آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے ۔
شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچز کی تاریخ پر نظر
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیوں کے درمیان 24 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان نے 14 میچز میں کامیابی سمیٹی۔
اس کے علاوہ دونوں ٹیمیں 8 بار متحدہ عرب امارات میں آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان 7 جبکہ نیوزی لیڈ ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوا۔
اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی بات کی جائے تو وہاں بھی پاکستان ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔
دونوں ٹیمیں 5 بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئیں، پاکستان نے 3 جبکہ نیوزی لینڈ 2 میچز جیتنے میں کامیاب ہوا۔
یاد رہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 12 میچز سے ناقابل شکست ہے ۔
محمد رضوان ایک اور اعزاز حاصل کرنے کے قریب
پاکستان کے محمد رضوان کو ایک کلینڈر ایئر میں ایک ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز مکمل کرنے کیلئے 169 رنز درکار ہیں۔
اگر محمد رضوان اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مزید 169 رنز اسکور کر لیتے ہیں تو وہ ایک کلینڈر ایئر میں 1 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن جائیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔
سپر 12 مرحلے میں 6،6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں گروپ 2 میں شامل ہیں ،پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی جبکہ نیوزی لینڈ اپنا پہلا میچ آج پاکستان کے خلاف کھیل رہا ہے۔