اسلام آباد : حکومت نے کالعدم تنظیم کے احتجاجی مظاہرین کو روکنے کے لیے رینجرز تعینات کرنے اور پشاور جی ٹی روڈ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا ، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کابینہ کو سعودی عرب کی جانب سے مالی معاونت اور کالعدم تنظیم سے متعلق مذاکرات پر بریفنگ دی گئی، شیخ رشید نے کالعدم تنظیم کیساتھ مذاکرات میں ڈیڈ لاک سے آگاہ کیا، اراکین نے کہا جانی وملکی املاک کونقصان پہنچانے والے عناصر کو رعایت نہیں دینی چاہیے۔
اجلاس میں کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، جس کے بعد حکومت نے مظاہرین کو روکنے کے لیے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مظاہرین کو جہلم سے آگے نہیں آنے دیا جائے گا جبکہ پشاور جی ٹی روڈ بھی بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ قانون ہاتھ میں لینےوالوں سےسختی سےنمٹا جائےگا۔
اس سے قبل ریاست پاکستان نے احتجاج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کچھ دنوں سے کالعدم تنظیم نے احتجاج کی آڑ میں راستے بند کررکھے ہیں، کالعدم تنظیم کی جانب سے راستے بند کرنے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔