گزشتہ دو روز سے پاکستان میں سوشل میڈیا اور متعدد شوبز ویب سائٹس پر خبریں شائع ہو رہی تھیں کہ مقبول اداکارہ عروہ حسین اور ان کے شوہر گلوکار و اداکار فرحان سعید نے راہیں جدا کرلیں۔
وائرل ہونے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں نے ذاتی اختلافات کے باعث شادی کے محض تین سال بعد ہی علیحدگی اختیار کرلی ہے اور جلد ہی دونوں کے درمیان طلاق ہونے والی ہے۔
بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں تو یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ دونوں کی طلاق کا معاملہ لاہور کی مقامی عدالت میں بھی چل رہا ہے۔
عروہ حسین اور فرحان سعید کی طلاق و علیحدگی کی خبروں میں کسی بھی مستند ذریعے کے بجائے قیاس آرائیوں سے کام لے کر خبریں وائرل کی گئیں۔
شوبز جوڑی کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی خبریں وائرل ہونے پر ان کے مداح بھی کافی پریشان اور مایوس دکھائے دیے تھے اور کئی مداحوں نے ایسی خبروں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا تھا۔