تازہ تر ین

عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے میر عبدالقدوس بزنجو بلا مقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے۔

میر عبدالقدوس بزنجو 39 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے جن میں ایک ووٹ اپوزیشن رکن جبکہ 38 ووٹ بی اے پی اور اتحادی جماعتوں کے تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے ہوئے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت قائم مقام اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے کی جس کے دوران آئین کی دفعہ 130 (4) کے تحت انتخاب عمل میں لایا گیا۔

بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں اپوزیشن کی جانب سے صرف پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نواب ثنا اللہ زہری نے ووٹ دیا۔

ان کے سوا جمعیت علمائے اسلام (ف)، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل اور پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) اور آزاد امیدوار نواب اسلم رئیسانی نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

نو منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان آج گورنر ہاؤس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین نے سیکریٹری صوبائی اسمبلی کے پاس عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے 5کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے لیکن ان کے سوا کسی اور امیدوار نے قائد ایوان کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں حکومتی جماعت بی اے پی کے ناراض اراکین کی جانب سے 20 اکتوبر کو بلوچستان اسمبلی میں سابق وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی۔

تاہم قرار داد پر ووٹنگ سے ایک روز قبل ہی جام کمال خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ عبدالقدوس بزنجو اس سے قبل اسپیکر بلوچستان اسمبلی تھے لیکن جام کمال خان کے مستعفی ہونے کے بعد انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کے لیے اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain