لاہور(ویب ڈیسک)کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا، تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپسی کا آپشن دے دیاہے ،میچز معمول کے مطابق جاری رہیں گے جبکہ شیڈول میں بھی تبدیلی کیے جانے کا امکان ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو لیگ چھوڑنے کا اختیار دے دیاہے جبکہ مقامی کھلاڑیوں کو بھی لیگ سے الگ ہونے کی اجازت دے دی ہے ، یعنی جو کھلاڑی جانا چاہتا ہے چلا جائے ، میچز شیڈول کے مطابق ہی ہوںگے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس فیصلے کے حوالے سے تمام فرانچائزز کو آگاہ کر دیاہے ، انگلینڈ کے کھلاڑی واپس جا رہے ہیں ، فلائٹ آپریشن بند ہونے کے ڈر سے کھلاڑی واپس جا رہے ہیں۔ترجمان پی سی بی بورڈ کے مطابق کھلاڑیوں کوفیصلے کا حق حاصل ہے، کھلاڑیوں نے اپنا حق استعمال کیا تو باقاعدہ اعلان کریں گے۔دوسری جانب پی ایس ایل کے بقیہ میچز کا نیا شیڈول تیار کیا جا رہا ہے،نئے شیڈول میں پلے آف مرحلے کی بجائے سیمی فائنلز کروائے جانے کا امکان ہے اور فائنل اب 18مارچ کو متوقع ہے-واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاو سے بچنے کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل میچز خالی سٹیڈیم میں کرانے کا اعلان کردیا تھا۔
