خیبر پختونخوا میں کورونا کے باعث پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید جاں بحق

پشاور( و یب ڈ سک) حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے پروفیسر محمد جاوید کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔ڈائریکٹر ایچ ایم سی ڈاکٹر شہزاد فیصل کے مطابق پروفیسر محمد جاوید ایک ہفتہ قبل کورونا کے مرض میں مبتلا ہوئے تھے، وہ وینٹی لیٹر پر تھے آج صبح ان کا انتقال ہوا۔دوسری جانب محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پروفیسر محمد جاوید پہلے ڈاکٹر ہیں جو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔

عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ کئی بار اعلیٰ سطح پر اٹھایا، وزارت خارجہ

کراچی( و یب ڈ سک) سندھ ہائیکورٹ نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق وزارت خارجہ کے جواب جمع کرانے پر درخواست گزار کے وکیل کو جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، دوران سماعت وزارت خارجہ کی جانب سے جواب جمع کرا دیا گیا۔تحریری جواب میں کہا گیا کہ امریکا سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ اچھے برتاﺅ سے متعلق معاملہ اٹھایا ہے، ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ جیل میں برے سلوک پر امریکی حکام نے تحقیقات بھی کیں، تحقیقات پر جیل کے ایک لوکل اسٹاف کو ہٹایا گیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ کئی مرتبہ اعلی سطح پر اٹھایا گیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی دستخط شدہ رحم کی اپیل امریکی صدر کو مارچ 2020 کو بھیجی جا چکی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہلخانہ کو صورتحال سے باقاعدہ آگاہ کر رہے ہیں۔عدالت نے وزارت خارجہ کے جواب پر درخواست گزار کے وکیل کو 5 مئی تک جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

پی آئی اے پرواز کی پہلی بار میلبورن میں لینڈنگ

کراچی( و یب ڈ سک) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی آئی اے کی پرواز نے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں لینڈنگ کی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث آسٹریلوی شہریوں کو ان کے وطن واپس پہنچانے کے لیے خصوصی پرواز روانہ کی گئی۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے غیر ملکی مسافروں کو لے کر آسٹریلیا روانہ ہوئی۔پرواز پی کے 8962 کے ذریعے 300 سے زائد آسٹریلوی شہریوں کو ان کے وطن پہنچایا گیا۔ پی کے 8963 میلبورن سے 300 سے زائد پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کو لے کر اتوار کو وطن واپس پہنچے گی۔

ایران میں کورونا وائرس ایک بار پھرتیزی سے پھیلنے کا خدشہ

تہران( و یب ڈ سک) ایران میں طبی حکام نے ملک میں دوبارہ کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی ایک دن میں 76 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 650 ہوچکی ہے۔ تہران میں کورونا وائرس کی انسداد کے کوآرڈینیٹر علی رضا زالی کا کہنا ہے کہ اپریل کے آغاز سے وبا کے پھیلاو میں سست روی آگئی تھی تاہم ایک بار پھر اس میں تیزی آگئی ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے علی رضا زالی کا کہنا تھا کہ اموات اور مریضوں میں تشخیص کی تعداد میں یک دم اضافے سے خدشہ ہے کہ تہران میں وبا کی ایک نئی لہر سر پیدا ہوگی۔اس کے علاوہ ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور نے کہا کہ ایران میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 89 ہزار 328 ہوچکی ہے جن میں سے 1 ہزار 134 گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ تاہم یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ایران میں اموات کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہے۔دوسری جانب وزارت صحت کے شعبہ برائے وبائی امراض کے سربراہ محمد مہدی گویا نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے شمال میں گیلان، مازندران اور وسطی ایران میں قم میں حکومت نے وبا کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں کی تھیں اور اب یہاں بھی وبا کی نئی لہر پیدا ہونے کے آثار پیدا ہوگئے ہیں۔ عوام کو سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے کاربند رہیں۔واضح رہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 19 فروری کو ہوئی تھی جس کے بعد وہاں بڑی تعداد میں اس وبا کا شکار بنے۔ امریکا کی جانب سے عائد اقتصادی پابندیوں کے باعث ایران کو اس بحران پر قابو پانے میں مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔

سعودی سپریم کورٹ کا ملک میں کوڑوں کی سزا ختم کرنے کا حکم

ریاض( و یب ڈ سک) سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے ملک میں کوڑوں کی سزا ختم کرنے کا حکم دیدیا ہے۔سعودی سپریم کورٹ نے ملک میں کوڑوں کی سزا ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کوڑوں کی سزا کو قید اور جرمانوں میں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے، حکم نامے کے مطابق یہ اقدام شاہ سلمان اور ان کے بیٹے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے ملک میں انسانی حقوق سے متعلق کی جانے والی اصلاحات کی ایک کڑی ہے۔

بھارتی پولیس نے نوجوانوں کو کورونا مریض کے ساتھ بند کردیا

تامل ناڈو( و یب ڈ سک) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پولیس کی جانب سے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والے نوجوانوں کوکورونا مریض کے ساتھ ایمبولینس میں بند کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔مہلک اور جان لیوا کورونا وائرس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ یہ وائرس اتنا خطرناک ہے کہ اب تک لاکھوں لوگ اس کی زد میں آکر اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔ کورونا وائرس کی اب تک ویکسین دریافت نہیں ہوسکی ہے لہذٰا اس مہلک وائرس سے بچنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے احتیاطی تدابیر۔دنیا بھر کے ممالک کی حکومتیں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو گھر میں رہنے کی ہدایت دیتی نظر آرہی ہیں لیکن پاکستان اور بھارت میں لوگوں نے حکومتی ہدایت کو ہوا میں اڑادیا ہے اور لوگ لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کورونا کے باعث ہونے والی چھٹیوں کو انجوائے کرتے نظر آرہے ہیں۔پولیس بھی لوگوں کو سمجھا سمجھا کر تھک گئی ہے لہذا بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہرترو پور میں پولیس نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو سمجھانے کا نہایت انوکھا طریقہ اپنایا اور لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والے چند منچلے نوجوانوں کو پکڑ کر کورونا وائرس میں مبتلا مریض کے ساتھ ایمبولینس میں بند کردیا۔تاہم ایمبولینس میں کورونا کا مریض نہیں بلکہ ایک صحت مند شخص موجود تھا اور پولیس کی جانب سے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو خوفزدہ کرنے اور سبق سیکھانے کے لیے ڈراما رچایا گیاتھا۔بھارتی پولیس کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے جس میں نوجوان کورونا مریض کو دیکھ کر گھبراجاتے ہیں اور پولیس سے معافیاں مانگتے ہوئے ایمبولینس سے باہر نکلنے کی درخواست کرتے ہیں لیکن پولیس ان کی ایک نہیں سنتی۔ سوشل میڈیا پراس ویڈیو کو کافی پسند کیاجارہا ہے۔

رمضان میں اجتماعی عبادات نہ ہونے پر افسوس ہے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان

ریاض( و یب ڈ سک) سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ان حالات میں رمضان المبارک کی آمد پر اجتماعی عبادات نہ ہونے پر افسوس ہے۔رمضان المبارک کی آمد پر جاری بیان میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے سعودی شہریوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی۔اپنے بیان میں شاہ سلمان نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال پر قابو پانے کے لیے سخت محنت پر زور دیا۔سعودی فرماں روا نے کورونا وائرس کی وجہ سے رمضان المبارک میں عبادات میں پیش آنے والی مشکلات پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

سعودیہ 18ممالک کے 10 لاکھ روزہ داروں کو افطار کرائے گا

ریاض( و یب ڈ سک)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے دنیا کے 18ممالک میں کم وبیش 10لاکھ روزہ داروں کو افطار کرانے کے لیے مختص بجٹ میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف بن عبد العزیز ال الشیخ نے شاہ سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں روزہ افطار کرانے کا منصوبہ سعودی عرب کی طرف سے ہر سال کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ’امسال شاہ سلمان نے کورونا بحران کے باعث اپنے مسلمان بھائیوں کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے مختص بجٹ میں اضافے کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ منصوبہ 18ممالک میں سعودی سفارتخانوں اور اسلامی مراکز کی نگرانی میں ہوتا ہے۔

طالبان نے ماہ رمضان میں جنگ بندی کا مطالبہ مسترد کردیا

دوحہ( و یب ڈ سک) طالبان نے افغان صدر اشرف غنی کے ماہ صیام کے احترام میں جنگ بندی کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کی جانب سے رمضان کے مہینے میں سیز فائر کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہا کہ یہ تجویز معقول نہیں ہے۔ترجمان سہیل شاہین نے مزید کہا کہ معاہدے پر عمل نہ کر کے افغان حکومت امن کے قیام میں رخنہ ڈال رہی ہے۔ طالبان اسیروں کی رہائی میں مجرمانہ تاخیر کی جارہی ہے اور مسلسل وعدہ خلافی کی جارہی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اگر افغان صدر قیام امن کے لیے مخلص ہیں تو فی الفور قیدیوں کو رہا کریں اور امن معاہدے کی پاسداری کریں، اس طرح سیز فائر کا اعلان کیے بغیر ہی امن قائم ہوجائے گا۔قبل ازیں افغان صدر اشرف غنی نے طالبان جنگجووں اور شدت پسند تنظیموں سے اپیل کی تھی کہ ماہ رمضان میں ہتھیار ڈال کر امن کی راہ ہموار کریں اور ویسے بھی ملک اس وقت کورونا کے عالمی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے۔

کعبہ شریف کے اِرد گِرد کھڑی حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ

مکہ معظمہ( و یب ڈ سک) حرمین شریفین کی انتظامیہ نے کعبہ شریف کے اِرد گِرد کھڑی کی گئی حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم مسجد الحرام میں عام عبادت گزاروں کے داخلے پربدستور پابندی برقرار رہے گی۔الحرمین الشریفین کے انتظام وانصرام کی ذمے دار جنرل پریذیڈینسی کے صدر الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے جمعرات کو اس فیصلے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ پورے رمضان کے دوران میں مسجد الحرام میں جراثیم کش سپرے کا چھڑکاواور صفائی کا عمل جاری رہے گا۔انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پریذیڈینسی اعلیٰ حکام کے ساتھ رابطے کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاوکے لیے اختیار کردہ حفاظتی اقدامات اور تدابیر اور ان کے موثر ہونے کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ان کی بنیاد پر ہی رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔