گلوکارہ میشا شفیع نے اداکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس میں ایک بار پھر حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔
علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس میں میشا شفیع نے پہلے بھی حاضری معافی کی درخواست دی تھی، جسے عدالت نے منظور کیا تھا۔
اب دوبارہ بھی انہوں نے عدالتی ہدایات کے مطابق حاضری معافی کی درخواست دے دی، جس پر عدالت نے ان کے وکلا سمیت علی ظفر کے وکلا سے دلائل طلب کرلیے۔
سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس کی سماعت 18 دسمبر کو لاہور کی مقامی عدالت میں ہوئی، جس دوران میشا شفیع کے وکلا نے موکل کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی۔
گلوکارہ کے وکلا کی درخواست پر عدالت نے انہیں دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی، جس پر میشا شفیع کی جانب سے نئی درخواست دائر کی گئی۔
دوران سماعت میشا شفیع کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل بیرون ملک رہتا ہے، اس لیے وہ ہر سماعت پر پیش نہیں ہو سکتے، اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
دوران سماعت میشا شفیع کے وکلا نے عدالت سے مذکورہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیادوں پر کرنے کی اپیل بھی کی۔