سارک اسنوکر چیمپئن شپ 2019: پاکستانی کھلاڑیوں کی کوارٹر فائنل میں رسائی

ڈھاکہ(ویب ڈیسک): بنگلہ دیش میں جاری پہلی سارک اسنوکر چیمپئن شپ2019 میں شریک دونوں پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل تک پہنچ گئے ہیں۔ٹورنامنٹ کے دوسرے روز محمد بلال اور اسجد اقبال نے اپنے میچز جیت کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔محمد بلال نے سری لنکا کےعاشق حسین کو 4-0 سے شکست دی جب کہ اسجد اقبال نے بنگلادش کے کیوئسٹ زیڈ اے آزاد کو 4-2 زیر کیا۔کل یعنی بدھ کے روز چیمپئن شپ میں کوارٹر فائنلز مقابلے ہوں گے۔اسجد اقبال نیپالی حریف دیپک مگار سے مقابلہ کریں گے اور محمد بلال کا سامنا نیپال کے ہی دوسرے کیوئسٹ اے ایم شریستھا سے ہوگا۔ڈھاکہ میں جاری چیمپئن شپ میں میزبان ملک کے علاوہ پاکستان، بھارت، نیپال اور سری لنکا کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔میزبان ملک سے 4 جبکہ دیگر ممالک سے دو، دو کیوئسٹس ایونٹ میں شریک ہیں جنہیں چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔فاتح کیوئسٹ کو 2500 ڈالرز، رنر اپ کو 1500 ڈالرز جبکہ چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والے کیوئسٹس کو 1000 ڈالرز نقد انعام دیا جائے گا۔

اداکار عابد علی کی حالت تشویشناک، بیٹیوں کی مداحوں سے دعا کی درخواست

لاہور (ویب ڈیسک)نامور پاکستانی اداکار عابد علی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ان کی بیٹیوں ایمان اور راہمہ علی نے اپنے والد کی صحت یابی کے لیے مداحوں سے دعا کی درخواست کی ہے۔پاکستان ڈراما انڈسٹری کے سینئر اداکار عابد علی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کی بڑی بیٹی اداکارہ و ماڈل ایمان علی نے سوشل میڈیا پر اپنے والد اور گھر والوں کے ہمراہ ایک یاد گار تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپنے والد کی صحت یابی

کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب اداکار عابد علی کی چھوٹی بیٹی راہمہ نے بھی سوشل میڈیا پراپنے والد کی طبعیت سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے والد گزشتہ دو ماہ سے بہت بیمار ہیں، ڈاکٹرز نے ان کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، لیکن اب تمام ڈاکٹرز نے جواب دے دیاہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ جو کرسکتے تھے کرلیا اب وہ ہمارے

والد کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کرسکتے۔ لیکن اللہ سے بڑی کوئی طاقت نہیں، وہ چاہے تو کیا نہیں ہوسکتا۔ راہمہ نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہمارے ساتھ اگر آپ لوگوں کی دعائیں بھی مل جائیں تو شاید اللہ سن لیں کسی کی، مہربانی کرکے ہمارے والد کے لیے دعا کریں۔واضح رہے کہ عابد علی کا شمار پاکستان کے لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے ”وارث“، ”دیار دل“، ”مہندی“، ”بیٹیاں“، ”صنم“، ”رخصتی“ اور”دشت“ جیسے مقبول ڈراموں میں لازوال کردار اداکیے ہیں۔

ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کیلئے کپتان و کھلاڑیوں کا اعلان

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کیلئے سرفراز احمد، بابر اعظم، شان مسعود، محمد رضوان، حارث سہیل اور عماد وسیم کو متعلقہ ٹیموں کی قیادت سونپ دی۔پی سی بی کی جانب سے نئے اسٹرکچر کے تحت ڈومیسٹک سیزن میں حصہ لینے والی 6 صوبائی ایسوسی ایشنز کی کرکٹ ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔سرفراز احمد سندھ، بابر اعظم وسطی پنجاب، شان مسعود جنوبی پنجاب، محمد رضوان خیبرپختونخوا، حارث سہیل بلوچستان اور عماد وسیم شمالی ریجن کی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیے گئے تاہم جو کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مصروف نہیں ہوگا اسے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کرنا ہوگی جس سے ایونٹ میں مقابلے کی فضاءپیدا ہوگی۔ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ٹیموں کی قیادت سونپی گئی ہے۔ ٹیموں کی قیادت ان کرکٹرز کی قائدانہ صلاحیتوں میں نکھار لائے گی۔پی سی بی نے سیکنڈ الیون میں شامل تین کرکٹ ٹیموں میں مینٹورز مقرر کیے ہیں۔ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھنے والے مینٹورز سیکنڈ الیون میں ٹیم کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لائیں گے۔بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کیلئے منتخب کردہ 32 میں سے 14 کھلاڑیوں کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے۔ بلوچستان میں 44 فیصد مقامی کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹیم میں شامل مقامی کھلاڑیوں کو فرسٹ کلاس اور بین الاقوامی کرکٹ میں تجربہ رکھنے والے کرکٹرز کے ساتھ مقابلے کرنے کا موقع ملے گا۔پی سی بی آئندہ 3 سے 5 برسوں میں صوبہ بلوچستان میں مربوط ڈومیسٹک نظام کے ذریعے مزید مقامی کھلاڑیوں کی شرکت کا خواہشمند ہے۔ رواں برس ڈومیسٹک سیزن کا آغاز 14 ستمبر سے شروع ہونے والی قائداعظم ٹرافی سے ہوگا۔مقامی کوچز اور جونیئر سلیکٹرز نے تمام ٹیموں کیلئے ابتدائی کھلاڑیوں کاانتخاب کیا تھا۔ جس کے بعد 3 رکنی آزادانہ پینل نے کھلاڑیوں کے انتخاب کو حتمی شکل دی۔آزادانہ پینل میں شامل راشد لطیف، مصباح الحق اور ندیم خان نے کھلاڑیوں کی 3 سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔طویل دورانیے کی کرکٹ نہ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو وائٹ بال اسپیشلسٹ کرکٹرز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں کو محض محدود فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ ماڈل کے مطابق فی میچ معاوضہ دیا جائے گا۔تمام کھلاڑی 11 ستمبر کو اپنی اپنی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔آزادانہ پینل میں شامل سابق کرکٹر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام کھلاڑیوں کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کم عمر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں وسیع تجربہ رکھنے والے سینیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔راشد لطیف نے کہا کہ بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کی فرسٹ الیون میں محض 4 اور سیکنڈ الیون میں 10 مقامی کھلاڑیوں کے انتخاب پر سوالات اٹھ سکتے ہیں تاہم ہمارا مقصد مقامی کھلاڑیوں کی تربیت کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ متنخب کردہ اسکواڈ میں 44 فیصد مقامی کھلاڑی بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کا حصہ ہیں۔ میں نے مصباح الحق اور ندیم خان نے مشترکہ طور پر پی سی بی کو بلوچستان میں مربوط کرکٹ نظام متعارف کروانے کا مشورہ دیا ہے تاکہ جلد بلوچستان کرکٹ ٹیم میں 90 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق اسی صوبہ سے ہو۔راشد لطیف نے کہاکہ ہم نے اکثر نظر انداز کردیے جانے والے انڈر 19 کرکٹرز کے انتخاب کو ترجیح دی ہے۔ نوجوان لیگ اسپنرز کا انتخاب درحقیقت یاسر شاہ اور شاداب خان کا نعم البدل ڈھونڈنا ہے۔راشد لطیف نے کہا کہ ہم نے سیکنڈ الیون میں شامل 3 کھلاڑیوں کو مینٹور مقرر کیا ہے۔ ذوالفقار بابر، اعزاز چیمہ اور محمد سمیع آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں ایک نئے رول میں نظر آئیں گے۔راشد لطیف نے کہا کہ ہماری تینوں کھلاڑیوں سے بات ہوچکی ہے، یہ کھلاڑی بطور مینٹور سیکنڈ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔

لندن: گاندھی کے مجسمے کو بھی کشمیر کا پرچم تھمادیا گیا

لندن(ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف لندن میں احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے گاندھی کے مجسمے کو بھی کشمیر کا پرچم تھمادیا۔مظاہرے میں بڑی تعداد میں پاکستانی اور کشمیری شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ اسکوائر پر احتجاج کے بعد ریلی کی شکل میں بھارتی ہائی کمیشن جا کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کو مظاہرین نے گھیرے میں لے کر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔کشمیریوں کے جلوس کے روٹ پر ٹریفک مکمل جام ہوگیا۔ بعد ازاں کشمیریوں کے مظاہرے کے دوران 15 ارکان پارلیمنٹ نے 10 ڈاﺅننگ اسٹریٹ پر پیٹیشن پیش کی۔

کشمیر کی موجودہ صورتحال

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جبری پابندیوں اور لاک ڈاﺅن کو ایک ماہ گزر گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں ایک ماہ سے سب کچھ بند، مواصلاتی رابطے معطل ہیں جس کے باعث بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔وادی میں کھانے پینے کی اشیا اور دواو¿ں کی قلت میں اضافہ ہوگیا ہے، سخت ترین کرفیو اور تمام پابندیوں کے باوجود کشمیریوں کی مزاحمت جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کاروباری مراکز ،تعلیمی ادارے بھی 30 روز سے بند ہیں، اخبارات کی اشاعت بھی بند اور ٹی وی چینلز پر پابندیاں برقرار ہیں جب کہ حریت رہنما اور سیاسی رہنما 5 اگست سےگھروں یا جیلوں میں قید ہیں۔

جسمانی ساخت پر طنز کرنے والوں کو جگن کاظم کا کرارا جواب

لاہور (ویب ڈیسک)اداکارہ، ماڈل و معروف ٹی وی میزبان جگن کاظم نے اپنی جسمانی ساخت پر طنز کرنے والے افراد کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زندگی بہت مختصر ہے، کوشش کریں کہ کسی پر طنز کرنے کے بجائے اس کا احساس کریں۔میزبان و اداکارہ نے انسٹاگرام و ٹوئٹر پر اپنی جسمانی ساخت پر مختلف افراد و خواتین کی جانب سے کیے جانے طنز پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح ان کا مذاق اڑایا جاتا رہا۔جگن کاظم نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ کچھ دن قبل حمل کے ابتدائی دنوں کی وجہ سے ان کا وزن بڑھا تو ان پر طنز کرنا شروع کردیا گیا۔اداکارہ کے مطابق ابتدائی طور پر ہی خواتین نے ان پر طنز کرنا شروع کردیا اور انہیں دیکھنے والی خواتین کہنے لگیں کہ ’انہیں لاہور کی ہوا لگ گئی ہے‘۔جگن کاظم کا کہنا تھا کہ چوں کہ وہ حمل کے ابتدائی ایام میں تھیں، اس لیے قدرتی طور پر ان کا وزن بڑھا تاہم انہوں نے طنز کرنے والی خواتین کو یہ نہیں بتایا کہ وہ امید سے ہیں۔میزبان نے لکھا کہ انہوں نے طنز کرنے والے افراد سے حمل کی بات اس لیے خفیہ رکھی، کیوں کہ وہ کچھ مسائل کی وجہ سے اپنے حمل کے مکمل ہونے کے حوالے سے تذبذب کا شکار تھیں۔جگن کاظم نے بتایا کہ حمل ٹھہرنے کی وجہ سے ان کا وزن بڑھا تو لوگوں نے طرح طرح سے ان پر طنز کرنا شروع کیے اور انہیں ہر مرتبہ یہ احساس دلانے کی کوشش کی گئی کہ وہ موٹی ہو رہی ہیں۔انہوں نے لکھا کہ حمل کے ابتدائی چند ہفتوں کے بعد بعض پیچیدگیوں کی وجہ سے ان کا حمل ضائع ہوگیا اور ڈاکٹرز نے انہیں بتایا کہ اندرونی طور پر بہت زیادہ خون ضائع ہونے کی وجہ سے کچھ مسائل ہوئے ہیں تو انہوں نے تھوڑا سا آرام کیا لیکن پھر جلد ہی اپنے کام کا چوبارہ آغاز کردیا۔جگن کاظم نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لکھا کہ حمل ضائع ہونے کے بعد جب وہ کام پر گئیں تو بھی لوگوں نے انہیں بڑھتے وزن کا طعنہ دیا اور انہیں احساس دلایا گیا کہ ان کا وزن بڑھ چکا ہے۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں طنز کرنے والے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اضافی وزن رکھنے والے افراد پر اس طرح کا طنز کرنا بند کریں، کیوں کہ جن کا وزن زیادہ ہے، انہیں علم ہے کہ وہ اضافی وزن والے افراد ہیں۔اداکارہ نے تجویز دی کہ خواتین کے اضافی وزن پر صرف ان کی بہنیں اور ماں ہی انہیں کچھ مشورے اور تجاویز دے سکتی ہیں۔اداکارہ نے آخر میں سب کو مشورہ دیا کہ یہ زندگی بہت مختصر ہے، اس لیے اسے طنز کرنے کے بجائے دوسروں پر احسان کرنے میں گزار دیں۔

پاک فوج نے یومِ دفاع سے متعلق خصوصی پرومو جاری کردیا

راولپنڈی(ویب ڈیسک)پاک فوج نے 6 ستمبر یوم دفاع سے متعلق خصوصی پرومو جاری کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پرومو جاری کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ’ یوم دفاع و شہداء 6 ستمبر 2019، پچھلے سال کی طرح آئیں ہر شہید کے گھر چلیں، ہر شہید کو یاد رکھا جائے’۔


میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کے ساتھ ہیش ٹیک آئیں چلیں شہید کے گھر اور ہیش ٹیگ کشمیر بنے کا پاکستان استعمال کیا۔خیال رہے کہ 28 اگست کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے یومِ شہدا و دفاع منانے سے متعلق تقریب کی تفصیلات جاری کی تھیں۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ اس بار ”کشمیر بنے گا پاکستان“ یوم دفاع کی تقریبات کا حصہ ہوگا، یومِ دفاع و شہدا کی تقریب کے فارمیٹ میں تبدیلی کی گئی ہے، اس بار جی ایچ کیو میں شام کے وقت مرکزی تقریب نہیں ہوگی بلکہ تقریب کو دن کے وقت رکھا گیا ہے جس میں صرف شہداءکے لواحقین اور غازی شرکت کریں گے، آرمی چیف شہداءکے لواحقین اور غازیوں سے ملاقات کریں گے جب کہ آرمی چیف جی ایچ کیو میں یاد گارِ شہداء پر حاضری دیں گے اور پھول رکھیں گے۔میجر جنرل آصف غفور نے مزید بتایا کہ اسی طرح فارمیشن اور شہر شہر تقریبات ہوں گی، یومِ دفاع کی مناسبت سے چھاﺅنیوں میں ہتھیاروں کی نمائش ہوگی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے شہیدوں کے لواحقین سے ملیں اور ان کا شکریہ ادا کریں، گلی گلی محلے محلے شہیدوں کی تصاویر آویزاں کی جائیں، عظیم قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال بھی ہر شہید کے گھر پہنچیں گے، پچھلے سال کی طرح عوامی مقامات پر شہیدوں کی تصاویر لگائی جائیں گی، شہید کی گلی، محلے، گاﺅں اور شہر میں ان کی تصاویر لگائی جائیں گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ تقریبات کا حصہ ہو گا۔

صحافی کےخلاف ’توہین آمیز‘ جملے، شیخ رشید کی پریس کلب داخلے پر پابندی

راولپنڈی (ویب ڈیسک)نیشنل پریس کلب (این پی سی) نے کینسرمیں مبتلا زیر علاج صحافی سے متعلق ’تضحیک آمیز‘ زبان استعمال کرنے پر وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید پر پریس کلب میں آمد اور ان کی پریس کانفرنس پر عارضی پابندی عائد کردی۔این پی سی کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ مذکورہ فیصلہ این پی سی کے صدر شکیل قرار نے جیو ٹی وی کے ویڈیو صحافی ناصر سے ملاقات کرنے کے بعد لیا۔پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ’زیر علاج صحافی نے شکیل قرار کو آگاہ کیا کہ شیخ رشید نے چند روز قبل ہسپتال کا دورہ کیا اور جب ایک صحافی نے شیخ رشید کو مطلع کیا کہ کینسر میں مبتلا ایک صحافی بھی اسی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں تو وفاقی وزیر نے ’توہین آمیز جملے کہے جس سے ناصر کے جذبات مجروح‘ ہوئے۔خیال رہے کہ صحافی ناصر بے نظیر بھٹو راولپنڈی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ’وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی راولپنڈی اسلام آباد میں کوریج اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور راولپنڈی کیمپ آفس میں داخلے پر ایک ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے‘۔این پی سی نے وفاقی وزیر کی جانب سے ’زندگی کی کشمکش میں مبتلا ویڈیو جرنلسٹ کے لیے توہین آمیز جملوں‘ کی شدید مذمت کی۔علاوہ ازیں اسلام آباد پریس کلب نے دیگر صوبوں میں قائم پریس کلب اور رپورٹرز، ویڈیو اور فوٹو جرنلسٹ سے اپیل کی کہ وہ بھی شیخ رشید کی کوریج اور ان کی پریس کلب میں آمد پر پر ایک ہفتے کی پابندی عائد کریں۔واضح رہے کہ جب شیخ رشید نے وزارت ریلوے کا قلم دان سنبھالا تو محکمے کے ایک اعلیٰ افسر نے وزیر ریلوے کے نامناسب رویے کی وجہ سے ان کے ساتھ کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔چیف کمرشل افسر ریلوے نے اپنے خط میں کہا تھا کہ ‘نئے وزیر کا رویہ انتہائی غیر پیشہ ورانہ اور غیر مہذب ہے اورسول سروس آف پاکستان کے قابل عزت رکن کی حیثیت سے ان کے زیر کام کرنا میرے لیے ممکن نہیں ہے’۔علاوہ ازیں 24 جون کو تحریک انصاف کے رہنما مسرور سیال نے سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران پر لائیو ٹی وی شو کے دوران حملہ کردیا۔نجی چینل ‘کے 21’ کے پروگرام ‘نیوز لائن وِد آفتاب مغیری’ میں امتیاز فاران کی جانب سے بطور تجزیہ کار پشاور بس ریپڈ ٹرانسپورٹ کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے سے متعلق بات کرنے پر مسرور سیال طیش میں آگئے تھے جس کے بعد پہلے دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور پھر پی ٹی آئی رہنما نے سینئر صحافی پر حملہ کر دیا اور گالیاں بھی دیں۔انہوں نے امتیاز فاران پر جانبدارانہ تجزیہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔سینئر صحافی پر لائیو شو کے دوران تشدد اور گالیاں دینے کے واقعے نے صحافی تنظیموں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شدید مذمت کی تھی۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے مسرور سیال کی جانب سے سینئر صحافی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ واقعے کی ویڈیو میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما کو امتیاز فاران پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے: آرمی چیف

راولپنڈی(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ملاقات کی۔ملاقات میں طلباءکی جانب سے آرمی چیف کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ دیا گیا۔نوجوانوں سے خطاب میں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سندھ پاکستان کی جان ہے، پاکستان بنانے میں سندھ کا اہم کردارتھا، سندھ کے لوگ فوج کے بہترین جوان ہیں، جو جفاکش محنتی اور وفادار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے تو کوئی ہماری مدد نہیں کرے گا، فوج میں میرٹ کا سسٹم ہے، ہمیں پاکستان کو وہاں لے کر جانا ہے جہاں اس کا حق بنتا ہے، پاکستان کو آگے لے جانا ہے تو میرٹ کی بنیاد پر لے جا سکتے ہیں۔آرمی چیف کے مطابق محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے جس سمت میں نوجوان جائیں گے، پاکستان اسی سمت میں جائے گا اور کامیاب آدمی پانی کے رخ کیخلاف جاتا ہے جس میں بڑی رکاوٹیں آتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکا گیا تو لوگوں نے کہا آپ کی فوج نے بہت اچھا کام کیا، امریکا میں لوگوں نے کہا آپ نے کیسے کامیابی حاصل کی کہ دہشت گردوں کو اٹھا کر پھینک دیا؟ میں ان سے کہتا ہوں ہماری مائیں ایسی ہیں جو ایسے بچے پیدا کرتی ہیں جو ملک پر جان نچھاور کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمارے جوان ایسے ہیں میں پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں، ہماری فوج میں اصول ہے ہم جوان کو یہ نہیں کہتے کہ ایڈوانس، ہم کہتے ہیں ’فالو می‘، ہمارا لیڈر اور افسر سب سے آگے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا رشتہ انسانیت کا ہوتا ہے، کسی بھی مذہب میں کسی کا حق مارنے کی گنجائش نہیں، اخلاقی قوت فوجی قوت سے بہت زیادہ طاقت ور ہوتی ہے۔آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ہم نے کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کرایا، پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے، یہ تبدیلی کی شروعات ہے، نوجوان بہت مضبوط ہیں جو سمندروں کا رخ بدل سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے آپ کو قومی سطح پر اس مقام پر لانا ہے جہاں ہماری آواز سنی جائے، پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا اور دنیامیں تبدیلی نوجوان لاتے ہیں۔

وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کا شہریوں کیلئے سی ویو بند کرنے کا مطالبہ

کراچی (ویب ڈیسک )کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کراچی کے ساحل سمندر کلفٹن کو شہریوں کے لیے بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے یہ مطالبہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس میں کیا۔شنیرا اکرم نے سی ویو کو عوام کے لیے خطرناک اور غیر محفوظ قرار دیا جبکہ اپنی ٹوئٹس میں حیران کن ویڈیوز بھی شیئر کیں، جن میں سی وی پر کچرے میں بڑی تعداد میں استعمال شدہ سرنجیں نظر آئیں۔انہوں نے اپنی پہلی ٹوئٹ میں لکھا کہ میں کراچی کی شہری ہونے کے ناطے کلفٹن کے ساحل کو خطرناک قرار دیتی ہوں اور مطالبہ کرتی ہوں کہ یہاں ایمرجنسی نافذ کردی جائے۔اپنی اگلی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ‘میں نے صرف 10 منٹ کے اندر یہاں 4 درجن کھلی ہوئی سرنجز دیکھیں، ہمارے سمندر کو فوری بند کرنا ہوگا، جب تک حکام اس کی صفائی نہیں کرتے اور اسے عوام کے لیے محفوظ قرار نہیں دیتے، لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں’۔انہوں نے لکھا کہ ‘نیوز چینلز کو یہاں آکر یہ سب دیکھنا چاہیے اس سے پہلے کے ٹریکٹرز اس کچرے کو زمین کے اندر دبا دیں’۔شنیرا اکرم کے مطابق ‘میں چار سال سے روزانہ کلفٹن ساحل پر سیر کرنے جاتی ہوں لیکن مجھے آج تک اتنا ڈر نہیں لگا جتنا آج لگ رہا ہے، اس سمندی کو فوری بند کرنا چاہیے’۔انہوں نے اس صورتحال کی ایک ویڈیو بھی اپنی ٹوئٹ میں شیئر کی۔انہوں نے متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپیل کی کہ سب ان کی آواز سنیں اور اس ساحل سمندر کو شہریوں کے لیے فوری طور پر بند کریں۔انہوں نے لکھا کہ اس وقت سمندر کے کنارے وہ سب چیزیں موجود ہیں جن سے ہسپتال میں لوگ ڈرتے ہیں۔خیال رہے کہ استعمال شدہ سرنجوں سے ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلنے کا خدشہ بھی ہوسکتا ہے، البتہ یہ سرنجیں کہاں سے آئیں کسی کو علم نہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کراچی کی صفائی کے لیے شہر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں علی حیدر زیدی نے کیماڑی بوٹ بیسن جیٹی کی تصاویر شیئر کی تھیں جن میں واضح طور پر کچرے کے ڈھیر دیکھے جاسکتے ہیں۔

محسن عباس کی اہلیہ نے خلع کا دعویٰ دائر کردیا

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکاروگلوکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے فیملی کورٹ لاہور میں خلع کا دعویٰ دائر کردیا۔ذرائع کے مطابق اداکار محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے بیرسٹر احتشام امیرالدین کی وساطت سے لاہور فیملی کورٹ میں خلع کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے شوہر پر تشدد اور بے وفائی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا محسن عباس نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا لہذا اس کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتی، اس کے علاوہ محسن کے دوسری لڑکی کے ساتھ تعلقات ہیں۔ فاطمہ نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت خلع کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ڈگری جاری کرے۔واضح رہے کہ فاطمہ سہیل نے دو ماہ قبل اپنے شوہر محسن عباس حیدر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ حاملہ ہونے کے باوجود محسن نے انہیں بدترین جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا اور پیسوں کی ہیر پھیربھی کی۔ اس کے علاوہ فاطمہ نے اپنے شوہر محسن پر ماڈل نازش جہانگیر کے ساتھ ناجائز تعلقات کابھی الزام لگایاتھا۔فاطمہ نے اپنے شوہر پر تشدد اور دھمکیوں کی ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ محسن عباس اور فاطمہ سہیل کا کیس لاہور کی عدالت میں ہے جہاں گزشتہ پیشی کے دوران پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں اداکار محسن عباس کو اہلیہ پر پستول تاننے اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت قصور وار ٹھہرایاگیاتھا۔