(ویب ڈیسک ):ایکس باکس گیمز کے شوقین افراد اب 15 ستمبر سے اپنی اینڈرائیڈ ڈیوائسز کو ایکس باکس کے طور پراستعمال کرکےاپنے پسندیدہ گیمز کھیل سکتے ہیں۔
ایکس باکس گیمز کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری آگئی ، مائیکرو سافٹ کی کلاؤڈ گیمنگ کا دائرہ کار بڑھ رہا ہے اوراب 15 ستمبر کو یہ اینڈرائیڈڈیوائسز میں شروع ہو رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ایکس باکس گیم پاس الٹیمیٹ صارفین اپنے اینڈرائڈ اسمارٹ فونز یا ٹیبلٹس پر 100 سے زیادہ گیمز کھیل سکیں گے۔ جولائی میں یہ بات منظر عام پرآئی تھی کہ مائیکروسافٹ کمپنی ایکس کلاؤڈ گیم اسٹریمنگ سروس لانچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کے کنٹرولر کی تیاری 8 بٹ ڈو کمپنیکر رہی ہے۔ اس کے مطابق یہ بلیو ٹوتھ کنٹرولر ہوگا جو سائز میں چھوٹا اور آسانی سے کسی بھی اسمارٹ فون یا ٹیبلیٹس میں لگایا جاسکے گا، اس کے ساتھ ہی اسی ڈیوائس کے ساتھ لگانے کے لیے ایک کلپ بھی فراہم کیا جائے گا۔ایکس باکس کلاؤڈ سروس استعمال کرنے کے لیے بلیو ٹوتھ کنٹرولر ڈیزائن کیا گیا ہے جو یو ایس بی سی پورٹ سے چارج کیا جائے گا اور اس کی بیٹری 18 گھنٹے تک باآسانی چل سکتی ہے۔
اس سروس کیلئے آپ کو ایک تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکشن کی ضرورت ہوگی۔ اور مائیکرو سافٹ کے مطابق ابتدائی طور پر یہ سروس 22 مارکیٹس تک محدود رکھی گئی ہے جن میں آسٹریا ، بیلجیئم ، کینیڈا ، چیک جمہوریہ ، ڈنمارک ، فن لینڈ ، فرانس ، جرمنی ، ہنگری ، آئرلینڈ ، اٹلی ، نیدرلینڈ ، ناروے ، پولینڈ ، پرتگال ، سلوواکیہ ، اسپین ، جنوبی کوریا ، سویڈن ، سوئٹزرلینڈ ، برطانیہ ، اور ریاستہائے متحدہ امریکہ شامل ہیں ۔ صارفین کے لئے اس سروس میں کوئی اضافی معاوضہ نہیں رکھا گیا ہے۔ اگر آپ ایکس باکس گیم پاس الٹیمیٹ کے لئے پہلے ہی مہینہ میں جتنے ڈالر ادا کررہے ہیں تو آپ ایکس باکس گیم پاس ایپ کے ذریعہ ایک دن پہلے سے اسٹریمنگ لائبریری تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ یہ بنیادی طور پر مائیکرو سافٹ کا گوگل اسٹڈیا اور جیفورس جیسی سروسزکا جواب ہے۔