بھارت سی پیک کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے: صدر عارف علوی

کراچی(ویب ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ بھارت سی پیک اور گوادر پورٹ کے منصوبوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں بحری مشق”شمشیر البحر” کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ترجمان پاکستان نیوی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدر مملکت کو شمشیر البحر VII اور ترسیل بحر II مشقوں پر بریفنگ دی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ پاک بحریہ کی مشق شمشیرالبحر ہر2 سال بعد منعقد کی جاتی ہے، صدر مملکت کو پاک بحریہ کی جنگی اور آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے بتایا گیا۔صدر مملکت کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کا اثر جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی پر ہو گا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارتی مظالم کو ہر سطح پر اجاگر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی سمندر سے بلا تعطل تجارت پر منحصر ہے لیکن بھارت سی پیک اور گوارد پورٹ کے منصوبوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور مجھے افواج پاکستان پر فخر ہے۔

فیس بک کا اپنا مقبول ترین فیچر ختم کرنے کا فیصلہ

مینلو پارک (ویب ڈیسک)جب آپ فیس بک پر کچھ پوسٹ کرتے ہیں تو کیا توقع رکھتے ہیں؟ یقیناً زیادہ سے زیادہ لائیکس کی۔مگر دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ نے صارفین کی نیوزفیڈ پوسٹس پر لائیکس کی تعداد کو لوگوں کی نظروں سے چھپانے پر غور شروع کردیا ہے۔جی ہاں واقعی فیس بک کی جانب سے انسٹاگرام کی طرح پوسٹس پر لائیکس کی تعداد کو چھپانے پر غور کیا جارہا ہے۔ایپ ریسرچر جین مین چون وونگ نے فیس بک کی اینڈرائیڈ ایپ کے اندر ایک کوڈ دریافت کیا ہے جو کہ کسی پوسٹ پر لائیکس کی تعداد چھپانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، بس پوسٹ کرنے والا ہی جان سکے گا کہ کسی پوسٹ پر کتنے لائیکس ملے۔دیگر صارفین کے سامنے کچھ ری ایکشن ایموجی ہوں گے اور یہ لکھا ہوگا کہ لائیک بائی اے فرینڈ اینڈ ادرز۔فیس بک نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ لائیکس کی تعداد چھپانے کے حوالے سے ٹیسٹ پر غور کررہی ہے تاہم ابھی اس پر کام شروع نہیں کیا گیا۔یہ کہنا غلط نہیں کہ فیس بک کی مقبولیت میں لائیک بٹن کی بہت زیادہ اہمیت ہے اور اس کے بغیر یہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ادھوری سمجھی جاسکتی ہے۔یہ فیچر لگ بھگ ایک دہائی سے فیس بک کا مرکزی حصہ ہے مگر حالیہ برسوں میں صارفین کی جانب سے شکایت کی جارہی تھی کہ اس سے ان کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور انہیں ہر وقت فکررہتی ہے کہ ان کی پوسٹس پر مناسب تعداد میں لائیکس ملنے چاہیے۔درحقیقت بیشتر افراد تو اس خوف سے ہی پوسٹ نہیں کرتے کہ انہیں لائیکس نہیں مل سکیں گے یا زیادہ لائیکس نہ ملنے پر پوسٹس کو ڈیلیٹ کردیا جاتا ہے۔جسٹن روزینسٹین نامی انجینئر نے یہ فیس بک فیچر 2007 میں تشکیل دیا تھا۔تاہم 2017 میں انہوں نے کہا تھا کہ فیس بک لائیکس ایک ایسا فیچر ہے جو لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لیتا ہے اور غیرارادی طور پر کیے جانے والے کلک سے منفی نتائج مرتب ہوسکتے ہیں۔اسی چیز کو دیکھتے ہوئے انسٹاگرام میں بھی کئی ممالک میں اس وقت لائیکس کی تعداد چھپانے کے فیچر کی آزمائش ہورہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ کافی کامیاب بھی ثابت ہوئی ہے کیونکہ اسے دیگر ممالک تک توسیع دی جارہی ہے۔اب اگر فیس بک میں لائیکس چھپانے کے فیچر کو کامیابی ملتی ہے تو اس کا مطلب یہ بھی ہوگا کہ لوگوں کی جانب سے زیادہ پوسٹس کی جائیں گی اور وہ اس سائٹ پر زیادہ وقت بھی گزاریں گے، جو اس کمپنی کی خواہش بھی ہے۔

عامر لیاقت اور عدنان سمیع کے درمیان ٹوئٹر پر شدید لفظی جنگ

لاہور(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما اور معروف اینکر عامر لیاقت حسین اور پاکستان چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کرنے والے گلوکار عدنان سمیع خان کے درمیان ٹوئٹر پر لفظی جنگ چھڑ گئی ہے۔عدنان سمیع خان اکثر ٹوئٹر پر پاکستان مخالف متنازع ٹوئیٹس کرتے رہتے ہیں اور ایسے ہی ایک ٹوئیٹ پر عامر لیاقت حسین کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔عدانان سمیع نے پاکستان کی حراست میں رہنے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے حوالے سے ایک متنازع ٹوئیٹ کیا تھا ‘ہاں وہ گیا، ایف 16 کو گرایا، ایک کپ چائے کا پیا اور واپس آکر ویر چکر حاصل کرلیا، زبردست’۔


اور عامر لیاقت اس پر خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے لکھا ‘ہاں وہ چلا گیا، اپنی شناخت کو شوٹ اور چائے پی کر اپنے آبا? اجداد کی قبروں کی بے حرمتی کی، پاکستان سے نفرتیں سمیٹیں، بے وقوف’۔


دونوں کے درمیان لڑائی اس وقت بڑھ گئی جب عدنان سمیع نے واپس جواب دیتے ہوئے پاکستانی اینکر کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرتے ہوئے انہیں کم عقل اور قابل ترس زندگی گزارنے والا قرار دیا۔


جس پر عامر لیاقت نے بھی جواب دیتے ہوئے عدنان سمیع کو نفرت اور خودپسندی سے بھرے پھوڑے جیسا قرار دیا جو ہر وقت اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کے لیے غلاظت تحریر کرتا رہتا ہے۔


اس کے بعد بظاہر عدنان سمیع خان کا کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ عدنان سمیع خان نے ٹوئٹر پر ایک پاکستانی صارف کو جواب دیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور تم لوگوں کو ایسی چیزوں میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہیے جو تمہاری نہیں، اس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

پاک بھارت کشیدگی دنیا کیلئے خطرناک ہوگی، وزیراعظم عمران خان

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات سے ہی حل ہوگا اور پاکستان اور بھارت تناﺅ کے درمیان کشیدگی دنیا کے لیے خطرناک ہوگی۔ لاہور میں سکھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم سکھوں کو ملٹی پل ویزے جاری کریں گے اور سکھوں کو ایئرپورٹ پرویزا ملے گا، وزیراعظم بنتے ہی کوشش کی بھارت سے تعلقات بہترہوں، مودی کو فون پرکہا دونوں ممالک کے ایک جیسے مسائل ہیں، بھارت سے تعلقات بہترکرنے میں کوشش کی لیکن مثبت جواب نہ ملا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا میری خواہش ہے کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات سے حل ہو لیکن جو لوگ جنگ کی باتیں کرتے ہیں، انہوں نے تاریخ نہیں پڑھی، جنگ سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا بلکہ جنگ کے بعد مسائل بڑھ جاتے ہیں اور جنگ کے بعد ملکوں کو کھڑاہونے میں کئی سال لگتے ہیں جب کہ پاکستان اور بھارت دو ایٹمی ممالک ہیں، ان میں تناو¿ سے دنیا کو خطرہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ آر ایس ایس جو حرکتیں کررہا اس کی اجازت کوئی مذہب نہیں دیتا اور جس طرف یہ بھارت کو لے کر جارہے ہیں اس میں کسی اور کی جگہ نہیں، آرایس ایس صرف ہندوتوا چاہتے ہیں، ان کو جس کا پتہ چلے کہ اس نے گائے کا گوشت کھایا تو اس کو قتل کردیا جاتا ہے اور اگر آر ایس ایس کو روکا نہ گیا تو یہ دیگر مذاہب کے افراد کو بھی تنگ کرے گی جب کہ کشمیرمیں 27 روزسے کرفیولگا ہے لوگوں کے پاس کھانا پینا ختم ہوچکا ہے، اور یہ انسانیت کے خلاف ہے، کشمیر میں مسلمانوں کے بجائے سکھ بھی ہوتے ہیں میں آواز بلند کرتا۔

بہاماس میں خوفناک سمندری طوفان، فلوریڈا کے کئی علاقے خالی کرالیے گئے

ٹائٹسویل(ویب ڈیسک) مغربی بہاماس میں ڈوریان نامی طوفان اس وقت تک کا سب سے طاقتور طوفان تصور کیا جارہا ہے، جس سے کم از کم 2 روز تک موسلا دھار بارشوں، اونچی لہروں کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے اور اس کے پیش نظر امریکی ریاست فلوریڈا کا کچھ حصہ خالی کرالیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی) کا کہنا تھا کہ ڈوریان 5ویں کیٹیگری کا طوفان ہے جس میں ہوا کی رفتار 285 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور اس کا طاقت 322 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی زیادہ ہے۔مقامی ٹوم کرینن کا کہنا تھا کہ آباکو جزیرے کے قریب ‘گوانا کے’ 14 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر لہروں میں شدت آگئی۔چند مقامی افراد ناساو¿ اور دیگر مقامات پر منتقل ہوگئے جبکہ 200 سے 300 افراد طوفان کا سامنا کرنے کے لیے گوانا کے میں موجود ہیں جہاں بجلی پہلے ہی منقطع کردی گئی ہے اور موسم کا حال بتانے والوں کی پیش گوئی کے مطابق 61 سینٹی میٹر تک بارش اور 7 میٹر تک طوفان میں اضافہ دیکھا جاسکتا ہے۔ٹوم کرینن کا کہنا تھا کہ ‘وزیر اعظم نے ہدایت دی ہے کہ سب آباکو سے باہر نکل جائیں مگر ہمارے پاس جانے کے لیے کوئی اور جگہ نہیں، امریکی براعظم کے ملک بہاماس سے ٹکرانے والا یہ سب سے طاقتور طوفان ہے، میں فلوریڈا میں ہی بڑا ہوا اور اس سے قبل بھی طوفانوں کا سامنا کرچکا ہوں’۔بہاماس سے گزرنے کے بعد ڈوریان کے فلوریڈ کے جنوب مغربی علاقے کی جانب جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے جہاں این ایچ سی نے ریاست کے مشرقی ساحل پر طوفان کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔اس طرح کی تنبیہ اور طوفان کی شدت میں اضافے کی وجہ سے قریبی پام ساحل اور مارٹن کاﺅنٹیز نے چند رہائشیوں کو لازمی طور پر علاقہ خالی کرنے کا کہا ہے۔ساحل کے ساتھ دیگر علاقوں میں عوام سے رضاکارانہ طور پر علاقہ خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔طوفان کے فلوریڈا سے ٹکرانے کی پیش گوئی نہ ہونے کے باوجود این ایچ سی نے رہائشیوں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔این ایچ سی کا کہنا تھا کہ ‘فلوریڈا میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے’۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے فلوریڈا سے شمالی کیرولینا کے مشرقی ساحلی پٹی کو طوفان کے خدشات سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ اب تک کا سب سے طاقتور ترین طوفان معلوم ہوتا ہے’۔وفاقی ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی (فیما) کے نگراں ایڈمنسٹریٹر پیٹر گینور کا کہنا تھا کہ ان کے ادارے نے جنوب مشرقی امریکا میں غذا، پانی اور جنریٹرز پہنچانا شروع کردیئے ہیں۔سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم ڈوریان سمیت کسی بھی طوفان کے باعث متوقع چیز کے لیے تیار ہیں’۔بہاماس میں موجود زیادہ تر سیاح جمعہ کے روز ایئرپورٹ کی بندش سے قبل ہی یہاں سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔

وزیراعظم کا ائیرہیڈکوارٹرز کا دورہ،فروری میں دفاع کرنے اور دہشتگری کیخلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا

راولپنڈی(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے سینئر ارکان کے ہمراہ ائیرہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان ائیرہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے پر پہنچے تو پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ انہوں نے پاک فضائیہ کے شہداءکی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔وزیراعظم عمران خان نے فروری میں ملک کی فضائی حدود کا کامیاب دفاع کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔وزیراعظم نے قومی تعمیر کی سرگرمیوں اور پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے میں بھی پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ دورہ کرنے والے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان بھی شامل تھیں۔یاد رہے کہ رواں سال 27 فروری کو بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستان حدود کی خلاف ورزی پر پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔پاکستان حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے حراست میں لیا جس کا نام ونگ کمانڈر ابھی نندن تھا جسے بعد ازاں پروقار طریقے سے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے پوسٹرز آویزاں

سری نگر(ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے پوسٹرز آویزاں کردیے گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی شاہراہوں اور گلیوں میں پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے پوسٹرز اور ہینڈبلز آویزاں کیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پوسٹرز میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کشمیریوں کے لیے آخری گولی اور آخری سپاہی تک لڑنے کا بیان تحریر کیا گیا ہے۔جب کہ پوسٹر میں حریت رہنماو¿ں کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہےکہ کشمیری زمین پر جنت اپنے وطن سے بھارت کو نکالنے کے لیے شانہ بشانہ ہوں گے اور جنت غاصب بھارتی فوج کا مسکن نہیں بن سکتی۔یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے اور مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاﺅن کی صورتحال ہے جہاں میڈیا کے نمائندوں کا داخلہ بھی بند ہے۔
کشمیر کی موجودہ صورتحال کا پس منظر
بھارت نے 5 اگست کو راجیہ سبھا میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بل پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کو وفاق کے زیرِ انتظام دو حصوں یعنی (UNION TERRITORIES) میں تقسیم کردیا جس کے تحت پہلا حصہ لداخ جبکہ دوسرا جموں اور کشمیر پر مشتمل ہوگا۔بھارت نے اب یہ دونوں بل لوک سبھا سے بھی بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے ہیں۔
آرٹیکل 370 کیا ہے؟
بھارتی آئین کا آرٹیکل 370 مقبوضہ کشمیر میں خصوصی اختیارات سے متعلق ہے۔آرٹیکل 370 ریاست مقبوضہ کشمیر کو اپنا آئین بنانے، اسے برقرار رکھنے، اپنا پرچم رکھنے اور دفاع، خارجہ و مواصلات کے علاوہ تمام معاملات میں آزادی دیتا ہے۔بھارتی آئین کی جو دفعات و قوانین دیگر ریاستوں پر لاگو ہوتے ہیں وہ اس دفعہ کے تحت ریاست مقبوضہ کشمیر پر نافذ نہیں کیے جا سکتے۔بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت کسی بھی دوسری ریاست کا شہری مقبوضہ کشمیر کا شہری نہیں بن سکتا اور نہ ہی وادی میں جگہ خرید سکتا ہے۔
کشمیر میں اب کیا ہورہا ہے؟
بھارت نے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے سے قبل ہی مقبوضہ کشمیر میں اضافی فوجی دستے تعینات کردیے تھے کیوں کہ اسے معلوم تھا کہ کشمیری اس اقدام کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی تعداد اس وقت 9 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے وادی بھر میں کرفیو نافذ ہے، ٹیلی فون، انٹرنیٹ سروسز بند ہیں، کئی بڑے اخبارات بھی شائع نہیں ہورہے۔بھارتی انتظامیہ نے پورے کشمیر کو چھاو¿نی میں تبدیل کررکھا ہے، 7 اگست کو کشمیری شہریوں نے بھارتی اقدامات کیخلاف احتجاج کیا لیکن قابض بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیریوں پر براہ راست فائرنگ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی کشمیری شہید اور زخمی ہوئے۔کشمیر میں حریت قیادت سمیت بھارت کے حامی رہنما محموبہ مفتی اور فاروق عبداللہ بھی نظر بند ہیں۔

بھارت اور افغانستان کیلئے جاسوسی کرنے والا ایجنٹ طورخم سے گرفتار

طورخم (ویب ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے بھارت اور افغانستان کے لیے جاسوسی کرنے والے افغان ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران شاہد نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 22 اگست کو طورخم بارڈر سے افغان ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ افغان ایجنٹ کے پاس افغان پاسپورٹ بھی موجود تھا اور وہ 5 مرتبہ بھارت بھی جاچکا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ عمر داو¿د نامی جاسوس افغانستان اور بھارتی ایجنسیوں کے لیے کام کررہا تھا۔عمران شاہد نے کہا کہ عمر داو¿د نامی افغان ایجنٹ کرک کا رہائشی ہے اور ملزم کے پاس پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے پاسپورٹ موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغان ایجنٹ نے پشتون لبریشن آرمی کے نام سے ایک گروہ تشکیل دیا تھا اور پشتونوں کو پاکستان کے سیکیورٹی اہلکاروں اور ملک کے خلاف بھڑکا رہا تھا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم کو افغانستان کی حمایت حاصل ہے اور اسے وہاں ملازمت بھی دی گئی۔عمران شاہد نے کہا کہ ملزم 5 مرتبہ بھارت گیا، اس دوران جاسوس نے بھارت کی جامعات میں لیکچر اور مختلف چینلز کو انٹرویوز بھی دیے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا انسداد دہشت گردی کا محکمہ (سی ٹی ڈی) افغان ایجنٹ عمر داو¿د کے خلاف مزید تحقیقات کرے گا۔واضح رہے کہ ماضی میں بھی پاکستان میں بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات چلائے گئے۔3 مارچ 2016 کو پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے کام کرنے والے بھارتی نیوی کے حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن یادیو عرف حسین مبارک پٹیل کو غیرقانونی طور پر ملک میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔بعدازاں اپریل 2017 کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے کلبھوشن یادیو کو پاکستان کی جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کی توثیق 10 اپریل کو ا?رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی تھی۔بھارت نے 9 مئی 2017 کو عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کی پھانسی کے خلاف اپیل دائر کی تھی، اور درخواست کی تھی کہ آئی سی جے پاکستان کو بھارتی جاسوس کو پھانسی دینے سے روکے، جسے سماعت کے لیے مقرر کرلیا گیا تھا۔رواں سال 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی تھی۔عالمی عدالت نے کلبھوشن یادیو کو پاکستانی فوجی عدالت کی جانب سے دیا جانے والا سزائے موت کا فیصلہ منسوخ اور حوالگی کی بھارتی استدعا بھی مسترد کردی تھی جبکہ حسین مبارک پٹیل کے نام سے کلبھوشن کے دوسرے پاسپورٹ کو بھی اصلی قرار دیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ پاکستان کلبھوشن کو قونصلر رسائی دے۔بعدازاں پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو ویانا کنونشن کے تحت آج (2 ستمبر کو) قونصلر رسائی دے دی۔اطلاعات کے مطابق بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیہ، ویزہ افسر اور زیر حراست بھارتی جاسوس کے درمیان سب جیل میں یہ ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔

پولیس حراست میں اے ٹی ایم کارڈ چور کی ہلاکت، مقدمے میں ایس ایچ او نامزد

رحیم یار خان(ویب ڈیسک)رحیم یار خان سٹی اے ڈویڑن پولیس نے دورانِ حراست ہلاک ہونے والے صلاح الدین کے والد کی درخواست پر اسٹیشن ہاو¿س افسر (ایس ایچ او) محمود الحسن، تفتیشی افسر سب انسپکٹر شفاعت علی اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) مطلوب حسن کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔آٹومیٹک ٹیلر مشین (اے ٹی ایم) میں چوری کے دوران ‘عجیب حرکتیں’ کرکے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے اور بعد ازاں دوران حراست ہلاک ہونے والے صلاح الدین کے والد محمد افضال نے سپرنٹنڈنٹ پولیس انویسٹی گیشن کو ایس ایچ او، ایس آئی اور اے ایس آئی کے خلاف درخواست جمع کروائی تھی۔درخواست میں محمد افضال نے کہا کہ ان کا بیٹا صلاح الدین ذہنی طور پر معذور تھا اور اسی وجہ سے انہوں نے اس کے بازو پر نام اور ایڈریس کندہ کروایا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر 2019 کو انہیں معلوم ہوا ان کا بیٹا صلاح الدین پولیس حراست میں ہلاک ہوگیا اور جب انہوں نے ضلع رحیم یار خان تھانہ سٹی ڈویڑن اے رابطہ کیا تو اس حوالے سے کوئی معلومات حاصل نہ ہوسکیں۔درخواست میں کہا گیا کہ بعدازاں وہ اپنے بھتیجوں محمد نواز اور ہارون امتیاز کے ہمراہ رحیم یار خان آئے جہاں پہنچ کر انہیں علم ہوا کہ سٹی اے ڈویڑن پولیس نے صلاح الدین کو چوری کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔صلاح الدین کے والد نے درخواست میں کہا کہ ایس ایچ او محمود الحسن، ایس آئی شفاعت علی اور اے ایس آئی مطلوب حسین نے تفتیش کے دوران تشدد کرکے ان کے بیٹے کو قتل کردیا تھا اور گھر والوں کو اطلاع دیے بغیر اس کا پوسٹ مارٹم کروادیا۔مذکورہ درخواست پر سٹی اے ڈویڑن پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد افضال نے بتایا کہ ان کے بیٹے کو پہلے بھی 3 مرتبہ گرفتار کرکے راولپنڈی اور فیصل آباد کی جیلوں میں بھیجا گیا تھا لیکن ہمیشہ معذوری کے باعث ہمیشہ رہا کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے صلاح الدین کو ناحق قتل کیا اور وہ اب اپنے بیٹے کے قتل پر انصاف کے طلب گار ہیں۔محمد افضال کے وکیل اسامہ خالد گھمن نے بتایا کہ انہیں امید ہے نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا اور صلاح الدین کو انصاف ملے گا۔علاوہ ازیں شیخ زید میڈیکل کالج کے ترجمان رانا الیاس احمد نے ذرائع کو بتایا کہ صلاح الدین کے مختلف اعضا کے نمونے لاہور میں قائم پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کو بھجوائے گئے ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ ایک مہینے تک مکمل کی جائے گی۔ترجمان نے صلاج الدین کی لاش لواحقین کے حوالے سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آٹومیٹک ٹیلر مشین (اے ٹی ایم) میں چوری کے دوران ‘عجیب حرکتیں’ کرکے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والا شخص پنجاب پولیس کی حراست میں ہلاک ہوگیا تھا۔ضلعی پولیس کے ترجمان ذیشان رندھاوا نے واٹس ایپ کے ذریعے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ دوران حراست صلاح الدین کی حالت اچانک بگڑ گئی تھی اور وہ ہسپتال لے جاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔انہوں نے بتایا تھا کہ اے ٹی ایم چوری میں ملوث شخص حراست کے دوران پاگلوں والی حرکتیں کر رہا تھا، اس کی حالت بگڑ جانے پر اسے شیخ زید میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی لاش کو قانونی چارہ جوئی کے بعد سرد خانے میں منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا تھا کہ ملزم کی موت کی وجہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد معلوم ہوگی۔

ہواوے کے نئے فلیگ شپ فونز 19 ستمبر کو متعارف ہوں گے

شینزن(ویب ڈیسک)اس ماہ صرف ایپل کے نئے آئی فونز ہی متعارف نہیں ہورہے بلکہ چینی کمپنی ہواوے بھی اپنے نئے فلیگ شپ میٹ 30 سیریز کے فونز پیش کرنے والی ہے۔کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا ہے کہ جرمن شہر میونخ میں 19 ستمبر کو میٹ 30 سیریز کے فونز متعارف کرائے جارہے ہیں۔اس حوالے سے کمپنی نے ایک مختصر ویڈیو ٹوئیٹ کی جس میں میٹ 30 اور میٹ 30 پرو کے کیمرا سسٹم پر زور دیا گیا ہے، جو اس لیے حیران کن نہیں کیونکہ گزشتہ سال کے میٹ 20 کو اس کے بہترین کیمرا سسٹم کے باعث ہی سراہا گیا تھا۔مگر ٹوئیٹ میں ایونٹ کی ٹیگ لائن ‘ری تھنک پاسبلٹیز’ سے عندیہ ملتا ہے کہ اس بار ہواوے کے فلیگ شپ فونز گوگل کے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے اہم پہلوﺅں کو استعمال کرنے سے قاصر ہوں گے۔گزشتہ ہفتے گوگل کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ ہواوے پر عائد امریکی پابندی کے حوالے سے ریلیف دینے والے عارضی لائسنس کا اطلاق اس کمپنی کی نئی مصنوعات میں نہیں ہوتا اور ممکنہ طور پر وہ میٹ 30 سیریز میں گوگل پلے اسٹور، گوگل ایپس اور لائسنس اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم استعمال نہیں کرسکے گی۔گوگل نے بعد ازاں وضاحت کی تھی کہ ہواوے اینڈرائیڈ کو استعمال کرسکے گی کیونکہ یہ ایک اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم ہے مگر اس کے باوجود ایسا ممکن ہے کہ اس میں لائسنس گوگل ایپس نہ ہوں۔اب تک امریکی محکمہ تجارت کو ہواوے کے ساتھ کاروبار کی خواہشمند کمپنیوں کی جانب سے لائسنس کے لیے 130 سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، مگر کسی ایک کی بھی فی الحال منظوری نہیں دی گئی۔میٹ 30 سیریز کے فونز کے حوالے سے غیریقینی صورتحال پر ہواوے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کا استعمال اس صورت میں جاری رکھے گی جب امریکی حکومت کی جانب سے اس کی اجازت دی جائے گی، دوسری صورت میں ہم اپنے آپریٹنگ سسٹم اور ایپس کی تیاری کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔