سارک اسنوکر چیمپئن شپ: پاکستان، بھارت کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

ڈھاکا(ویب ڈیسک)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلے جانے والی پہلی سارک اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے دونوں کھلاڑیوں نے بھارتی کھلاڑیوں کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔دونوں کھلاڑی فائنل میں پہنچنے سے پاکستان فائنل کھیلنے سے قبل ہی سارک اسنوکر چیمپئن شپ کا فاتح بن گیا۔آج کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد بلال نے بھارت کے سندیپ گلاٹی کو 0-6 سے شکست دی۔دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان ہی کے اسجد اقبال نے بھارت کے لکشمن راوت کو 4-6 سے ہرا دیا۔پاکستان کے اسجد اقبال اور محمد بلال کل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے سارک اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں مد مقابل ہوں گے۔خیال رہے کہ اسجد اقبال اور محمد بلال نے کوارٹر فائنل میں نیپال کے کھلاڑیوں کو شکست دے لر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔پہلے کوارٹر فائنل میں اسجد اقبال نے نیپال کے دیپک کو 1-5 سے شکست دی تھی اور دوسرے کوارٹر فائنل میں محمد بلال نے نیپال کے اے ایم شری سیٹھا کو بھی 1-5 سے ہرایا تھا۔

سبق یاد نہ کرنے پر ظالم استاد نے طالب علم کی جان لے لی

لاہور(ویب ڈیسک)لاہور کے علاقے گلشن راوی میں ایک نجی اسکول کا دسویں جماعت کا طالب علم مبینہ طورپر استاد کے تشدد سے جاں بحق ہو گیا۔گلشنِ راوی لاہورکے رہائشی بلال کا16سالہ بیٹا حنین مقامی نجی اسکول میں دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔حنین کے چچا نے بتایاکہ ٹیچر کامران نے سبق یاد نہ کرنے پر اسے پیٹ میں انتہائی بےدردی کے ساتھ ٹانگیں ماریں جس سے وہ بے ہوش ہو گیا ،اسےاسپتال پہنچایاگیا،مگر وہ جاں بَرنہ ہو سکا۔نوجوان بیٹے کی موت پرگھرمیں کہرام مچ گیا،ان کامطالبہ ہے کہ انہیں انصاف دلایاجائے۔پولیس نے ٹیچر کامران کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھجواکر تفتیش شروع کر دی ہے۔وزیرِ تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ،ان کاکہناہے کہ اس معاملے میں مکمل انصاف کیاجائےگا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی عام استعمال کی اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ

کراچی(ویب ڈیسک) یوٹیلیٹی اسٹورزمیں بھی دودھ، چائے کی پتی اورمصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ذرائع مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر برانڈڈ دودھ، چائے کی پتی اورمصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ جس کے باعث کھلی مارکیٹ کے بعد اب یوٹیلی اسٹورز پر بھی عام استعمال کی اشیا عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔یوٹیلی اسٹورز پر دودھ کا ڈبہ 130 روپے لیٹ رسے بڑھ کر 132 روپے، 475 گرام چائے کی پتی کا ڈبہ 438 سے بڑھ کر 445 روپے کا ہوگیا۔ اس کے علاوہ 100 گرام ہلدی کا پیکٹ 32 روپے سے بڑھ کر 35 روپے، 200 گرام دھنیا پاﺅڈر 13 روپے مہنگا ہوکر 65 روپے سے بڑھ کر 78 روپے ہوگیا۔اس کے علاوہ 50 گرام دار چینی کا پیکٹ 30 روپے اضافے کے ساتھ 35 روپے سے بڑھ کر 65 روپے جب کہ 200 گرام سفید زیرا 165 روپے سے بڑھ کر 185 روپے کا ہوگیا۔

اداکار عابد علی انتقال کر گئے

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کے نامور ٹی وی اداکار عابد علی شدید علالت کے بعد 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔عابد علی گزشتہ دو ماہ سے اسپتال میں جگر کے عارضے کے باعث زیر علاج تھے۔ چند روز قبل ان کی صاحبزادی نے یہ انکشاف کیا تھا کہ ڈاکٹرز نے عابد علی کی صحت یابی کو تقریباً ناممکن قرار دے دیا ہے۔گزشتہ روز بھی عابد علی کے انتقال کی افواہیں سامنے آئی تھیں لیکن اب ان کی اہلیہ اداکارہ رابعہ عابد نے تصدیق کی ہے کہ عابد علی اب اس دنیا میں نہیں رہے ہیں۔پاکستان ٹیلی وژن کے معروف ڈرامہ ‘وارث’ میں ‘دلاور’ کے کردار سے اپنے فنی کیریئر کا ا?غاز کرنے والے عابد علی 80 اور 90 کی دہائی سے کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا جن میں ‘پیاس’، ‘دوریاں’، ‘دشت’، ‘مہندی’، ‘دیار دل’ اور جیو ٹی وی کا ڈرامہ ‘میرا رب وارث’ دیگر شامل ہیں۔

مسلمانوں کیخلاف ریمارکس پر سکھ رکن پارلیمنٹ نے برطانوی وزیراعظم کو کھری کھری سنا دیں

برطانیہ (ویب ڈیسک)برطانیہ کی لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے سکھ رکن پارلیمنٹ تن من جیت سنگھ نے مسلمان خواتین سے متعلق معتصبانہ ریمارکس پر وزیراعظم بورس جانسن کو کھری کھری سنا دیں۔بورس جانسن نے گزشتہ برس برقع پہننے والی مسلمان خواتین کو لیٹر بکس سے تشبیہہ دی تھی۔برطانوی پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف جیریمی کاربن نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی اور ساتھ ہی لکھا کہ ہر کسی کو یہ ناقابل یقین ویڈیو ضرور دیکھنی چاہیے۔تن من جیت سنگھ نے برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم بورس جانسن کی موجودگی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کوئی پگڑی پہنے، ٹوپی، حجاب یا برقع پہنے، کسی کو ان کا مذاق اڑانے کا حق نہیں پہنچتا۔انہوں نے کہا کہ ہم بچپن سے ہی ’ٹاول ہیڈ‘، ’طالبان‘ اور ’ترقی پزیر ملکوں سے آئے ہوئے لوگ‘ جیسے تکلیف دہ جملے سنتے آئے ہیں، مسلم خواتین کو بینک لوٹنے والوں اور لیٹر باکسز سے تشبیہ دی گئی۔تن من جیت سنگھ نے برطانوی وزیراعظم سے سوال کیا کہ شرمندگی کے باعث چھپنے اور تحقیقات کو نظر انداز کرنے کے بجائے آپ کب اپنے توہین آمیز اور نسل پرستانہ جملوں پر معافی مانگیں گے۔برطانیہ کے سکھ رکن پارلیمنٹ نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نسل پرستانہ بیان بازی کے باعث نفرت بڑھی اور بورس جانسن کی جماعت کے اندر ایسی بیان بازی میں اضافہ ہوا۔تن من جیت سنگھ نے یہ بھی کہا کہ کب وزیراعظم کنزرویٹو پارٹی کے اندر اسلامو فوبیا کے حوالے سے تحقیقات کا حکم دیں گے، جس کا انہوں نے اور ان کے چانسلر نے سرکاری ٹیلی ویڑن پر وعدہ بھی کیا تھا۔

بزرگ خاتون سے بدسلوکی کرنیوالا پنجاب پولیس کا اہلکار گرفتار

لاہور(ویب ڈیسک)لاہور میں سینٹرل پولیس آفس کے باہر بزرگ خاتون سے بدسلوکی کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے نوکری سے معطل کر دیا گیا۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پنجاب پولیس کا ایک اہلکار آئی جی پنجاب کے پاس دادرسی کے لیے آنے والی ایک معمر خاتون سے بدسلوکی کر رہا ہے۔اس دوران مذکورہ پولیس اہلکار کو خاتون پر چیختے اور ان کی چھڑی اٹھا کر دور پھینکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں شہری پنجاب حکومت اور وہاں کی پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب عارف نواز کے مطابق شہریوں سے بدسلوکی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا، بزرگ خاتون سے بدسلوکی کرنےوالے اے ایس آئی آصف کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا۔اے ٹی ایم سے چوری کرنے والا ملزم پولیس حراست میں انتقال کرگیا۔آئی جی آفس کے مطابق اے ایس آئی آصف کا تعلق پنجاب کانسٹیبلری سے ہے۔گزشتہ دنوں پنجاب پولیس کی حراست میں گجرانولہ کے رہائشی صلاح الدین کی پولیس حراست میں ہلاکت اور اس پر مبینہ پولیس تشدد کی تصاویر اور ویڈیو سامنے آنے کی وجہ سے پنجاب حکومت اور پولیس کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے بھائی پارلیمنٹ اور وزارت سے مستعفی

لندن(ویب ڈیسک)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے بھائی اور کنزرویٹو پارٹی کے رکن نے پارلیمنٹ اور وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔بورس جانسن کے بھائی جو جانسن نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ 9 سال تک آرپنگٹن کی نمائندگی کرنا اور تین وزرائے اعظم کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔جو جانسن نے مزید لکھا کہ کئی ہفتوں سے میں خاندانی وفاداریوں اور قومی مفادات کے درمیان پھنسا ہوا تھا جو ایک ناقابل حل مسئلہ ہے، دوسروں کے لیے وقت ہے کہ وہ بطور رکن پارلیمنٹ اور وزیر میری جگہ ذمہ داریاں نبھائیں۔دوسری جانب برطانوی اخبار کا دعویٰ ہے کہ جو جانسن نے وزیراعظم بورس جانسن کی قیادت پر احتجاجاً استعفیٰ دیا کیونکہ وہ بریگزٹ کے معاملے پر ایک اور استصواب کے حق میں تھے۔خیال رہے کہ گزشتہ برس بورس جانسن کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد جو جانسن کو وزیر برائے یونیورسٹیز بنایا گیا تھا۔

’کہے دل جدھر‘ منشا پاشا اور جنید خان کی رومانوی کہانی

لاہور(ویب ڈیسک)گلوکارہ منشا پاشا جلد ہی اداکار جنید خان کے ساتھ فلم ڈیبیو کرتی دکھائی دیں گی، جو دونوں کی نہ صرف رومانوی کہانی پر مبنی ہوگی بلکہ شائقین کو ایک منفرد کہانی بھی دیکھنے کو ملے گی۔ذرائع سے بات کرتے ہوئے منشا پاشا نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ جنید خان کے ساتھ آنے والی فلم ’کہے دل جدھر‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کریں گی۔انہوں نے فلم کی کہانی پر مکمل بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ ’کہے دل جدھر‘ ایک منفرد فلم ہوگی اور انہوں نے آج تک ایسی فلم نہیں دیکھی اور نہ ہی اس طرح کا کوئی کام کیا ہے۔منشا پاشا کے مطابق ’کہے دل جدھر‘ ایک کمرشل فلم ہوگی جو ان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور یہ فلم جنید خان کی پہلی فلم ’لال کبوتر‘ سے مختلف ہے۔اداکارہ و گلوکارہ کے مطابق اس وقت فلم کی شوٹنگ جاری ہے اور اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اس میں اداکاری کرنے سمیت ساتھی ہیرو جنید خان کے ساتھ آئٹم سانگ پر پرفارمنس بھی کرتی دکھائی دیں گی۔منشا پاشا نے بتایا کہ ابھی تک فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے، چوں کہ تاحال ہم فلم کے پہلے مرحلے پر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی اسے ریلیز کرنے کی تاریخ طے کی جائے گی۔فلم کے حوالے سے ذرائع سے بات کرتے ہوئے جنید خان کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ’کہے دل جدھر‘ کی ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ اس سے قبل بھی منشا پاشا کے ساتھ مختلف کام کر چکے ہیں، تاہم اس بار انہیں منفرد تجربہ ہوا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے فلم کے ہدایت کار کی بھی تعریف کی اور بتایا کہ جلال الدین رومی کو زیادہ تر لوگ میوزک ڈائریکٹر کے طور پر جانتے ہیں، تاہم انہوں نے اس فلم میں بہت محنت کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ٹیم سے بھی محنت کروائی ہے۔جنید خان نے بھی فلم کی کہانی بتانے سے گریز کیا، تاہم انہوں نے بتایا کہ فلم شائقین کو محظوظ کرنے میں کامیاب جائے گی۔خیال رہے کہ ’کہے دل جدھر‘ کی کہانی کامران باری نے لکھی ہے اور اس کی کاسٹ میں دیگر نامور اداکار بھی شامل ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو رواں برس کے آخر تک ریلیز کیا جائے گا۔

مقبوضہ کشمیر: کرفیو کے خاتمے کیلئے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ہنگامی مہم کا آغاز

نئی دہلی(ویب ڈیسک)انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنے اور وادی میں طویل عرصے سے جاری کرفیو کو ختم کرنے سے متعلق ہنگامی مہم کا آغاز کردیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہونے کی وجہ سے رابطے منقطع ہیں جو لوگوں کی آزادی پر ایک اشتعال انگیز حملہ ہے۔انسانی حقوق کے نگراں ادارے نے اس طویل بلیک آﺅٹ کی وجہ سے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے 5 سمتبر 2019 سے کشمیر کو بولنے دو (LetKashmirSpeak) کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ہنگامہ آگاہی مہم کا آغاز کردیا۔عالمی ادارے کا کہنا تھا کہ ان کی اس مہم کا مقصد ہے کہ وادی سے فوری طور پر کرفیو اٹھایا جائے۔اس میں مزید کہا گیا کہ چونکہ کشمیر میں لین لائن کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ ایک ماہ کے دوران ان کی افسردگی میں کچھ کمی واقع ہوگی۔ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سربراہ آکر پٹیل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں نافذ کرفیو کو پہلے ہی ایک ماہ گزر چکا ہے، تاہم بھارتی حکومت اسے مزید نہیں چلاسکتی کیونکہ یہ پہلے ہی کشمیری عوام کی زندگیوں کو بہت زیادہ متاثر کرچکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وادی میں لوگوں کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں، انہیں صحت، اشیائے خورونوش اور ہنگامی سروسز تک کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا جموں کے کچھ علاقوں میں کرفیو کو ختم کردیا گیا ہے جبکہ کشمیر کے زیادہ تر حصوں کے دیگر علاقوں سے رابطے منقطع ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پوری آبادی کو آزادی اظہار رائے سے روکنا اور غیر معینہ مدت کے لیے ان کی نقل و حمل پر پابندی عائد کردینا خطے کو تاریک دور میں لے کر جانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ ’نیا کشمیر‘ کشمیریوں کے بغیر تعمیر نہیں ہوسکتا، اس ملک نے کشمیریوں کو ابھی تک نہیں سنا گیا، حکومت کی جانب سے بار بار کہا جارہا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہے، لیکن ہم کہنا چاہتے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے’۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ انہیں یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ لوگوں کو ہنگامی صورتحال کے باوجود ہسپتالوں تک نہیں پہنچایا جارہا، وہاں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں ہورہی ہیں، بچوں اور نوجوانوں کو رات کے اندھیرے میں اٹھایا جارہا ہے، عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ مظاہرین پر آنسو گیس اور پیلیٹ گنز کا بے جا استعمال کیا جارہا ہے۔اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ سب وادی میں فوج کی کثیر تعداد میں موجودگی اور انسانی حقوق کی تاریخی خلاف ورزی کے پس پردہ ہورہا ہے۔مزید کہا گیا کہ لوگوں کے درمیان بے چینی اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ وہ اپنے پیاروں کی خبر لینے سے بھی قاصر ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کا کہنا تھا کہ میڈیا پر بھی پابندیاں عائد کی جارہی ہیں جس کی حالیہ مثال صحافی گوہر گیلانی کو جرمنی جاتے ہوئے ایئرپورٹ پر ہی روک لینا ہے۔خیال رہے کہ کشمیر پریس کلب کے حالیہ اعلامیے کے مطابق کم از کم 3 کشمیری صحافیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ جتنا جلدی ممکن ہوسکے حکومتی مراعات چھوڑ دیں۔

وزیراعظم آفس نے 27 وزارتوں کو ریڈ لیٹر جاری کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے دوران پہلی مرتبہ وزیراعظم آفس نے ریکارڈ کی عدم فراہمی پر وزارتوں کو ریڈ لیٹر جاری کردیئے۔وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والا ریڈ لیٹر 27 وزارتوں کے سیکریٹریز کو جاری کیا گیا جو آخری وارننگ اور ناپسندیدگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران وزیراعظم آفس سے پہلی مرتبہ ریڈ لیٹر جاری ہوا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم آفس نے وزارتوں سے خالی اسامیوں اور ان کی بھرتیوں سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں۔وزیراعظم آفس نے مذکورہ تفصیلات کے لیے ریڈ لیٹر جاری کرتے ہوئے 9 ستمبر کی آخری ڈیڈلائن بھی دے دی۔اس حوالے سے وزیراعظم آفس کا کہنا تھا کہ ریڈلیٹر وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ پر اثر ڈالے گا۔اس میں مزید کہا گیا کہ تمام متعلقہ وزارتیں ہر سطح پر خالی اسامیوں اور پھر ان کی بھرتیوں سے متعلق رپورٹ جمع کروائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم آفس نے ہدایت کی کہ ترقیوں کے اہل ہونے کے باوجود ترقیاں نہ ملنے والے افسران کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔وزیراعظم آفس نے گزشتہ 3 ماہ سے زیر التوا سرکاری ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ریڈ لیٹر میں وزارتوں کے پاس موجود متروکہ شدہ گاڑیاں، مشینری اور دیگر ساز و سامان کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں وفاقی کابینہ نے ہر 3 ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ا±س وقت وزیراعظم آفس ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کابینہ کے خصوصی اجلاس میں 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ مزید وزارتوں کا جائزہ لینے کے لیے تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہر وزارت کو عملدرآمد کے لیے 5 سالوں پر محیط مخصوص اسٹرٹیجک پلان کی تیاری کا ہدف دیا جائے گا، تاکہ کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جا سکے۔خیال رہے کہ رواں برس وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ’جو کام نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا۔‘