبلی میں 27 اگست کو متفقہ طور پر ایک قرار داد بھی منظور کرلی گئی تھی جس میں کے-الیکٹرک سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ شہر میں حالیہ بارشوں کے دوران کرنٹ سے جاں بحق 20 افراد کو فی کس 50 لاکھ روپے ادا کرے۔یاد رہے کہ کراچی میں جولائی اور اگست میں مون سون کی بارشوں سے درجنوں افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ کراچی میں سڑکوں، بجلی اور سیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور گندگی سے پیدا صورت حال پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔بعد ازاں نیپرا نے 17 اگست کو اعلان کیا تھا کہ کراچی میں بارشوں کے دورن کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں اور بجلی کی معطلی کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی جس کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔کے-الیکٹرک نے نیپرا کے فیصلے کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ ‘کے-الیکٹرک قانون کی پاسداری کرنے والا ذمہ دار ادارہ ہے اور نیپرا کے ابتدائی نوٹس کا جائزہ لے کر جواب جمع کر دیا جائے گا’۔کراچی کو بجلی فراہم کرنے کے ذمہ دار ادارے کا کہنا تھا کہ ‘کے-الیکٹرک ارتھنگ کے ساتھ نیٹ ورک پر حفاظتی بریکرز اور دیگر اقدامات بھی کرتی ہے اور بارش اور سیلابی صورت حال پر پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اداروں سے ایمرجنسی نافذ کرنے کی اپیل کی تھی’۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ ‘بارش، سیلابی صورت حال اور کھڑے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے بجلی کی تنصیبات متاثر ہوئیں جبکہ حفاظتی اقدامات تجاوزات، ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبل، کنڈوں اور ارتھنگ وائرز کی چوری کے باعث غیر موثر بھی ہوجاتے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘حادثات کی بڑی وجہ غیر محفوظ اسٹریٹ لائٹ سوئچز اور جنریٹر کا غیر محفوظ استعمال بھی ہے’۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘کے-الیکٹرک کی جانب سے ہر کارروائی میں بھرپور تعاون اور ضروری اقدامات کیے جائیں گے’۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر انتقال کر گئے: کامران اکمل

لاہور(ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر 63 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے بتایا ہے کہ کرکٹر عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔عبد القادر 15 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور 67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 236 اور 132 وکٹیں حاصل کیں۔

ملنگا کی تباہ کن بولنگ، ٹی 20 میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے

پالے کیلے(ویب ڈیسک)سری لنکن فاسٹ بولر لستھ ملنگا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ میں اپنے کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کے ساتھ ساتھ ہارا ہوا میچ اپنی ٹیم کو جتوا دیا۔ملنگا نے پالے کیلے اسٹیڈیم میں نیوز لینڈ کے خلاف 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور ٹی 20 کرکٹ میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔سری لنکن بولر نے چند روز قبل پاکستان کے جارح مزاج سابق کرکٹر شاہد آفریدی کا 98 وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑا تھا تاہم آج ہونے والے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کولن منرو ان کا 100 واں شکار بنے۔اس میچ میں لستھ ملنگا نے ہیٹ ٹرک بھی کی اور 4 گیندوں پر 4 کیوی کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ اس سے قبل ملنگا نے 2007 میں ایک روزہ میچ میں بھی 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ملنگا نے اپنے دوسرے اوور کی تیسری گیند پر کولن منرو، چوتھی پر رتھرفورڈ، پانچویں پر گرینڈ ہوم اور آخری گیند پر روس ٹیلر کو آﺅٹ کیا۔

سام سنگ کی کپڑے واش کرنےوالی ‘جادوئی الماری’

جنوبی کوریا (ویب ڈیسک)اگر تو آپ کو کپڑے دھونے میں تکلیف ہوتی ہے تو اب یہ کوئی مسئلہ نہیں درحقیقت آپ کی ‘الماری’ ہی اب یہ کام کرے گی۔جی ہاں جنوبی کورین کمپنی سام سنگ کو ویسے تو اسمار ٹ فونز، ٹیلی ویڑن یا فریج وغیرہ کے لیے زیادہ جانا جاتا ہے مگر اس کی نئی ڈیوائس کسی جادو سے کم نہیں۔آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے دوران سام سنگ نے ایک الماری ائیر ڈریسر متعارف کرائی ہے جو کپڑوں کو سرف یا دیگر کیمیکلز کے بغیر ہی صاف کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خراب استری کو بھی درست کرسکتی ہے۔یہ بنیادی طور پر ایل جی اسٹائلر سے ملتی جلتی الماری ہے جو گھر میں کپڑوں کی ڈرائی کلیننگ میں مدد دیتی ہے۔بس اپنے کپڑوں کو اس الماری کے اندر لٹکائیں اور پھر اسٹیمنگ یا ہیٹنگ سسٹم سے ان کو صاف کرلیں۔ایل جی کی ایسی الماری کی قیمت 2 ہزار ڈالرز ہے مگر سام سنگ نے فی الحال ائیر ڈریسر کی قیمت کا اعلان نہیں کیا۔مگر ڈیزائن کے لحاظ سے یہ ایل جی اسٹائلر سے ملتی جلتی ہے تو امکان ہے کہ قیمت بھی اس کے قریب ہی ہوگی۔ائیر ڈریسر میں ایک جیٹ ائیر سسٹم اور ائیر ہینگرز سپورٹ موجود ہے جو کپڑوں میں جمع ہونے والی گرد کو تیز ہوا کے ذریعے نکال دیتے ہیں، جبکہ جیٹ اسٹیم سسٹم کپڑوں کی صفائی کا کام کرکے ڈرائی کلین کردیتا ہے۔اس الماری میں ایک ایسا فلٹر بھی ہے جو کپڑوں میں موجود بو کو ختم کرکے انہیں خوشبودار بناتا ہے۔اسے سب سے پہلے یورپ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا مگر ایسا کب ہوگا، فی الحال کچھ کہنا مشکل ہے۔