بھارتی فوج کی ایل او سی پر شہری آبادی پر فائرنگ، 3 سالہ بچی سمیت 2 افراد شہید

نیکرن سیکٹر (ویب ڈیسک)بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نیکرن سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ میں 3 سالہ بچی سمیت 2 افراد شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے نیکرن سیکٹر پر جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک بچی سمیت دو شہری شہید اور 3 زخمی ہوئے۔بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں 3 سال کی بچی نوشین اور 45 سالہ عبدالجلیل شامل ہیں جبکہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے لائن ٰآف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، بھارت فوج کی فائرنگ و گولہ باری میں اب تک کئی شہری اور فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں۔

’لال کبوتر‘ اور ’باجی‘ عالمی فلم فیسٹیول کے لیے منتخب

لاہور(ویب ڈیسک)اداکارا میرا، خالد عثمان بٹ اور آمنہ الیاس کی فلم ’باجی‘ نے جہاں رواں ماہ اگست کے آغاز میں کینیڈا میں ہونے والے موسیک انٹرنیشنل ساﺅتھ ایشین فلم فیسٹیول میں 2 ایوارڈز اپنے نام کیے تھے۔اب وہیں اس فلم کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا۔یہی نہیں بلکہ ’باجی‘ کے ساتھ اس فلم فیسٹیول میں رواں برس ریلیز ہونے والی ایک اور فلم ’لال کبوتر‘ کو بھی پیش کیا جائے گا۔دوسری جانب ’لال کبوتر‘ کو جہاں واشنگٹن میں ہونے والے عالمی فلم فسیٹیول میں پیش کیا جائے گا، وہیں اسے سنگاپور میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جائے گا۔’باجی‘ فلم کے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر بتایا گیا کہ فلم کو آئندہ ماہ 21 ستمبر کو ’واشنگٹن ڈی سی ساو¿تھ ایشن فلم فیسٹیول‘ میں دوپہر کو پیش کیا جائے گا۔اسی فیسٹیول کے دوران فلم ’لال کبوتر‘ کو بھی پیش کیا جائے گا جب کہ فیسٹیول میں دیگر جنوبی ایشین ممالک کی فلموں کو بھی پیش کیا جائے گا۔دوسری جانب فلم ’لال کبوتر‘ کے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر کی گئی ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا گیا کہ فلم کو آئندہ ماہ سنگاپور ’ساﺅتھ ایسٹ ایشین انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ میں 4 ستمبر کو پیش کیا جائے گا۔

سابق آسٹریلوی کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین سٹیو سمتھ کی لندن میں امتنان شاہدسے بات چیت پاکستان نے ہر دور میں دنیائے کرکٹ کو بہترین با ﺅ لر دئیے وہاب ریاض کے گرد پاکستان کا باﺅلنگ اٹیک گھومتا ہے ایشنر کے چوتھے میچ میں ایکشن میں دکھائی دوں گا; سٹیوسمتھ

لندن (اپنے نمائندے سے)آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان اور موجود مایہ ناز بیٹسمین سٹیوسمتھ نے کہا ہے کہ فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض پاکستانی ٹیم کا بہترین باﺅلر ہے اور پاکستانی باﺅلنگ اٹیک کی جان ہے۔ پاکستان کے اندر فاسٹ باﺅلر پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور ہر دور میں پاکستان نے دنیائے کرکٹ کو بہترین باﺅلرز دئیے ہیں۔ انگلش آل راﺅنڈر بین سٹوکس اس وقت اپنی زنذدگی کی سب سے عمدہ فارم میں ہیں اور انہی کی وجہ سے ورلڈکپ میں انگلینڈ کی کامیابی ممکن ہوئی۔ کوئی شک نہیں کہ ویرات کوہلی اس وقت کے بہترین بیٹسمین ہیں لیکن ان سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ میں ہر میچ ٹیم کے لیے کھیلتا ہوں‘ اپنے لئے نہیں۔ میچ کے دن ”Good Luck“ یا ”Bad Luck“ نہیں ہوتی‘ آپ کی اپنی صلاحیت ہوتی ہے کہ آپ کس طرح پرفارم کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان اور ایشنر سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں لگا تار 2 سنچریاں سکور کرنے والے مایہ ناز بیٹسمین سٹیو سمتھ نے ایڈیٹر خبریں و سی ای او چینل ۵ امتنان شاہد سے اپنی بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ان کی چوٹ پہلے سے بہتر اور انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس موقع پر موجود آسٹریلیا کی ٹیم کے آف سپین باﺅلر نیتھن لائین نے یہ کہا کہ آف سپین باﺅلنگ میں اگر کبھی نام یاد رکھا جائے گا تو وہ ثقلین مشتاق کا ہوگا جنہوں نے آف سپین باﺅلنگ کو ایک نیا Angle دیا‘ دوسرا متعارف کروایا اور کریز کا استعمال باﺅلرز کے لیے بہتر کیا۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ میں اکثر ان کی اور مرلی دھرن کی ویڈیوز دیکھتا رہتا ہوں۔ گفتگو میں موجود آسٹریلوی فاسٹ باﺅلر پیٹر سڈل نے کہا کہ موجود ایشنر سیریز آسٹریلیا کی ٹیم کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے لیکن ٹیم ایشنر جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ہمارے پاس وہ تمام کھلاڑی موجود ہیں جو انگلینڈ کو انگلینڈ میں ٹی ٹائم دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلین میگراتھ کی باﺅلنگ اور ان سٹائل دنیا بھر کے سیم اور فاسٹ باﺅلرز کے لئے ایک گائیڈ لائن ہے کیونکہ اگر آپ کے پاس سوئنگ نہیں تو آپ کس طرح لائن ولینتھ سے بڑے بڑے بیٹسمینوں کو بیٹنگ کے دوران تنگ کرسکتے ہیں۔‘ یہ گلین میگراتھ کی باﺅلنگ سے ہی سیکھنے کو ملتا ہے۔

مہوش حیات کا نام عالمی تبدیلی کے لیے کوشاں خواتین کی فہرست میں شامل

کراچی(ویب ڈیسک) ایک بین الاقوامی میگزین نے مہوش حیات کا نام عالمی تبدیلی کے لیے کوشاں خواتین کی فہرست میں شامل کرلیا۔دنیا بھر میں 26 اگست کے روز خواتین کی برابری کا دن منایا جاتا ہے اس حوالے سے ایک بین الاقوامی میگزین ’دی مسلم وائب‘ نے خواتین کی معاشرے میں کاوشوں کے تناظر میں ایک مضمون شائع کیا ہے جس میں دنیا بھر سے مختلف پانچ ا±ن خواتین کے نام شامل کیے گئے ہیں جوکہ نہ صرف معاشرے کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں بلکہ خواتین کے لیے بھی مشعل راہ بن رہی ہیں۔میگزین کی جانب سے جاری کردہ مضمون میں خواتین کی فہرست میں تمغہ امتیاز یافتہ مہوش حیات کا نام بھی شامل ہے جوکہ دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خواتین کے حقوق، لڑکیوں کی تعلیم، انسانی حقوق اور خیراتی کام کے لیے مشغول ہیں۔عالمی تبدیلی کے لیے کوشاں خواتین کی فہرست میں نام شامل ہونے پر مہوش حیات خوشی پر قابو نہ رکھ سکیں اور ٹویٹر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ عالمی میگزین ’ مسلم وائب‘ نے دنیا بھر سے ایسی خواتین کی فہرست کے لیے میرا انتخاب کیا جو روایتی سوچ کو ختم اور دنیا تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔مہوش حیات نے یہ بھی کہا کہ دیگر مسلم خواتین کی طرح میری سوچ بھی عین ا±ن خواتین جیسی ہے جو معاشرے کی بہتری چاہتی ہیں۔واضح رہے کہ میگزین میں شامل خواتین کی فہرست میں مصر سے تعلق رکھنے والی منال روسٹم ، صومالی نڑاد امریکن الحان عمر، امریکن سیاسی کارکن لنڈا سرسور اور امریکن نڑاد اولمپیئن ابتہاج محمد نامی خاتون شامل ہیں۔

وزیراعظم کا بھارت کیلئے فضائی حدود اور زمینی راستے کی مکمل بندش پر غور، فواد چوہدری

لاہور (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بھارت کیلئے پاکستان کی فضائی حدود اور زمینی راستے مکمل طور پر بند کرنے پر غور کررہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود مکمل طور پر بند کرنے پر غور کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے افغانستان کو تجارت کیلئے پاکستانی سرزمین کے استعمال پر مکمل پابندی پر غور کیا گیا جس کیلئے قانونی پہلوﺅں کو دیکھا جارہا ہے۔فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ شروعات مودی نے کی لیکن ختم ہم کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردی تھی جس کے باعث بھارت کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کشمیریوں کیلئے ہر حد تک جانے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں 23 روز سے لاک ڈاو¿ن ہے جس کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہوگئی ہے

یونیورسٹی طالبہ نوجوان کو برقعہ پہناکر گرلز ہاسٹل لے جاتے ہوئے پکڑی گئی

ملتان(ویب ڈیسک) بہاءالدین زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) کا سابق طالب علم برقعہ پہن کر گرلز ہاسٹل پہنچے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا۔لودھراں کا رہائشی محمد دانیال اپنی دوست کو ملنے بہاءالدین زکریا یونیورسٹی پہنچا تو طالبہ نے نوجوان کو برقعہ پہنا کر ہاسٹل میں لے جانے کی کوشش کی تاہم مین گیٹ پر مشکوک حرکات کے باعث گارڈ نے برقعہ پوش نوجوان کو پکڑ لیا۔سیکیورٹی گارڈ نے نوجوان کو کمرے میں بند کرکے پولیس کو بلوایا جبکہ طالبہ نے موقف اختیار کیا کہ دانیال اس کا رشتہ دار اور منگیتر ہے۔جامعہ زکریا کی انتظامیہ کی درخواست پر پولیس نے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے۔دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ طالبہ کے خلاف بھی کارروائی کررہی ہے۔

سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان کی والدہ انتقال کرگئیں

کراچی(ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان کی والدہ علالت کے باعث انتقال کرگئیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق یونس خان کی والدہ کچھ عرصے سے علیل تھیں اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھیں۔ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ والدہ میرے ساتھ رہتی تھیں، ان کی عمر87 سال تھی۔ والدہ گزشتہ ڈیڑھ ،2 سال سے بیمار تھیں اور ڈائی لیسز پر تھیں۔ یونس خان کی والدہ کی تدفین مردان میں کی جائے گی۔

فیفا نے انڈر 17 فٹ بال ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا

برازیلیہ (ویب ڈیسک) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے انڈر 17 فٹ بال ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ 26 اکتوبر سے 17 نومبر تک برازیل میں کھیلا جائے گا۔فیفا کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 24 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں چھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں میزبان برازیل، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور انگولا گروپ بی میں نائیجیریا، ہنگری، ایکواڈور اور آسٹریلیا، گروپ سی میں جنوبی کوریا، ہیٹی، فرانس اور چلی گروپ ڈی میں امریکا، سینیگال، جاپان اور ہالینڈ، گروپ ای میں سپین، ارجنٹائن، تاجکستان اور کیمرون جبکہ گروپ ایف میں میکسیکو، اٹلی، پیراگوائے اور سولومن جزائر شامل ہے۔ہر ٹیم تین تین گروپ میچ کھیلے گی اور دو ٹاپ ٹیمیں ناک آﺅٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی، ٹورنامنٹ کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

بریڈمین ہال آف فیم کا وقار یونس کے لیے اعزاز کا اعلان

سڈنی(ویب ڈیسک ) 13 واں سالانہ بریڈمن گالا ڈنر اس برس پاکستان کے مایا ناز تیز گیند باز وقار یونس کے اعزاز میں دیا جائے گا جس میں ماضی اور حال کے نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔منتظمین کے مطابق 13 نومبر بروز بدھ کو آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراﺅنڈ میں شاندار گالا ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وقار یونس نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران ایک روزہ اور ٹیسٹ مقابلوں میں 789 وکٹیں حاصل کیں۔90 کی دہائی میں وقار یونس جب اپنے ساتھی وسیم اکرم ساتھ گیند بازی کرتے تھے تو ان کے پاﺅں توڑ دینے والے یارکرز بلے بازوں کے لیے ڈراﺅنے خواب کی ماند تھے۔خیال رہے کہ ہر سال کرکٹ کے بریڈمن میوزیم کی جانب سے دو ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جنہوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہو۔کھلاڑیوں کے انتخاب میں کرکٹ کے لیے ان کی لگن، محنت، تکریم، دیانت داری، ہمت، عاجزی اور عزم کو مد نظر رکھا جاتا ہے۔قبل ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے بھی وقار یونس کو اپنے ہال آف فیم میں شامل رکھا ہے۔آئی سی سی نے 2013ءمیں وقار یونس کو شامل کیا تھا اور اس کے بعد کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی اس فہرست میں شامل نہیں ہو سکاہے۔

کشمیر پر پاکستان کے علاوہ کوئی ملک نہیں بات کر رہا،کسی کی تجارت ہے تو کسی کے ذاتی مفاد،کشمیری اور پاکستانی یہ جنگ مل کر لڑیں گے۔ سید علی گیلانی کا ٹویٹ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ کشمیر پر پاکستان کے علاوہ کوئی ملک نہیں بات کر رہا۔ کسی کی تجارت ہے تو کسی کے ذاتی مفاد،کشمیری اور پاکستانی یہ جنگ مل کر لڑیں گے۔

ایک اور میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سید علی گیلانی نے تمام لوگوں ، سرکاری ملازمین، افسروں اور پولیس اہلکاروں پر زوردیا ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔پانچ اگست کو بھارت کی طرف سے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعدکشمیرمیڈیا سروس کو اتوار کو موصول ہونے والے پہلے باضابطہ بیان میں سیدعلی گیلانی نے کہا کہ ہمارے پاس مقابلہ کرنے کے سوا کوئی متبادل راستہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر بھارت اپنی پوری فوج بھی مقبوضہ کشمیر لے آئے تب بھی کشمیر ی عوام اپنے حقوق اور آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہاکہ بھارت کے تمام تر منفی ہتھکنڈوںکے باوجود مسئلہ کشمیر دنیا بھر میںپہلے سے زیادہ گونج رہا ہے جس کا واضح ثبوت کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا حالیہ اجلاس اور کشمیر یوں کے موقف کی بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں پذیرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ان کی بڑی کامیابی ہے کہ حق خودارادیت کے لیے جدوجہد اور کشمیریوں کے سیاسی موقف کا منصفانہ ہونے کے سوا اب کوئی بیانیہ نہیں رہا۔انہوں نے کہاکہ یہ تمام طبقوں کے لیے آخری سنہری موقع ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہدمیں شامل ہوجائیں۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ حق و صداقت اور یکجہتی کے سامنے اسلحہ اور گولہ بارود نے ہمیشہ شکست کھائی ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ صبر، حوصلہ اورنظم وضبط ایک نہتی قوم کے وہ ہتھیار ہیں جن سے وہ بڑی سے بڑی فوجی طاقت کو زیر کر سکتی ہے۔ انہوںنے بیرونی ممالک میں مقیم کشمیر یوں پربھی زوردیا کہ وہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے سفیر بن کر جدوجہد آزادی میں اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثناءقابض انتظامیہ نے مسلسل21ویں روز بھی وادی کشمیر میں کرفیو اور دیگر سخت پابندیاں جاری رکھیں۔