کراچی (وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی سیاسی قیادت پر زور دےتے ہوئے کہاہے کہ انہیں اسی عزم و حوصلے کی پیروی کرنی چاہیئے، جس کا مظاہرہ ہمارے بزرگوں نے 80 برس قبل 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کو منظور کرتے ہوئے کیا تھا۔یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہماری قوم آج کا دن ایسے حالات میں منا رہی ہے جب پوری دنیا ایک بڑے خطرے سے دوچار ہے اور جس نے کورونا وائرس کی وبا کی شکل میں ہمارے ملک کو بھی متاثر کیا ہے۔ ہمیں اس وقت ایک ملک گیر لاک ڈان کے ساتھ ساتھ قومی اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر حفاظتی اقدامات اٹھانے کی کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے لوگوں کو بچا سکیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قراردادِ پاکستان ہمیں بنیادی رہنما اصول فراہم کرتے ہے، جن پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی قوم کو انسانی حقوق کے احترام، مساوات، امن اور خوشحالی کی بلندیوں پر لے جا سکتے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نظریئہ پاکستان کے ساتھ ساتھ آٹھ دہائیاں قبل منظور کی گئی قراردادِ پاکستان کی حقیقی علمبردار ہونے کے حیثیت میں ان کی جماعت بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خوابوں کو تعبیر دینے کی خاطر ہر بگاڑ، ناانصافی اور ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کرونا وائرس ہماری قوم کے لیئے ایک امتحان ہے کہ ہم اس عزم و ذمیداری کا مظاہرہ کریں ، جس کی مثال ہمارے بزرگوں نے 23 مارچ 1940 کو قائم کی تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ادارے اس مہلک وبا کا مِل جل کر مقابلہ کرکے اس کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیئے خاتمہ کردیں۔
