لاہور (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے 216 علاقے سیل کردیے گئے، پنجاب کے وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بتایا ہے کہ صوبے کے 216 علاقے سیل کرکے انہیں ہاٹ سپاٹ ایریاز قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق کلسٹر لاک ڈاو¿ن کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا ہے کہ گوجرانوالہ اور گجرات میں پہلے سے سیل کردہ 4 ایریاز کو ’ڈی سیل‘ کیا جا چکا ہے۔ ’ڈی سیل کیے گئے علاقوں کے تمام مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔‘ انھوں نے کہا ہے کہ جزوی اور ہدف کے مطابق لاک ڈاو¿ن سے معمولاتِ زندگی کو کم سے کم حد تک روکتے ہوئے کورونا کا مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے آئندہ تین سے چار ہفتوں کو اہم قرار دیا ہے اور عوام سے گھروں تک محدود رہنے کی گزارش کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 254 مزید مریض رپورٹ ہوئے جبکہ 14مزید اموات سے کل تعداد 86 ہوگئی ہے جبکہ 1026 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انتقال کرنے والوں میں سندھ 28، پنجاب 19، خیبرپختونخواہ 25، گلگت 3، بلوچستان میں1، اسلام آباد ایک مریض جاں بحق ہوا۔ تازہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھرمیں اب تک57 ہزار836 افراد کے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ ٹیسٹوں کی تعداد بڑھانے سے ہی مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں زیر علاج کورونا وائرس کے 1026 مریض صحتیاب بھی ہوگئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 2425 کیسز اور سندھ میں 1318 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخواہ 697، بلوچستان سے228 جبکہ اسلام آباد سے119 کیسز رپورٹ ہوئے۔ گلگت بلتستان میں 216 اور آزاد کشمیر 35 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 37 افراد کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔ مجموعی طور پر52 فیصد کیسز دیگرممالک سے آئے اور48 فیصد لوگوں میں مقامی سطح پر وائرس پھیلا ہے۔
