اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاﺅس اسلام آباد میں اتحادی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے ارکان کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس
بلانے کے معاملے پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے ارکان سے ملاقات کا ون پوائنٹ ایجنڈا تھا جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون سازی سے متعلق ارکان کو اعتماد میں لینا تھا، آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں انتخابی اصلاحات سمیت 30بل پیش کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پیر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سمیت دیگر انتخابی اصلاحات اور مبینہ انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق بل پیش کیا جائے گا۔منگل کو اتحادی جماعتوں کے ارکان کے ساتھ اجلاس میں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، سید امین الحق، عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد، جی ڈی اے کی جانب سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا شریک اور مسلم لیگ ق کے مونس الہی شریک تھے۔