ویب ڈیسک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر نور ولی محسود پر پابندی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کہتی ہیں کہ ٹی ٹی پی پاکستان میں متعدد دہشتگرد حملوں کی ذمہ دار ہے۔ نور ولی محسود کو یو این پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنا خوش آئند ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی پابندیوں اور قراردادوں پر من و عن عمل کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تحریک طالبان کو جامع سیکیورٹی حکمت عملی سے شکست فاش دی۔ ٹی ٹی پی پاکستان سے باہر رہ کر تیسرے ملک کے سہولت کاروں کی مدد سے دہشتگردی میں ملوث ہے۔ پاکستان دہشتگردی، اس کی مالی معاونت، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کیخلاف جنگ لڑتا رہے گا۔