لاہور معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مریم نواز سیاست کا نشہ پورا کرنے کے لیے عوام کو کورونا کی بھینٹ چڑھا رہی ہیں، راجکماری نے لاہور کو محاذ جنگ بنانے کی سازش تیار کر لی ہے ۔ ڈنڈوں سے بھرے ٹرک جاتی امرا پہنچائے گئے ہیں۔ لاہور کو شرپسند عناصر سے بچائیں گے ۔ حکومت ان کو سیاسی شہید نہیں بننے دے گی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا لاہور کو شر پسند عناصر سے محفوظ رکھنے کیلئے حکومت پنجاب نے تمام متعلقہ محکموں کا ایک سیل تشکیل دیا ہے جو حکومت کو احتیاطی اور حفاظتی تجاویز فراہم کر رہا ہے ۔ یہ شوقیہ فنکار اور سیاسی اداکار لاہور میں انتشار، فساد اور افراتفری پھیلا نا چاہتے ہیں جس کا کوئی بھی شر پسند فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔ اپوزیشن کے استعفے صرف سیاسی سٹنٹ اور فلمی ڈائیلاگ ہے جس کی کوئی حقیقت نہیں۔ یہ لوگ استعفوں کی تاریخ پر تاریخ دیتے تھک جائیں گے ۔ راجکماری کی استعفوں کی چال کو پی ڈی ایم کی اکثر جماعتوں نے انکی خواہشات کے مطابق قبول نہیں کیا۔انکا بیانیہ عوام سے نہیں ان کی اپنی ذات سے جڑا ہے ۔ ن لیگ کے اکثر رہنما چاہتے ہیں کہ انہیں نظر بند کیا جائے تاکہ مریم بی بی کے خود کش حملہ سے محفوظ رہ سکیں۔ جس کرپٹ سسٹم کوشاہی خاندان نے بڑی محنت سے کھڑا کیا اور آبیاری کی وزیر اعظم عمران خان نے اس نظام کو ملیا میٹ کرنے کا عزم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان میں پانی چھوڑ نے کا تازہ جھوٹ راجکماری کے پٹارے میں سے نکلا ہے ۔ فردوس عاشق نے مزید کہا مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم کر رہی ہے ۔ دنیا کشمیر ی بیٹیوں کی آہ و سسکیاں اور نوجوانوں کی بینائی چھن جانے کا درد اور تڑپ کو محسوس کرے ۔ دریں اثنا ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کچھ سیاسی مصلحت اور کچھ حکومتی ترجیحات ہیں جو اپوزیشن رہنماؤں کو گرفتار نہیں کیا جارہا۔ حکومت انہیں سیاسی شہید نہیں بننے دے گی





































