پاکستان کو ریکوڈک کیس میں تقریباً 6 ارب ڈالر کا جرمانہ

واشنگٹن(ویب ڈیسک)عالمی بینک کے انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس (اکسڈ) نے ریکوڈک ہرجانہ کیس میں پاکستان پر تقریباً 6 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا۔پاکستان کو ہرجانے کی رقم چلی اور کینیڈا کی مائننگ کمپنی ٹیتھیان کو ادا کرنا ہوگی۔ذرائع وزرات قانون کے مطابق عالمی بینک کے انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس نے فیصلہ سنایا جو کہ پاکستان کو موصول ہوگیا ہے اور اس فیصلے سے وزیراعظم عمران خان کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کے ٹریبونل کا فیصلہ 700 صفحات پر مشتمل ہے، فیصلے کے پیرا گراف 171 میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان معاہدے کو کالعدم کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین سے نابلد تھی اور ان کے پاس پیشہ وارانہ مہارت بھی نہ تھی۔فیصلے میں پاکستان کی طرف سے پیش کیے جانے والے گواہ اور ماہر ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی گواہی کو بنیاد بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کے گواہ ثمر مبارک مند نے بیان دیا تھا کہ ریکوڈک پروجیکٹ سے ڈھائی ارب ڈالر سالانہ اور مجموعی طور پر 131 ارب ڈالر حاصل ہونا تھے لہٰذا پاکستان کی حکومت کو معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر 4 ارب ڈالر ہر جانہ جب کہ سود اور دیگر اخراجات کی مد میں پونے دو ارب ڈالر ادا کرنے ہوں گے جو کہ مجموعی طور پر تقریباً 6 ارب ڈالر بنتے ہیں۔وزارت قانون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی قانونی ٹیم کی کامیابی ہے کہ کمپنی کے 16 ارب ڈالر ہرجانے کے دعوے کو 6 ارب ڈالر تک لانے میں کامیاب ہوئی اور اس طرح 10 ارب ڈالر بچالیے۔ذرائع کے مطابق اکسڈ کے فیصلے سے حکومت پاکستان مطمئن نہیں ہے تاہم فیصلے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسے چیلنج کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ٹیتھیان کمپنی کو 1993 میں بلوچستان کے علاقے چاغی میں سونے اور تانبےکے ذخائر کی تلاش کا لائسنس جاری کیا گیا تھا لیکن سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2011 میں بلوچستان میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی تلاش کے لیے ٹتھیان کاپر کمپنی کو دیا جانے والا لائسنس منسوخ کرکے پروجیکٹ کالعدم قرار دیا تھا۔ کمپنی نے عدالتی فیصلے کے خلاف عالمی بینک کے ثالثی ٹریبونل سے رجوع کیا تھا اور پاکستان سے 16 ارب ڈالر ہرجانہ وصول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

سری دیوی کے قتل کی خبروں پربونی کپوربھی بول پڑے

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کے قتل کی خبروں پران کے شوہر بونی کپور کا بیان سامنے آگیا۔گزشتہ برس دنیا بھر میں اپنے مداحوں کوسوگوارچھوڑکرجانے والی اداکارہ سری دیوی کی موت سے متعلق چند روز پہلے بھارتی ریاست کیرالا کے جی ڈی پی رشی راج سنگھ نے انکشاف کیا تھا کہ اداکارہ کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے نہیں ہوئی تھی بلکہ انہیں قتل کیا گیا تھا۔رشی راج سنگھ کے اس انکشاف نے بالی ووڈ میں ہلچل مچادی تھی تاہم اب سری دیوی کی موت کے حوالے سے گردش کرنے والی ان خبروں پرآنجہانی اداکارہ کے شوہرپروڈیوسر بونی کپور کا بیان سامنے آیا ہے۔بونی کپورکا کہنا ہے کہ یہ خبرنہیں بلکہ کسی کے دماغ کی بنائی ہوئی کہانیاں ہیں اور وہ اس طرح کی بے بنیاد خبروں پر کوئی ردعمل دینا نہیں چاہتے اور نہ ہی ردعمل دینے کی ضرورت سمجھتے ہیں کیونکہ اس طرح کی خبریں مسلسل آرہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس سری دیوی دبئی کے ہوٹل کے باتھ روم میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں فارنسک رپورٹس میں کہاگیا تھا کہ اداکارہ شراب نوشی کے باعث توزان برقرار نہ رکھ سکیں اورباتھ ٹب میں ڈوب گئیں، بعد ازاں پولیس نے سری دیوی کی موت کو حادثہ قرار دے کر کیس بند کردیا تھا۔

آسٹریلوی باکسر ناک آﺅٹ، عامر خان ورلڈ چیمپیئن بن گئے

جدہ(ویب ڈیسک)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے آسٹریلین باکسر بلی ڈب کو ناک آﺅٹ کرتے ہوئے ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) ویلٹر ویٹ چیمپیئن بن گئے۔سعودی عرب کے شہر جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں ہونے والی اس فائٹ کے آغاز میں ہی عامر خان حریف پر تابڑ توڑ مکے برساتے دکھائی دیے۔چوتھے راﺅنڈ میں ہی عامر خان نے آسٹریلین حریب بلی ڈب کو ناک آﺅٹ کرکے ڈبلیو بی سی ویلٹر ویٹ چیمپیئن شپ جیت لی۔اپنی فائٹ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے فلپائن سے تعلق رکھنے والے سابقہ چیمپیئن مینی پاکیو سے مقابلہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔خیال رہے کہ جدہ میں عامر خان سے بھارتی باکسر نیراج گویت نے مقابلہ کرنا تھا تاہم کار حادثے میں زخمی ہونے کی وجہ سے نیراج اس مقابلے سے دستبردار ہوگئے تھے۔بھارتی باکسر کے فائٹ سے علیحدہ ہونے کے بعد آسٹریلوی باکسر نے عامر خان کے خلاف مقابلے کا فیصلہ کیا تھا۔عامر خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مینی پاکیو سے مقابلے کے خواہشمند ہیں، ہم اس سال کے اختتام پر دوبارہ سعودی عرب آئیں گے اور اپنے ساتھ مینی پاکیو کو بھی لے کر آئیں گے۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصاویر سامنے آئیں جن میں پاکستان آرمی کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کو عامر خان کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘میچ کے اختتام پر سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے عامر خان کو ان کی جیت پر مبارکباد پیش کی۔’

’انگور کھٹے ہیں‘ ایک انگور کی قیمت بھلا کیا؟

ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپان میں ایک خاص نسل کے انگوروں کا خوشہ 11 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے جس کی پاکستانی روپوں میں قیمت ساڑھے 17 لاکھ 40 ہزار روپے کے برابرہے!گہری سرخ رنگت کے یہ انگور ’روبی رومن گریپس‘ کہلاتے ہیں اور انہیں خاص انداز میں کاشت کیا جاتا ہے۔ اس ضمن میں نایاب انگوروں کی بولی لگائی گئی جنہیں ایک تاجر تاکاشی ہوسوکاوا نے 11 ہزار ڈالر کی خطیر رقم دے کر خرید لیا۔ انگوروں کے خوشے میں 24 دانے ہیں یعنی ایک انگور 458 ڈالر کا ہے جو 70 ہزار پاکستانی روپے کے لگ بھگ ہے۔واضح رہے کہ اس جنس کے نایاب انگور 12 سال بعد بازار میں فروخت کےلیے پیش کئے گئے ہیں اور تاکاشی نے اس کی قیمت 12 لاکھ ین لگائی ہے۔ روبی رومن انگور بہت رسیلے، میٹھے اور کم تیزابیت والے ہوتے ہیں۔ تاہم سب سے ضروری بات یہ ہے کہ یہ بہت نایاب ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ دنیا کے انتہائی مہنگے ترین انگور ہیں۔روبی ریڈ انگور سب سے پہلے 2008 میں جاپان میں کاشت کئے گئے تھے اور بہت مقبول ہوئے۔ لیکن ان کی کمیابی کی وجہ سے انہیں انتہائی مہنگے اسٹوروں پر فروخت کیا گیا۔ اس سال 26000 انگور کے دانے فروخت کے لیے پیش کئے جائیں گے لیکن ان سب کی قیمت اتنی زیادہ نہیں ہوگی۔یہ مہنگا ترین انگور تحفے کے طور پر بھی پیش کیا جاتا ہے اور اسے کاروباری مشہوری کےلیے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ جاپان میں مہنگے پھل اسٹیٹس سمبل کے طور پر بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔اس سے قبل جاپان میں دل کی شکل والی اسٹرابیریاں اور چوکور تربوز بھی کاشت کیے جاچکے ہیں جن کی قیمت آسمانوں سے باتیں کرتی نظر آتی ہے۔

ورلڈکپ کیلئے ٹیم میں واپسی کا مطالبہ نہیں کیا، اے بی ڈی ویلیئرز

لندن (ویب ڈیسک)جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے ورلڈکپ میں ریٹائرمنٹ واپس لینے سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔ جنوبی افریقہ کے سابق مایہ ناز کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے سوشل میڈیا پر اپنا تفصیلی بیان جاری کیاہے۔سابق جنوبی افریقن کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے ورلڈ کپ اسکواڈ میں واپسی کی کوششوں کے حوالے سے منسوب خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ٹیم میں واپسی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا۔ورلڈ کپ کے دوران جنوبی افریقی ٹیم کی مسلسل شکست کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے ریٹائرمنٹ واپس لے کر عالمی کپ میں جنوبی افریقی ٹیم کی نمائندگی کی خواہش ظاہر کی لیکن ٹیم مینجمنٹ نے اسے مسترد کردیا۔تاہم ڈی ویلیئرز نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے ٹیم کے کپتان فاف ڈو پلیسی سے بات چیت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ‘فاف اور میں اسکول کے زمانے کے دوست ہیں اور ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان ہونے سے دو دن قبل میں نے ان سے بات چیت کی تھی۔ڈی ویلیئرز نے کہا ”میں انڈین پریمیئر لیگ کے دوران اچھی فارم میں تھا اور میں نے فاف سےکہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو میں دستیاب ہوں، لیکن صرف اس صورت میں کہ اگر ٹیم کو ضرورت ہو۔“

سانگھڑ میں بس نے رکشے کو کچل دیا، 10 افراد جاں بحق

سانگھڑ(ویب ڈیسک) سندھ کے ضلع سانگھڑ میں بس نے چنگچی رکشے کو ٹکر ماردی جس سے10 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔شاہپور چاکر سانگھڑ روڈ پر تیز رفتار بس نے چنگچی رکشے کو ٹکر دی جس کے نتیجے میں اس میں سوار 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں رکشا ڈرائیور سمیت 6 مرد، 2 عورتیں اور 2 بچے شامل ہیں۔ امدادی اداروں نے لاشیں کھڈرو اور سول اسپتال سانگھڑ منتقل کیں جہاں ان کی شناخت کی گئی۔جاں بحق ہونے والے 7 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ زخمی ہونے والوں کی طبی امداد فراہم کی گئی اور پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تیز رفتار بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور رکشہ کو روند دیا۔

ملالہ کی سالگرہ پر فواد چوہدری کی مبارکباد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو جنم دن پر مبارکباد دی ہے۔فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ملالہ کو مبارک باد دی اور رواں برس اکتوبر میں پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔وفاقی وزیر نے لکھا کہ ہم آپ کو اکتوبر میں ہونے والی’تھینک فیوچر‘ کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی مدعوکرتے ہیں، آپ ہمارا اس صدی کا ستارہ ہیں۔ملالہ یوسفزائی نے فواد چوہدری کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ میں اس وقت اتھوپیا میں ہوں اور سیکھ رہی ہوں کہ یہاں تعلیم و مساوات کے لیے کیسے کام ہو رہا ہے۔ملالہ کی سالگرہ پر دنیا بھر میں موجود اس کے مداح مبارک باد بھیج رہے ہیں۔جاوید آفریدی نے بھی ملالہ کو سالگرہ مبارک کہا اور لکھا کہ خوشحال اور آباد رہو، آمین۔دنیا بھر میں مہاجرین کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی نے بھی ملالہ کی سالگرہ پر مبارک کا پیغام بھیجا ہے۔ایک صارف نے لکھا کہ آپ بہترین لڑکی اور پاکستان کا فخر ہیں، آپ کو جنم دن مبارک ہو۔

فلم ”سپر اسٹار “ کا ٹریلر 15جولائی کو ریلیز کیا جائیگا

لالی وڈ (ویب ڈیسک)مومنہ اینڈ د±رید فلمز اور ہم فلمز کی جانب سے اس سال کی سب سے بڑی فلم ”سپر اسٹار “ کا ٹریلر 15جولائی کو ریلیز کیا جائیگا۔اس بات کا اعلان آج سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم کے مرکزی کردار بلال اشرف اور شہروز سبزواری نے کیا ہے۔فلم ’سپراسٹار‘ میں بلال اشرف اور ماہرہ خان مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔واضح رہے کہ فلم ”سپر اسٹار “ کا پوسٹر جون کے پہلے ہفتے میں جاری کیا گیاجسے ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔موشن پوسٹر کے مطابق سپر اسٹار ہم فلمز کے بینر تلے اس سال عید الاضحیٰ کے موقع پر پوری دنیا میں ریلیز کی جائے گی، فلم بین مرکزی کرداروں کو ایک نئے روپ میں دیکھیں گے۔فلم کے موشن پوسٹر میں عاطف اسلم کی سریلی آواز کی ہلکی سی جھلک بھی دی گئی ہے جو سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔اس فلم کی ہدایات احتشام الدین کی ہے جب کہ اس کا اسکرین پلے اور موسیقی اذان سمیع خان نے تیار کئے ہیں۔ فلم کے ڈائیلاگ علی اور مصطفیٰ آفریدی نے لکھے ہیں۔فلم کی دیگر کاسٹ میں ندیم بیگ، جاوید شیخ ،مرینہ خان، عاصمہ عباس، سیف حسن، علیزے شاہ، علی کاظمی اور وقارجیسے نامور اداکار بھی شامل ہیں۔سپر اسٹار میں اداکارہ ہانیہ عامر، سائرہ شہروز، عثمان خالد بٹ اور مانی کی اسپیشل اپیئرنس بھی شامل ہے جبکہ اداکارہ کبریٰ خان کا ایک اسپیشل ڈانس نمبر بھی فلم میں شامل ہے۔

جنسی جرائم کے الزامات پر امریکی گلوکار گرفتار

امریکہ (ویب ڈیسک)گریمی ایوارڈ یافتہ معروف امریکی گلوکار آر کیلی کو نیو یارک پولیس نے جنسی جرائم کے الزامات پر گرفتار کرلیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے امریکی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ گلوکار 13 الزامات کا سامنا کررہے ہیں اور انہیں جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ان پر اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے الزامات لگتے رہے ہیں تاہم انہوں نے ان کی تردید کی ہے۔ 2008 میں ان پر بچوں کی فحش فلمیں بنانے کا الزام لگایا گیا کہ تاہم عدالت نے انہیں الزامات سے بری کردیا تھا۔کیلی کے وکیل نے اسٹیو گرین برگ نے گرفتاری کی تصدیق کردی تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔معروف گلوکار پر 13 سے 16 سالہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور ان کی فخش تصاویر بنانے کا الزام ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق بچوں کے ساتھ ہونے والے ان واقعات کی نشاندہی ایک ’جے پی‘ نامی شخص نے کی ہے جس کے مطابق یہ واقعات مئی 2009 سے جنوری 2010 کے درمیان ہوئے۔

3 ماہ سے لاپتا شخص کو اُسی کے پالتو کتے کھا گئے

ٹیکساس(ویب ڈیسک) امریکا میں 3 ماہ سے لاپتہ شخص سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ اسے اپنے ہی پالے ہوئے 18 کتوں نےاپنی خوراک بنالیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکساس کے رہائشی 57 سالہ فریڈی میک 3 ماہ سے لاپتہ تھے تاہم اب پولیس کو ان کی باقیات چند ہڈیوں کی صورت میں ان ہی کے گھر سے مل گئی ہیں جہاں 18 مخلوط نسل کے کتے بھی موجود تھے۔فرانزک ٹیسٹ سے ثابت ہو گیا ہے کہ یہ باقیات فریڈی کی ہیں اور انہیں کسی اور نے نہیں بلکہ انہی کے پالے ہوئے خطرناک کتوں نے اپنی خوراک بنایا تھا۔ مختلف نسلوں کی بریڈنگ کے ذریعے حاصل یہ کتے غیر معمولی قد کاٹھ کے مالک اور نہایت خطرناک تھے۔ماہرین اس بات پر بھی تعجب کا اظہار کیا ہے کہ درندے بھی ایک انسان کو اس طرح مکمل طور پر نہیں کھا جاتے کہ بال اور کپڑے تک نہ چھوڑیں۔ ایسا پہلی بار دیکھا ہے اور یہ بہت ہولناک ہے جس کی وجہ کتوں کی نسل کی بریڈنگ ہے۔ہمسائیوں کو کہنا ہے کہ فریڈی مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار تھے، اکثر انہیں کوئی نہ کوئی تکلیف رہتی تھی اور وہ نفسیاتی الجھنوں کا بھی شکار تھے۔ ممکن ہے وہ پہلے بیماری کے باعث مر گئے ہوں اور بعد میں جانوروں نے انہیں اپنی خوراک بنایا ہو۔