تازہ تر ین

افواہیں دم توڑ گئیں وزیر اعظم کی تھپکی بزدارمزید مضبوط،کارگردگی شاندار ڈٹ کر کام کریں وزیراعظم کی وزیر اعلیٰ پنجاب کوہدایت

(ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو بہترین قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور انہیں بے خوف ہو کر کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے جسکے بعد عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹائے جانے کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔

تاہم وزیراعظم نے پنجاب میں کرپشن پر برہمی کا اظہار کرتےکہا کہ مجھے لاہور اور میانوالی سے بہت کچھ پتہ چلا، انہوں نے وزیر اعلیٰ کو تنبیہ بھی کہ بزدار صاحب آئندہ شکایت نہیں ملنی چاہیے، پنجاب میں نچلی سطح پر کرپشن ختم ابھی تک نہ ہو سکی، تحفظات درست ہیں، کنفیوژن دور اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

تاہم ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ڈائنامک شخصیت قرار دیا اور عثمان بزدار کو ہی وزیر اعلی برقرار رکھنے کا عندیہ دیا، وزیراعظم نے عثمان بزدار کو ارکان اسمبلی کے تحفظات دور کرنے اور ارکان اسمبلی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تین چار ماہ میں اندازہ ہوا ہمارے ہاں سسٹم نہیں بننے دیا جاتا، بجلی کی فراہمی اور ترقیاتی اسکیموں کیلئے وفاق اورصوبے مل کر کام کریں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے لاہور میں قائد اعظم بزنس پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب، پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے وفد سے بات چیت اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو راوی ریور فرنٹ اتھارٹی کی دبئی طرز پر ایک لاکھ ایکڑ رقبہ پر نیا شہر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس منصوبے میں نجی شعبہ 5 ارب کی سرمایہ کاری کریگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں پنجاب کے امورپر بات چیت ہوئی۔

وزیراعلی پنجاب نے صوبے میں آٹا گندم کی صورتحال اور انسداد کورونا اقدامات سے آگاہ کیا اور بلوچستان میں حکومت پنجاب کے تعاون سے منصوبوں پر بھی اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم نے عوامی ریلیف کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے انسداد کورونا کیلئے بہترین کام کیا، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوئی، اب حالات بہتر ہورہے ہیں، اسمارٹ لاک ڈاؤن پر حکومت کی جانب سے ایس او پیز پر زبردست عملدآمد کروایا گیا۔

وزیراعظم سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔وفد میں مخدوم شاہ محمود قریشی، سید فخر امام، مخدوم خسرو بختیار، ظہور حسین قریشی، ملک محمد عامر ڈوگر، محمد ابراہیم خان و دیگر شامل تھے۔ اراکین نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے تحفظات کی بھر مار کردی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار صوبائی اسمبلی اراکین کو زیادہ قومی اسمبلی کی اراکین کو کم ملتے ہیں، ہمارے حلقوں کے مسائل حل نہ ہوئے، ترقیاتی اسکیموں سے محروم ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ کو ممبران اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی الجھن ہے اسے فوری ختم کیا جائے،ممبران اسمبلی کے تحفظات درست ہیں، ترقیاتی اسکیمیں جہاں ممکن ہیں وہ شروع کی جائیں گی، ممبران اس ضمن میں عوام الناس سے مستقل رابطے میں رہیں اور کسی بھی مسئلے کے حل کے حوالے سے درپیش انتظامی مشکل کی صورت مجھے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ بجلی سے محروم علاقوں کو بجلی مہیا کرنے کی درخواست پر عمران خان نے کہا کہ یہ بات درست ہے جن علاقوں میں بجلی نہیں وہاں ہونی چاہیے، بجلی کی فراہمی کےلئے وفاق و صوبے ملکر کام کریں۔جنوبی پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیر اعظم عمران خان کا جنوبی پنجاب کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے انتظامی اختیارات کی منتقلی کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے بھر پور تیاری اور آئینی تقاضے پورے کرینگے۔

وزیراعظم کو راوی روڈ اتھارٹی کے تحت لاہور میں نیا شہر بسانے سے متعلق بریف کیا گیا۔ عمران خان مون سون شجر کاری مہم کا آغاز بھی کرینگے، جس میں پودے لگانے کیلئے جاپانی ٹیکنالوجی کا استعمال متعارف کروایا جائیگا۔

بعد ازاں قائداعظم بزنس پارک کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی سمت درست ہے، بزنس پارک منصوبے پر پنجاب حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملکی سسٹم ایسا ہے کہ کسی کو آسانی سے کام نہ کر دیا جائے۔ ہمارے نظام کی خرابی کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے ناکام ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزنس مین کیلئے تمام آسانیاں پیدا کرینگے، بدقسمتی سے ایسا سسٹم ہے سلوڈاؤن کرو اور پیسے بناؤ۔ سسٹم ایسا ہے اگرپیسہ ہے توسارے کام ہو جاتے ہیں۔ہمارا سسٹم رکاوٹ بنا ہوا ہے، ہاؤسنگ اسکیم کی راہ میں رکاوٹیں ختم کیں۔ ہمارے نظام کی خرابی کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے ناکام ہوتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنی ہے۔ ہاؤسنگ اسکیم ہرمرحلے میں کوئی نہ کوئی رکاوٹ آجاتی ہے۔ پچھلے تین چارماہ میں اندازہ ہوا ہے سسٹم ایسا ہے ڈویلپمنٹ نہیں ہونے دیتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، سنگا پور کی ترقی وجہ پلاننگ تھی، 1960ء کے بعد پاکستان کی پلاننگ ختم ہو گئی تھی۔ مران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پلاننگ الیکشن جیتنے کیلئے ہوتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام مسائل کو حل کرینگے، کنسٹرکشن انڈسٹری پر بہت محنت کی، اس پر بہت سارے روڑے اٹکائے گئے، سسٹم ایسا ہے کہ کسی کو آسانی سے کام نہ کر دیا جائے۔ غریبوں کیلئے 50 لاکھ گھر بنانے ہیں اور یہ کر کے دکھائینگے۔

چینی کمپنیاں بھی پیسہ لگانا چاہتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہوگی کہ نظام کو درست کیا جاسکے تاکہ وہ متوسط اور مزدور طبقہ جو برطانیہ یا دیگر ممالک میں جا کر بڑی بڑی صنعت لگاتے ہیں، پاکستان میں ایسا ماحول مل سکے کہ نئی نسل ادھر ہی منصوبے شروع کرے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں صحت کے شعبہ کی ترقی کے حوالہ سے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد و دیگر شرکت کی ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کو پنجاب میں صحت کے شعبہ میں جاری اور نئے تجویز کردہ صحت کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے صحت کے شعبہ میں جاری منصوبوں کی جلد اور معیاری تکمیل اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام بڑ ے اسپتالوں میں معیاری سہولیات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے صحت سہولت پروگرام کے تحت عوام کو انشورنس کی کامیاب فراہمی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحی اور محرم الحرام کے موقع پر حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ،چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے وزیراعظم کو دبئی طرز کا ایک لاکھ ایکڑ کا نیا شہر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نےمنصوبے پر عملدرآمد کے دوران ماحولیاتی تحفظ اور واٹر کنزرویشن کیلئے سختی سے عملدرآمد کی خصوصی تاکید کی یہ منصوبہ پنجاب کی معیشت اور لاہور شہر کی رہائشی ضروریات پورا کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی پراجیکٹ کی تکمیل کے دوران ماحولیاتی نظام پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں اور واٹر کنزرویشن کا خاص خیال رکھا جائے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain