لاہور(ویب ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کی منسوخی کا امکان فی الحال رد کردیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی گورننگ باڈی کے حکام نے رواں برس کے آخر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹورنامنٹ مقررہ وقت پر کروانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو ملتوی کیے جانے کی قیاس آرائیاں درست نہیں ہیں۔ اکتوبر، نومبر تک کورونا وائرس پر قابو پایا جا چکا ہوگا۔اس لیے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا کچھ روز قبل کہنا تھا کہ اگر جولائی میں جاپان اولمپکس نہ ہوئے توستمبر میں ایشیا کپ اور اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو بھی خطرات ہوسکتے ہیں۔ آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد اکتوبر، نومبر میں ہوگا۔کورونا وائرس کے خدشات کے باعث پی سی بی کو پی ایس ایل 5 کے سیمی فائنل اور فائنل میچز منسوخ کرنا پڑے تھے، جو اب ممکنہ طور پر رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد کھیلے جائیں گے۔ کورونا وائرس کے خدشات کے باعث دنیا بھر میں کھیلوں کے تقریباً تمام بڑے ایونٹس منسوخ کیے جا چکے ہیں۔یورپ کو کورونا وائرس وباءکا نیا مرکز قرار دیے جانے کے بعد یورو کپ کو اگلے برس تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ، اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ، انڈین پریمیئر لیگ،فارمولا ون ریس سمیت کئی اینوٹس منسوخ یا ملتوی کردیے گئے ہیں۔کرکٹ مقابلوں میں انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا، آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ بمقابلہ بھارت، پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش سمیت کئی سیریز منسوخ کردی گئی ہیں۔جاپان میں شیڈول اولمپکس کو بھی ملتوی کر دیے جانے کا امکان ہے۔
