لاہور (رپورٹنگ ٹیم) خبریں رضاکار ٹیم نے 9 ویں روز بھی پاکستان بھر میں دیہاڑی دار مزدوروں‘ سفید پوش طبقہ جو بیروزگار ہے کو کھانا دینے کا سلسلہ جاری رکھا۔ جس پر مختلف سیاسی‘ سماجی اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے خبریں کے اس نیک اقدام کو
سراہا۔ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خبریں رضاکار کے مزدوروں کو کھانا کھلانے کے سلسلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خبریں گروپ کے چیف ایڈیٹر ضیاشاہد اور ایڈیٹر و سی ای او چینل ۵ امتنان شاہد کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں کہ خبریں رضاکار پکا پکایا کھانا لوگوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔ جو لوگ بیروزگار ہیں اور فاقے کر رہے ہیں ان تک کھانا پہنچانا یقینا لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے کہا کہ وہ لوگ بھی خبریں رضا کار ٹیم کی طرح مستحق اور دیہاڑی دار لوگوں کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ غریب لوگ جو لاک ڈاﺅن سے معاشی پریشانیوں میں مبتلا ہیں ان کو کچھ ریلیف مل سکے۔ گلوکار سلمان احمد نے امریکہ سے اپنے ویڈیو پیغام میں خبریں رضاکار کے دیہاڑی دار مزدوروں کو کھانا کھلانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ خبریں نے ہمیشہ قدرتی آفات سیلاب ہو یا زلزلہ اور اب کرونا وائرس سے لاک ڈاﺅن کے باعث شہریوں کو جو معاشی مشکلات ہیں ان کو پکا پکایا کھانا دے کر اچھا کام کیا جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اداکارہ لیلیٰ زبیری نے خبریں رضاکار کے دیہاڑی دار مزدوروں اور سفید پوش طبقہ کو پکا پکایا کھلانا پہنچا کر عوام دوستی کا ثبوت دیا ہے اس پر ضیا شاہد اور امتنان شاہد مبارکباد کے مستحق ہیں‘ میں ان کو سلیوٹ کرتی ہوں۔ اداکارہ سعدیہ امام نے کہا کہ کرونا وائرس کے بعد لاک ڈاﺅن سے بہت زیادہ لوگ بیروزگار ہو گئے ہیں ایسے میں خبریں گروپ نے بہت اچھا قدم اٹھایا کہ غریب لوگوں کو مفت کھانا کھلا رہے ہیں۔ دوسرے مخیر حضرات کو بھی ان کی پیروی کرنی چاہئے۔ میں خبریں گروپ کو سلیوٹ کرتی ہوں۔ نامور کرکٹر عاقب جاوید نے خبریں و چینل ۵ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مصیبت میں مبتلا لوگوں کو پکا پکایا کھانا دے کر خبریں گروپ نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ میں ہمیشہ خبریں گروپ کے کاموں کو سراہتا رہا ہوں کیونکہ اس نے ہمیشہ بہت اچھے کام کیے۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان کے مخیر حضرات کو مصیبت میں مبتلا مزدوروں کی ہر طرح سے مدد کرنی چاہئے تاکہ وہ مشکلات سے نکل سکیں۔
