تازہ تر ین

قائد اعظم کے نظریات کی پیروی پاکستان کو درپیش چیلنجز کا واحد حل ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور ان پر قابو پانے کا واحد حل قائداعظم محمد علی جناب کے اتحاد، ایمان اور نظم کے نظریات پر عمل پیرا ہونا ہے۔

بابائے قوم محمد علی جناح کے 146ویں یومِ پیدائش پر ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ جناح کی ایمانداری، محنت، استقامت اور ایک بڑے مقصد کے لیے لگن نے انہیں ہمارا عظیم لیڈر یعنی قائداعظم بنایا، ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد کے وژن کے مطابق ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے اور غریب اور پسماندہ شہریوں کی مدد کرنے والے نظام کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا جہاں تمام شہری عقیدے کی آزادی، پیشہ اور مساوی مواقعوں کا حق رکھتے ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کا بڑے چیلنجز اور مخالفتوں کے باوجود قوم کو متحد کرنے کا عزم ان کی ثابت قدمی سے ہی ممکن ہوا، مشکلات اور چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے انہوں نے اللہ تعالیٰ پر پختہ یقین اور نبی اکرم ﷺ کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے جو قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی صورت میں ایسی ریاست کی تشکیل ممکن بنائی جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی اور کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain