اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔
سپریم کورٹ میں ریلوےخسارہ ازخودنوٹس کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے سرکلر ریلوے سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمدنے کہاکہ سرکلر ریلوے کاکام 2 ماہ میں مکمل ہوجانا چاہیے تھا کیونکہ صرف اوور ہیڈ برج اور تھوڑاسا اورکام ہے،ایف ڈبلیو او نے سرکلر ریلوے کا کام شروع کیوں نہیں کیا؟
عدالتی استفسار پر ڈی جی ایف ڈبلیو او نے بتایا کہ ہم نے ڈیزائن بنا کردیا تھا لیکن سندھ حکومت نے تاحال منظورنہیں کیا۔
عدالت نے کہا کہ چلیں وزیراعلیٰ سندھ کو توہین عدالت نوٹس جاری کردیتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ کو 2 ہفتوں میں توہین عدالت نوٹس کا جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔