اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کیلئے پیغام سرکاری ٹی وی پر ساڑھے 7 بجے نشر کیا جائے گا، وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری شیڈول کرنے کی اپیل کریں گے، وزیراعظم کورونا وائرس کی صورتحال پر سیکرٹری اقوام متحدہ کو خط بھی لکھیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی صورتحال پر قابو پانے اور معاشی گراوٹ کی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس سے ویڈیو پیغام میں اپیل کریں گے جس کی ریکارڈنگ کی جارہی ہے۔ وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری شیڈول کرنے لیے سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیوگوتریس کو خط بھی لکھیں گے۔ جس میں قرضوں کو ری شیڈول کرنے کی اپیل کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اپنا ویڈیو پیغام بھی جاری کریں گے جس میں عالمی دنیا اور اقوام متحدہ سے اپیل کی جائے گی کہ پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو وباءکی موجودہ صورتحال میں بڑی مشکل کا سامنا ہے۔ اس لیے ترقی پذیر ممالک کے قرضے ری شیڈول کیے جائیں تاکہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق کورونا کا مقابلہ کرسکیں، ورنہ ایک طرف قرضے اور دوسری جانب کورونا وباءایسی صورتحال میں مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کچھ دیر بعد ویڈیو پیغام سرکاری ٹی وی پر بھی نشر کیا جائے گا۔ دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آ ئندہ دنوں کورونا مریضوں میں اموات کی شرح بڑھ سکتی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں14 اموات ہوئیں، جبکہ 254 نئے کیسز کے ساتھ کل کیسزکی تعداد 5038 ہوگئی ہے۔ انہوں نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، قومی رابطہ کمیٹی کا کل اجلاس ہوگا، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
