لاہور (مہران اجمل خان سے)صوبائی دارلحکومت کے ہسپتالوں میں ٹیسٹ کی سہولیات نا پید ، مشینیں خراب ہونے کے باعث مریض ذلیل و خوار ہونے لگے ، سید مٹھا ہسپتال میں ڈائیلسز مشین خراب ہونے کی وجہ سے مریضوں کو لمبی تاریخیں دینا معمول بن گیا ، ایکو اور ای ٹی ٹی کی مشین 6ماہ سے خراب ، سید مٹھا ہسپتال کے ایم ایس کے پاس عارضی چارج کے باعث ہسپتال کے انتظامی معاملات بری طرح متاثر ۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ سید مٹھا ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق سید مٹھا ہسپتال میں ڈائیلسز کی 6 مشینیں ہیں جن میں عام مریضوں کے لئے 4جبکہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لئے 2 مشینیں مختص کی گئی ہیں مریضوں کو روزانہ 4شفٹوں میں ڈائلسز کرنا ہوتا ہے روزانہ 24مریض آتے ہیں دو مشینیں خراب ہونے کے باعث مریضوں کو دوسرے ہسپتالوں میں ریفر کیا جارہا ہے جس کے باعث انہیں ڈائلسز کروانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ دل کے الٹرا ساﺅ نڈ کرنے والی ایکو مشین اور ای ٹی ٹی ٹیسٹ مشین بھی گزشتہ چھ ماہ سے خراب ہونے کے باعث ڈاکٹرز کو مریضوں کے علاج معالجے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ایم ایس میاں منشی ہسپتال ڈاکٹر عدنان قمر کو سید مٹھا ہسپتال کا عارضی چارج دینے کے بعد انتظامی معاملات بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ اس حوالے سے قائمقام ایم ایس سید مٹھا ہسپتال کا کہنا تھا کہ ایکو اور ای ٹی ٹی مشین کا ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے جلد مشینیں ٹھیک ہو جائیں گی ۔
