ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جون 2020ء ) ایشیاء کپ 2020ء کا تذکرہ چھڑنے پر بھارت چراغ پا ہوگیا جب کہ ایونٹ کو آئی پی ایل کی راہ کا کانٹا قرار دیا جانے لگا۔ بھارتی بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیائی ٹورنامنٹ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا، سری لنکا کو میزبانی منتقل کیے جانے میں کوئی صداقت نہیں، ہمیں اپنے مفادات کو دیکھنا ہے پی سی بی کے نہیں، اگر ٹونٹی 20 ورلڈ کپ ملتوی ہوسکتا ہے تو اس کا ’وارم اپ ایونٹ‘ ایشیاء کپ کیوں نہیں۔
یاد رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیاء کپ کی سری لنکا کو میزبانی دینے پر لنکن حکام نے بیان دیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس خواہش کا اظہارکیا ہے کہ رواں برس ایشیاء کپ کی میزبانی سری لنکا کرلے گا، جب کہ پاکستان اس کی جگہ اگلی بار اس ایونٹ کی میزبانی کرلے گا۔