لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے زکوة فنڈز سے مزید 2 لاکھ مستحق افراد کو امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے اور مستحق افراد کو 9 ہزار روپے فی کس امدادی رقم کی فراہمی شروع کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے چند روز قبل 1 لاکھ 70 ہزار مستحق افراد میں 1 ارب 50 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے تھے تاہم اب وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت پر مزید 2 لاکھ مستحقین میں فی کس 9 ہزار روپے تقسیم کیے جائیں گے۔ محکمہ زکوة وعشر کے پاس ایسے مستحق افرادکا کا ڈیٹا پہلے سے ہی موجود ہے اور آئندہ ایک دو روز میں اس امداد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ محکمہ زکوة نے اس حوالے سے اپنا ہوم ورک بھی مکمل کر لیا ہے۔علاوہ ازیں پنجاب سوشل ویلفیئرڈیپارٹمنٹ کی طرف سے مختلف سرکاری شعبوں میں کورونا وائرس سے بچاوکی حفاظتی کٹس تقسیم کی گئیں۔ سوشل ویفیئرکی طرف سے اولڈایج ہوم، دارالسکون اورچمن میں بھی حفاظتی کٹس تقسیم کی گئی ہیں۔
