گیس ڈیولپمنٹ انفرااسٹرکچر کیس: حکومت نے جلد سماعت کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں گیس ڈیولپمنٹ انفرااسٹرکچر سیس (جی آئی ڈی سی) کیس کی زیر التوا درخواستوں پر فوری سماعتوں کے لیے درخواست دائر کردی۔سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل کی جانب سے گیس انفرااسٹرکچر سے متعلق مقدمات کی فوری سماعت کے لیے دائر درخواست دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ گیس انفراسٹرکچرسے متعلق مقدمات 2017 سے زیر التوا ہیں، ان مقدمات کی وجہ سے حکومت کی بہت بڑی آمدنی رکی ہوئی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ جے آئی ڈی سی سے متعلق مقدمات کو سماعت کے لیے جلد مقرر کرے۔خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جی آئی ڈی سی (ترمیمی) آرڈیننس 2019 ختم کرتے ہوئے اٹارنی جنرل انور منصور کو سپریم کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ معاملے پر قانون اور آئین کے تحت جلد از جلد فیصلہ ہوسکے۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ اس معاملے پر (6 ستمبر کو) درخواست عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی جائے گی۔جی آئی ڈی سی کے معاملے پر سپریم کورٹ میں کئی درخواستیں دائر ہیں، جن میں سے ایک درخواست پشاور ہائی کورٹ کے 31 مئی 2017 کے احکامات کے خلاف خیبر پختونخوا کے 499 سی این جی اسٹیشنز کی جانب سے مشترکہ طور پر سینیئر وکیل مخدوم علی خان نے دائر کی تھی۔درخواست میں سی این جی اسٹیشنز کو ملنے والی گیس پر جی آئی ڈی سی لاگو کرنے اور اسے اکٹھا کرنے کو روکنے کے احکامات کا مطالبہ کیا گیا۔واضح رہے کہ جی آئی ڈی سی کا معاملہ اس وقت متنازع ہوا جب حکومت نے گزشتہ ہفتے متنازع آرڈیننس جاری کیا تھا، جس کے تحت فرٹلائزر، جنرل انڈسٹری، آئی پی پیز، پاور جنریشن، کے الیکٹرک اور سی این جی سیکٹر وغیرہ جیسے بڑے کاروباروں کو 210 ارب روپے کی مالیاتی ایمنسٹی فراہم کی جانی تھی۔وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جنوری 2012 سے دسمبر 2019 کے درمیان جی آئی ڈی سی پر قانونی جنگ کی وجہ سے پھنسی رقم 417 ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے 27 اگست کو صدارتی آرڈیننس جاری کیا تھا جس کے تحت صنعتوں سے 420 ارب روپے کے جی آئی ڈی سی تنازع کے حوالے سے تصفیے کی پیشکش کی گئی تھی۔آرڈیننس میں بتایا گیا تھا کہ صنعت، فرٹلائزر اور سی این جی کے شعبے 50 فیصد بقایاجات کو 90 روز میں جمع کرواکر مستقبل کے بلوں میں 50 فیصد تک رعایت حاصل کرسکتے ہیں جبکہ انہیں اس حوالے سے عدالتوں میں موجود کیسز بھی ختم کرنے ہوں گے۔

ماڈل و اداکارہ صوفیا مرزا پر بھی منی لانڈرنگ کا الزام

لاہور(ویب ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف آئی اے‘ نے معروف اداکارہ و ماڈل صوفیا مرزا کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش شروع کردی۔گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ صوفیا مرزا کے خلاف ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی، تاہم اداکارہ نے ان خبروں کو مسترد کردیا تھا۔سوشل میڈیا پر خبریں سامنے آنے کے بعد اداکارہ نے ٹوئٹر پر اپنی دو ویڈیوز میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف کسی طرح کی کوئی بھی تفتیش نہیں کی جا رہی بلکہ ان کے خلاف جھوٹی اور پروپیگنڈا کے تحت خبریں چلائی جا رہی ہیں۔صوفیا مرزا نے ویڈیوز میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف ان کے سابق شوہر عمر فاروق ظہور کے کہنے پر جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جو ان کی دو بیٹیوں کے اغوا میں ملوث ہے۔اداکارہ و ماڈل کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کے سابق شوہر ہی پروپیگنڈا کے تحت جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں اور انہوں نے ایسی خبریں پھیلانے والے سوشل میڈیا پیجز اور صارفین کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر ونگ میں شکایت درج کروادی ہے۔اداکارہ نے ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ان کا سابق شوہر نہ صرف ان کی بیٹیوں کو اغوا کرنے میں ملوث ہے بلکہ وہ پاکستان سمیت یورپی ملک ناروے میں بھی پولیس اور تفتیشی اداروں کو مطلوب ہے۔اداکارہ نے لوگوں سے درخواست کی کہ ان کے خلاف جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں، تاہم اب ایف آئی اے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اداکارہ کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی۔ایف آئی اے نے ذرائع کو بتایا کہ صوفیا مرزا کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے کیس منتقل کیے جانے کے بعد تفتیش شروع کی گئی۔ایف آئی نے کیس کی مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا، تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ صوفیا مرزا کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش شروع کردی گئی۔خیال رہے کہ صوفیا مرزا سے قبل ماڈل ایان علی پر بھی منی لانڈرنگ کا مقدمہ چلایا گیا تھا اور اس مقدمے نے ملکی سیاست میں ہلچل بھی مچادی تھی۔ایان علی کو منی لانڈرنگ کیس میں کئی ماہ تک جیل میں بھی قید رہنا پڑا تھا اور اب بھی ان کے خلاف یہ کیس جاری ہے اور وہ ضمانت پر رہا ہیں۔

چیئرمین نیب کی زیر صدا رت اجلا س، شرجیل میمن کیخلاف ریفرنس کی منظوری دیدی

اسلا م آ با د (ویب ڈیسک)چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے رہنما پیپلز پارٹی شرجیل میمن کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف لوگوں کے خلاف مقدمات کی منظوری کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبلا نے رہنما پیپلز پارٹی شرجیل میمن کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ نیب شرجیل میمن کے خلاف احتساب عدالت کراچی میں ریفرنس دائر کرےگی۔

یوم دفاع پر ہمیں مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی یاد رکھنا ہے ،بلاول کا شہداءکو خراج عقیدت

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں مسلح افواج کے شہیدوں کو خراج عقیدت اور انکے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمارے تمام شہیدوں بشمول سپاہیوں وسویلین کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیری عوام کا تحفظ کرنا ہماری قومی ذمے داری ہے، آج یوم دفاع کے موقع پر ہمیں مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی یاد رکھنا ہے جو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے ملک کو بیلسٹک میزائیل پروگرام کا تحفہ دیا، شہید بھٹو کو ملک کے جوہری پروگرام کی مضبوط بنیاد رکھنے پرسلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن جغرافیہ، نظریئے،جمہوریت اورانسانی حقوق کا دفاع کرنے کےعزم نوکا بھی دن ہے، جغرافیے کا تحفظ اور نظریئے کی حفاظت کا آپس میں چولی دامن کا تعلق ہے، ناقابلِ تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کیلئے تمام قومی ادارے دائرے کار میں رہتے ہوئے کام کریں

شہدا قوم کا سرمایہ، قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے: شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف یوم دفاع کے موقع پر لانس نائیک تیمور اسلم شہید کے گھر آئے اور بے مثال جرات و بہادری پر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ شہدا قوم کا عظیم سرمایہ ہیں، ان کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع تحفظ اور سلامتی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دینے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں، مسلح افواج اور قوم وطن عزیز کی آزادی و خودمختاری اور سلامتی کے لئے متحد اور یک جان ہیں۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ شہدا کے اہل خانہ کی پوری قوم قرض دار ہے، ان کے عظیم حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی شہدائ کے درجات کو بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔انہوں نے کہا کہ لانس نائیک تیمور اسلم 15 اگست کو ایل او سی پر شہید ہو گئے تھے، تیمور شہید قوم کا سرمایہ ہیں، شہادت کو یاد رکھا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو عبرت ناک شکست دی، انہوں نے جرات و بہادری پر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

خیبرپختونخوا کی تمام مقامی حکومتیں تحلیل کرنے کا اعلامیہ جاری

پشا ور (ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا کی تمام مقامی حکومتیں تحلیل کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔محکمہ بلدیات کے اعلامیہ کے مطابق 29 اگست سے تمام ضلع، تحصیل، ٹاو¿ن اور ہمسایہ کونسل تحلیل ہوچکے۔ضلع ناظمین سمیت تمام بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات ختم کردیے گئے ہیں جبکہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز، ٹی ایم اوز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مقامی حکومت کو اختیارات تفویض کردیے گئے ہیں۔ذرائع محکمہ بلدیات کے مطابق بعض اضلاع میں ناظمین کی جانب سے بدستور مداخلت کی شکایات مل رہی ہیں۔کچھ روز قبل خیبرپختون خوا میں بلدیاتی نمائندوں کی طرف سے چار سال میں کی گئی مبینہ بدعنوانی کی کہانی سامنے آئی تھی۔دستاویز کے مطابق مختلف اضلاع میں بلدیاتی نمائندوں نے قومی خزانے کو ایک کروڑ 23 لاکھ کا ٹیکہ لگایا۔ویلیج کونسل ہری پور کے مختلف ناظمین نے 60 لاکھ 91 ہزار روپے خرد بردکئے جبکہ کرک ویلیج کونسل کے ناظم نے 19 لاکھ روپے کی کرپشن کی۔

مقبو ضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کشمیر کو بولنے دو مہم شروع کردی

سری نگر: (ویب ڈیسک)مقبوضہ وادی کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے مسلسل مظالم کو آج 33 واں دن ہے۔ ایک ماہ سے زائد عرصے کے دوران لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہے، مساجد پہ تالا بندی ہے، اشیائے خورو نوش کی قلت انسانی المیے کو جنم دے چکی ہے، ادویات کی عدم دستیابی سے مریض جاں بلب ہیں اور وادی میں اذان کی ٓاواز سنائی نہ دے اس مقصد کے لیے لاو¿ڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔عالمی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق گزشتہ جمعہ کی طرح اس مرتبہ بھی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں اور کسی بھی قسم کا احتجاج نہ کریں، فوج اور پیرا ملٹری فورسز کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے۔مقبوضہ وادی چنار میں تعینات فوجیوں اور دیگر فورسز کے اہلکاروں کو بندوقوں، رائفلوں اوربدنام زمانہ پیلٹ گنز سے مسلح کرنے کے ساتھ ساتھ آنسوگیس کی شیلنگ کرنے والی رائفلیں بھی تھمائی گئی ہیں۔ بھارتی فورسز کو کسی بھی قسم کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے ڈنڈہ بردار اہلکاروں کی بھی مدد حاصل ہوگی۔بھارتی قید میں ظلم و ستم سہنے والے کشمیری رہنما یاسین ملک کی تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) نے وادی چنار کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے چار اکتوبر کو لائن آف کنٹرول کی جانب پرامن آزادی مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد اور مظفرآباد کی حکومتیں اس مارچ میں مداخلت نہ کریں۔خبررساں ادارے کے مطابق جے کے ایل ایف کے مرکزی ترجمان رفیق ڈار نے اس ضمن میں کہا ہے کہ آزادی مارچ کا مقصد بھارت کے زیرتسلط مقبوضہ وادی کشمیر میں محصور عوام سے اظہار یکجہتی کرنا اور مقبوضہ وادی چنار میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے۔ترجمان کے مطابق جے کے ایل ایف کے قائم مقام چیئرمین عبدالحمید بٹ کی زیر قیادت بھمبر سے چکوٹی تک پرامن لوگوں کا آزادی کشمیر مارچ کیا جائے گا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط، قبضے اور بہیمانہ انسانی تشدد کے خلاف ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ’ کشمیر کو بولنے دو‘ نامی مہم شروع کردی ہے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کا مو¿قف ہے کہ غیر قانونی پابندیوں نے کشمیریوں کی روز مرہ کی زندگیوں، ان کے جذبات اور ذہنی کیفیت کو بری طرح مجروح کیا ہے۔

عابد علی کی بیٹی کاسوتیلی والدہ پر میت بغیر بتائے لے جانے کا الزام

لاہو ر (ویب ڈیسک)عابد علی طویل علالت کے باعث گزشتہ دو ماہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے ان کے آخری دنوں میں سوشل میڈیا پر ان انتقال کی افواہیں گردش کررہی تھیں جس کی تردید ان کی صاحبزادی رحمہ علی نے کی تھی۔تاہم گزشتہ رات عابد علی کے اہل خانہ کی جانب سے ان کے انتقال کی خبر تصدیق کی گئی اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست کی۔عابد علی کی انتقال کے کچھ دیر بعد غم سے نڈھال رحمہ علی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی سوتیلی والدہ و اداکارہ رابعہ نورین پر الزام عائد کیا کہ وہ بغیر بتائے اسپتال سے والد کی میت لے گئیں۔گلوکارہ و اداکارہ رحمہ علی نے ویڈیو میں کہا کہ ‘وہ پوری دنیا کو بتانا چاہتی ہیں کہ والد کی دوسری اہلیہ رابعہ نورین ان کی میت لے کر اسپتال سے چلی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘ میں پھوپھو، پھوپھا، میری بہنیں، میری والدہ ہم سب اس وقت اسپتال میں ہیں، ہم نے نہیں دیکھا نہ ہمیں پتا ہے کہ وہ کہاں لے کر گئے ہیں، ہمیں یہ بھی نہیں پتا کے وہ کس جگہ رہتی ہیں’۔والد کے غم سے نڈھال رحمہ علی نے کہا کہ ان کی سوتیلی والدہ نے ان کی پھوپھو کو کہا کہ ان کی بیٹیاں ان کے جنازے میں شریک نہیں ہوسکتیں حتیٰ کہ یہ بھی نہیں بتایا کہ جنازہ کب اور کہاں ہوگا۔بعدازاں کچھ دیر بعد رحمہ علی نے اپنے اکاو¿نٹ سے یہ ویڈیو حذف کردی جس کی وضاحت انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر دی۔انہوں نے لکھا کہ ‘عارضی طور پر اس پوسٹ کو چھپایا گیا ہے کیونکہ کچھ لوگ اس پر بیہودہ باتیں کر رہے تھے انہیں شرم آنی چاہیے۔۔۔چیزیں جلد ہی حالیہ حالات کے بعد باقاعدہ طور پر واضح ہوجائیں گی۔

وزیراعظم عمران خان سے علیم خان کی ملا قات، بڑی خو شخبری متوقع

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور سابق سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی ملاقات کا معاملہ، عبدالعلیم خان کوپنجاب میں بلدیات کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کے رہنما و رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان نے ملاقات کی جس میں پنجاب کے حوالے سے اہم امور زیر غور آئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کی بات بھی کی گئی اور اس کا ٹاسک عبدالعلیم خان کو دینے کا فیصلہ کیاگیا، وزیر اعظم نے علیم خان کو ان کے راستے کی تمام رکاوٹوں کو ہٹانے اور ان کے تحفظات دور کرنیکی بھی یقین دہائی کرائی۔ذرائع کے مطابق عبدالعلیم سیاسی طور پر مضبوط اور عوام میں مقبول امیدواروں کو تلاش کریں گے اور مضبوط امیدواروں کا انتخاب کرکے لسٹ وزیراعظم کو دینگے۔

نارووال: بجری سے بھرا ڈمپر رکشے پر الٹ گیا، اسکول کے 7 بچے جاں بحق

نارووال:(ویب ڈیسک) ظفر وال کے قریب ٹریفک حادثے میں اسکول کے بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق نارووال کے علاقے ظفر وال میں بجری سے بھرا ڈمپر ٹائر پھٹنے سے رکشے پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 7 بچے اورڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ رکشہ قصبہ مراڑہ سے آرہا تھا جس میں اسکول کے 13 بچے سوار تھے، حادثے میں 5 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ دیگر کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 2 بچے جانبر نہ ہوسکے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے، 3 بچیاں اور رکشہ ڈرائیور بھی شامل ہے۔ذرائع کا کہناہےکہ دیگر زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔