اسلام آباد(ویب ڈیسک): شوگر انکوائری کمیشن اور اس کی رپورٹ کالعدم قرار دینے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاق نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ سے متعلق اٹارنی جنرل خالد جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔
واضح رہے کہ آج سندھ ہائی کورٹ نے شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے چینی کی قلت اور قیمت میں اضافے کی آزادانہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، 20 سے زائد شوگر ملز مالکان نے کمیشن کے خلاف درخواست دے کر کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ کو چیلنج کیا تھا، جس پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر اور دیگر ادارے قانون کے مطابق چینی کی قلت اور اس کی قیمت میں اضافے کی تحقیقات کریں۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا آئینی آپشن سے متعلق میرے بیان کا غلط مطلب لیا گیا، آئینی آپشن کا مطلب گورنر راج یا کوئی اور آپشن نہیں تھا، کراچی سے متعلق ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، یہ بھی آئینی آپشن ہے۔
خالد جاوید نے کہا وفاق چاہتا ہے کراچی میں غیر جانب دار ایڈمنسٹریٹر اور ایڈوائزری کمیٹی مل کر کام کرے، وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دلایا گیا کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جائے گا جو آئین کے خلاف ہوگا، گورنر راج اور آرٹیکل 149 زیر غور نہیں ہے۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ضرورت پڑنے پر دوسرے وفاقی ادارے مدد کریں گے