جنوبی افریقا نےگھانا کے خلاف 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائر میچ کو دوبارہ کرانے کا مطالبہ کردیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ( اے ایف پی ) کے مطابق پیر کے روز جنوبی افریقا نے گھانا کے خلاف متنازعہ پینلٹی کے باعث شکست کی وجہ سے ورلڈکپ کوالیفائر میچ دوبارہ کروانے کا مطالبہ کیا ۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اتوار کے روز 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں گھانا نے جنوبی افریقا کو ایک صفر سے ہرایا۔
میچ کے پہلے ہاف میں گھانا کے ڈیفینڈر ڈینیئل امرتی کورنر سے ملنے والے پاس پر مخالف ٹیم کے گول پر اسٹروک مارنے لگے تو بظاہر جنوبی افریقی کھلاڑی کے ہاتھ لگنے کی وجہ سے وہ نیچے گرے جس پر فیلڈ پر موجود ریفری نے گھانا کو ایک فری پینلٹی کک دے دی ۔فری پینلٹی کک پر گھانا نے گول کیا جو میچ کا نتیجہ خیز گول ثابت ہوا۔
گھانا سے ایک صفر کی ہار کے بعدجنوبی افریقا 2022 کے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے سے محروم ہو گیا ہے جس کے بعد جنوبی افریقا نے اس پینلٹی کے خلاف بولنا شروع کردیا۔
جنوبی افریقی فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کا تقاضہ ہے کہ میچ دوبارہ کروایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میچ حکام نے کھیل کا فیصلہ کیا، جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ہم کنفیڈریشن آف افریقن فٹ بال (سی اے ایف) اور فیفا کو خط لکھیں گے، اور ان سے اس بات کی تحقیقات کرنے کو کہیں گے کہ کھیل کو کیسے ہینڈل کیا گیا۔