اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کیاکہ قانون سے کوئی بالاترنہیں۔عمران خان یاان کے خاندان میں کسی کی کوئی شوگرمل نہیں۔رپورٹ پبلک کرنادلیل ہے کہ وزیراعظم کی ترجیح افرادکانہیں پاکستان کے عوام کے مفاد کا تحفظ ہے۔عوام کے مفاد کے سامنے جوآئے گاعمران خان اس کے راستے کی دیواربنے گا۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا مسابقتی کمیشن جیسا ادارہ ان کے ہاتھوں یرغمال تھا۔ وہاں وہ بندہ تعینات ہوتا جو اس مافیا کے مفادات کو تحفظ دیتا،6 خاندان 50 فیصد سے زائد شوگر کنٹرول کرتے تھے۔ماضی میں عوام کی بجائے مخصوص طبقہ فائدے اٹھاتا رہا،نئے پاکستان میں اس کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رپورٹ کوسیاسی رنگ دینے کی بجائے عمران خان کے جذبے کوسراہے جس نے تاریخ میں خوداحتسابی کی روشن مثال قائم کی۔حکومت پروارکرنے کی بجائے اپوزیشن کواپنا حساب دیناپڑے گا۔ان کی تاریخ مفادات کے ٹکراﺅ سے بھری ہے۔قوم نہیں بھولی جب بیٹا باپ کو،تایابھتیجے کواورصدرانورمجیدکو سبسڈی دیتاتھا۔
