تازہ تر ین

کورونا کے خوف نے سعودی تاریخ کی مختصر ترین شادی کروا دی

ریاض(ویب ڈیسک) ہر ماں باپ کا ارمان ہوتا ہے کہ ان کے بیٹے یا بیٹی کی شادی دھوم دھام سے منائی جائے۔اتنا ہلہ گلہ ہو کہ یہ تقریب یادگار بن کر رہ جائے۔ تاہم موجودہ دور میں کورونا وائرس کی وبا نے لوگوں کے ارمانوں پر کئی کئی من اوس گرا دی ہے۔لوگوں نے شادی بیاہ کی تقریبات ملتوی کر دی ہیں یا پھر انتہائی سادگی سے نکاح کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔کورونا کے خوف نے سعودی عرب میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ سعودی عرب کے عسیر ریجن کے شہر زھران الجنوب میں گزشتہ روز ایک ایسی شادی ہوئی جسے بلاشبہ سعودی تاریخ کی مختصر تاریخ شادی ہونے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شادی کی ساری کارروائی صرف پندرہ منٹ میں انجام دے دی گئی۔دلہا اور دلہن کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی ماہ قبل شادی کی تاریخ مقرر کر دی تھی۔چونکہ عسیر ریجن میں شادیاں بہت دھوم دھام سے منائی جاتی ہیں، اس لیے اس شادی کے لیے بھی بہت چاو¿ کے ساتھ تیاریاں شروع کر دی گئی تھیں۔ تاہم کورونا وائرس کی وبا نے شادی تقریبات کی خوشیوں کو ماند کر دیا۔شادی سے قبل دونوں جانب کے لوگ سر جوڑ کر بیٹھ گئے کہ کیا شادی کو فی الحال ملتوی کر دیا جائے یا کوئی اور راستہ نکالا جائے جس سے دلہا دلہن کے ارمان اور خوشیاں غارت نہ ہوں۔آخر یہ طے پایا گیا کہ شادی تو ہو گی مگر اس میں دلہا اور دلہن کے گھر والے ہی موجود ہوں گے۔ کورونا وائرس کے باعث باقی سینکڑوں رشتہ داروں سے معذرت کر لی گئی۔ دلہن کے بھائی صالح العامر نے بتایا کہ میری بہن کی شادی چچا زاد بھائی سے طے تھی۔ مقررہ تاریخ اور وقت پر دولہا آیا اور ہم نے دلہن کو اس کی گاڑی میں سوار کرادیا۔ اس طرح رخصتی طے پاگئی۔اس موقع پر وہ رشتہ دار جو شادی میں شرکت نہیں کر سکے تھے، انہوں نے ازدواجی جوڑے کو مبارک باد کے پیغامات بھیجے اور شادی کی تقریب کو انتہائی مختصر رکھنے پر سراہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاوکو روکنے کے لیے مقرر پابندیوں کا احترام کیا جائے۔سعودی باشندوں نے مملکت کی اس مختصر ترین شادی پر سوشل میڈیا پر تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ سادگی کورونا وائرس کی وجہ سے اپنائی گئی ہے تاہم آج کے دور میں شادی بیاہ پر جو بے پناہ اخراجات ہو رہے ہیں، ان کے پیش نظر تمام شادیاں اتنی ہی سادگی سے طے پانی چاہئیں تاکہ دلہا کو خصوصاً بعد میں زائد اخراجات کے باعث پریشانی میں مبتلا نہ ہونا پڑے اور ایسا نہ ہو کہ وہ اسی فکر میں ازدواجی سفر کے ابتدائی ایام سے ٹھیک طرح لطف اندوز نہ ہو سکے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain