بالی وڈ اداکار سونو سوڈ نے 25ہزار مسلمانوں کیلئے رمضان میں افطار کا انتظام کرنے کا اعلان کردیا

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار سونو سوڈ نے 25ہزار مسلمانوں کیلئے رمضان المبارک میں افطار کا انتظام کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں رمضان المبارک کا آغاز آغاز ہے۔ بہت سے ممالک میں کل پہلا روزہ رکھا جائے گا جبکہ کچھ ممالک میں رمضان کا آغاز ہفتے کے روز سے ہوگا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کروڑوں روز بیروزگار ہوگئے ہیں اور اب رمضان کی آمد کے ساتھ ہی بیروزگار ہونے والے مسلمانوں کیلئے مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ان حالات میں بالی وڈ کے معروف اداکار سونو سوڈ نے 25ہزار مسلمانوں کیلئے افطار کا انتظام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی اداکار دوسری ریاستوں سے مزدوری کیلئے آنے والے 25ہزار مزدور مسلمانوں کو پورا رمضان افطار کروائیں گے۔ سونو سوڈ بالی وڈ کا بہت بڑا نام ہیں اور اب تک وہ زیادہ تر فلموں میں منفی کردار ادا کرتے نظر آئے ہیں لیکن انہوں نے مسلمانوں کیلئے انسانی جذبے کے تحت افطار کے انتظام کا اعلان کر کے ثابت کردیا ہے کہ وہ اصل زندگی میں ایک ہیرو ہیں۔ اس سے قبل سونو سوڈ اپنے ایک ہوٹل کو کورونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کیلئے بھی وقف کرچکے ہیں۔ ان کے ہوٹل میں طبی عملہ قیام کرتا ہے تاکہ وہ آرام کرکے جلد ہسپتال پہنچ سکے۔ اس کے علاوہ بھارت میں کئی دوسرے اداکار بھی کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں سامنے آئے ہیں اور انہوں نے لوگوں کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔ سلمان خان، اکشے کمار اور شاہ رخ خان نے کورونا مریضوں کے علاج کیلئے کثیر امداد فراہم کی ہے۔ شاہ رخ خان نے ہزاروں ی تعداد میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ماسک اور دوسرا سامان فراہم کیا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہزار سےتجاوز کر گئی ہے جس کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ شاید بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے تباہی میں اضافہ ہو گا۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1409 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 41 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ بھارت میں متاثرہ افراد میں سے اب تک 681 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دوسری جانب 4257 افراد صحت یاب ہو کر ہسپتالوں سے اپنے گھروں میں بھی جا چکے ہیں۔

پہلی بار سلیکشن میں ناکامی پر رات بھر روتا رہا تھا ، ویرات کوہلی کا انکشاف

ممبئی(ویب ڈیسک) بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے انکشاف کیاہے کہ پہلی بار سلیکشن میں ناکامی پر وہ رات بھر روتے رہے تھے۔ ویرات کوہلی نے اسٹوڈنٹس سے آن لائن بات چیت کے دوران زندگی میں ہمیشہ مثبت چیزوں پر دھیان دینے کی تلقین کردی، کوہلی نے بتایا کہ پہلی بار جب مجھے اسٹیٹ سلیکشن میں مسترد کیا گیا تو میں رات دیر تک روتا رہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں 2 گھنٹے تک اپنے کوچ سے پوچھتا رہا کہ بڑے اسکور اور بہتر پرفارمنس کے باوجود مجھے کیوں مسترد کیا گیا، میرے لیے اس حقیقت کو تسلیم کرنا مشکل تھا، مگر جب آپ محنت جاری رکھیں تو پھر دوبارہ کوشش کا حوصلہ ملتا اور کامیابی حاصل ہو ہی جاتی ہے۔

پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان سیریز ملتوی

لاہور (ویب ڈیسک) کرونا وائرس کے باعث پاکستان کا دورہ نیدر لینڈز غیر معینہ مدت تک کےلیے ملتوی ہوگیا۔ نیدر لینڈز کی حکومت کی جانب سے یکم ستمبر تک تمام ایونٹس پر پابندی کے بعد پاکستان کا دورہ ملتوی کیا گیا۔ پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز جولائی میں شیڈول تھی۔ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ دورہ ملتوی ہونے پر افسوس ہے لیکن کوئی بھی میچ یا سیریز جان سے بڑھ کر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئرلینڈ کےخلاف 2 ٹی ٹوئنٹی میچز جبکہ انگلینڈ کےساتھ 3 ٹیسٹ میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کا شیدول برقرار ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کرونا وائرس کے باعث پاکستان سپر لیگ کے سیمی اور فائنل میچز بھی ملتوی ہوچکے ہیں۔

سافٹ بال ورلڈ کپ کورونا کے باعث ملتوی کردیا گیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سافٹ بال ورلڈ کپ کورونا وائرس کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔ترجمان کنفیڈریشن کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن نے ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سافٹ بال ورلڈ کپ اگلے برس 20 سے 28 فروری تک نیوزی لینڈ میں شیڈول تھا۔ ترجمان کنفیڈریشن کے مطابق طبی ماہرین اور حکومتی عہدیداروں سے مشاورت کے بعد سافٹ بال ورلڈ کپ 2022 تک کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت سے میگا ایونٹ کی نئی تاریخوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔انڈر 18 ویمنز سافٹ بال ورلڈ کپ اور انڈر 18 بیس بال ورلڈ کپ بھی ملتوی کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ یورپ اور ایشیا میں ہونے والے بیس بال اور سافٹ بال کے ٹورنامنٹس ملتوی ہو چکے ہیں۔دوسری جانب نیوزی لینڈ میں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد بھی خدشات کا شکار ہے۔ا?ئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ اگلے برس 6 فروری سے 7 مارچ تک شیڈول ہے۔

امریکا نے چین سے حساس لیبارٹریز تک رسائی کا اختیار مانگ لیا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین کی حساس لیباٹریز کے معائنے تک رسائی کی اجازت مانگ لی۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین کے جواب پر کہا ہے کہ وہ اپنی حساس لیبارٹریوں کے معائنے کی اجازت دے۔ مائیک پومپیو نے کرونا وائرس کے ووہان کی تجربہ گاہ سے لیک نہ ہونے کے دعوﺅں کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ بات بڑی اہم ہے کہ ایسے مواد کو محفوظ طریقے سے ہینڈل کیا جائے تاکہ حادثاتی طور پر پھیلنے سے بچا جاسکے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ روز قبل چین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہلک کرونا وائرس ووہان کی لیب میں بنا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وائرس چین کی لیب میں بنا اور پھر وہاں سے ایک شخص مارکیٹ گیا اور یہ وائرس پھیلتا چلا گیا۔تاہم چین نے اس الزام کی تردید کی تھی۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران کی جانب سے فوجی سیٹلائٹ کے تجربے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایران پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی ہے، ایران سخت تنائج کیلئے تیار رہے۔

کشتیوں پر حملہ ہوا تو امریکا کیخلاف فیصلہ کن اقدام کرینگے: سربراہ ایرانی پاسداران انقلاب

تہران (ویب ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان ایک مرتبہ پھر کشیدگی میں اضافہ ہونے لگا ہے، کشتیوں کو نشانہ بنانے کے امریکی صدر کے اعلان پر جواب دیتے ہوئے پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کے خلاف فیصلہ کن اقدام کرے گا، امریکا کی کسی بھی قسم کی غلطی کا فوری اور تیز جواب دینگے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سربراہ پاسداران انقلاب حسین سلامی کا کہنا ہے کہ ایران کی سلامتی کو نقصان پہنچا تو امریکی جنگی جہازوں کو تباہ کردیں گے، ایرانی فورسز کو قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے امریکی جہازوں کو تباہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ دریں اثناءخلیج فارس میں کشیدگی پر ایران نے سفارتی احتجاج کیا ہے، ایران نے امریکی مفادات کا تحفظ کرنے والے سوئس سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا اور سوئس سفیر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو احکامات جاری کیے تھے کہ ایران کی ہر اس جنگی کشتی کو تباہ کردیں جو امریکی جہازوں کو سمندر میں ’ہراساں‘ کرے۔ یہ حکم ایک ہفتہ قبل پیش آنے والے واقعے کے بعد دیا گیا ہے جب ایرانی پاسداران انقلاب کی 11 چھوٹی جنگی سپیڈ بوٹس نے امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے بحری جہازوں کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ انہوں نے اس بارے میں بدھ کو اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ میں نے امریکی بحریہ کو ہدایت دی ہے کہ ایسی کسی بھی یا تمام ایرانی جنگی کشتیوں کو تباہ کر دیں جو ہمارے بحری جہازوں کو ہراساں کریں۔ دوسری طرف امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق امریکہ کے ساتھ بڑھتی کشمکش کے دوران بدھ کو ایرانی پاسداران انقلاب نے کئی ناکامیوں کے بعد ایک فوجی سیٹیلائٹ خلا میں بھیجا ہے۔ تاہم ابھی تک آزاد ذرائع سے سیٹیلائٹ لانچ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے جسے پاسداران انقلاب نے ’ن±ور‘ یا روشنی کا نام دیا ہے۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور پینٹاگون اس طرح کے سیٹیلائٹ لانچ کو ایران کے بیلیسٹک میزائل پروگرام کا حصہ قرار دیتے رہے ہیں، تاہم پر فوری ردعمل دینے سے انکار کیا ہے۔

بی جے پی بھارت میں نفرت و تعصب کا وائرس پھیلانے میں مصروف ہے: سونیا گاندھی

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے وزیراعظم نریندرا مودی حکومت کے بعض اقدامات کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی نفرت و تعصب کا وائرس پھیلانے میں مصروف ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے پارٹی کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارے ورکنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے مذہبی بنیاد پر تعصب و نفرت پھیلانے کی جو مہم جاری ہے اس سے ہر بھارتی فکر مند ہے۔ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت جب ہم سب کو متحد ہوکر کورونا وائرس کے خلاف لڑنا چاہیے، بی جے پی مذہبی تعصب اور نفرت کا وائرس پھیلانے میں مصروف ہے، جس سے ملک کی سماجی ہم آہنگی کو زبردست نقصان پہنچایا جا رہا ہے اوراس نقصان کی تلافی کے لیے ہمیں بہت محنت کرنی ہوگی۔ سونیا گاندھی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کی بعض پالیسیوں پر بھی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کے وزرائ ے اعلی اور طبّی ماہرین کی تجاویز کی بنیاد پر حکومت کو کئی صلاح و مشورے دیے گئے تاہم حکومت نے ان میں سے بیشتر کو نظر انداز کر دیا۔

یہ وقت کسی کا مذاق اڑانے یا جذبات سے کھیلنے کا نہیں: اداکارہ میرا

لاہور (ویب ڈیسک) ڈرامہ کوئین سمجھی جانے والی اداکارہ میرا نے حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے امریکا میں پھنس گئی ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے وطن واپس لانے کی اپیل کی تھی۔ سوشل میڈیا پر اداکارہ کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کردیا گیا تھا، جبکہ کئی رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ میرا امریکا میں اپنے سسرال میں خیریت سے موجود ہیں اور انہوں نے صرف ڈرامہ کرنے کے لیے یہ ویڈیو بنائی۔ اور اب میرا نے ایک اور ویڈیو جاری کردی جس میں انہوں نے الزام لگانے والوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ واضح کیا کہ وہ امریکا میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہیں۔ انسٹاگرام پر جاری اپنی ویڈیو میں میرا کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان سے وطن واپس لانے کی جو درخواست کی وہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے میرا بنیادی حق ہے، کچھ لوگوں نے ایسے برے وقت پر اسے ایک نیا رنگ دینے کی کوشش کی جو قطعاً مناسب نہیں۔

ایسا لگتا ہے جس دن اداکاری کے قابل نہ رہاخودکشی کرلوں گا، نصیرالدین شاہ

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار نصیرالدین شاہ کا کہنا ہے انہیں لگتا ہے جس دن وہ اداکاری کرنے کے قابل نہیں رہے خودکشی کرلیں گے۔ اداکار نصیرالدین شاہ نے حال ہی میں ایک بھارتی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں اپنی اداکاری سے جنون کی حد تک لگاو¿کے بارے میں بتایا کہ بطور اداکار ابھی ان کا کام ختم نہیں ہوا بلکہ وہ روز صبح اس یقین کے ساتھ جاگتے ہیں کہ اپنے پرستاروں کو اپنی اداکاری کے ذریعے کچھ نہ کچھ دیں گے۔ 70 سالہ اداکار نے کہا بطور اداکار ابھی میرے پاس بہت کچھ ہے اپنے چاہنے والوں کو دینے کے لیے اور میں خوش قسمت ہوں کہ لوگ مجھے اب بھی دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ مجھے میرے کام سے محبت ہے، مجھے اداکاری سے محبت ہے، پرفارمنس دیتے وقت جو جوش میرے اندر ہوتا ہے میں اس کی وضاحت نہیں کرسکتا مجھے ایسا لگتا ہے مجھے اداکاری کا جنون ہے۔ بھارتی لیجنڈ نے اپنی اداکاری سے محبت کی حد بیان کرتے ہوئے کہا مجھے لگتا ہے جب کل صبح میں جاگوں گا اور اداکاری کرنے کے قابل نہ رہا تو میں خود کشی کرلوں گا، اداکاری کے بغیر زندگی میں کیا ہے؟

مہوش حیات ”بوتل کیپ چیلنج“ کے بعد ”اونانا چیلنج“ کی بھی چیمپئن

کراچی(ویب ڈیسک) اداکارہ مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوتے ”اونانا چیلنج“ کو پورا کرکے شائقین کو حیران کردیا۔ سوشل میڈیا پر آئے روز کوئی نہ کوئی چیلنج سامنے آتا رہتا ہے اورعام افراد کے ساتھ مشہور شخصیات بھی اس چیلنج کو پورا کرتی نظر آتی ہیں۔ کچھ عرصے قبل سوشل میڈیا پر ”بوتل کیپ چیلنج“ مقبول ہوا تھا جسے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ سمیت پاکستانی فنکاروں نے نہ صرف قبول کیا تھا بلکہ پورا بھی کیا تھا ان فنکاروں میں مہوش حیات بھی شامل تھیں۔ لہٰذا ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ سوشل میڈیا پر کوئی چیلنج وائرل ہو اورمہوش حیات اس کا حصہ نہ ہوں۔ اس بار بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والے ”اوناناچیلنج“ کو اپنے بھائی دانش حیات کے ساتھ مل کر پورا کرکے اپنے چاہنے والوں کو حیران کردیا ہے اور ان کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔