شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز میں داخلے کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار

محکمہ داخلہ سندھ نے شاپنگ مالز،ریسٹورٹس اور شادی ہالز میں داخلے کے لئے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی ہدایت پر محکمہ داخلہ سندھ نے تعلیمی اداروں، ریسٹورنٹس، ہوائی جہاز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کے لئے ویکسینیشن لازمی قرار  دے دی ہے۔

اس کے علاوہ ہوٹل، شاپنگ مالز اور شادی ہالز میں داخلے کے لئے بھی ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ویکسینیشن کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے تاہم پبلک ڈیلنگ کے تمام ادارے، ٹرین اور بذریعہ سڑک سفر کے لئے ویکسینیشن کی ڈیڈ لائن 15 اکتوبر رکھی گئی ہے۔

ججز اور سول سرونٹس کو اضافی پلاٹس کی الاٹمنٹ غیرقانونی قرار

 اسلام آباد ہائی کورٹ نےگریڈ 22 کے افسران، ججز اور سول سرونٹس کو اضافی پلاٹس کی الاٹمنٹ غیر قانونی قرار  دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے جیورسٹ فاؤنڈیشن کی درخواست منظور کرنےکا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ججز اور سول سرونٹس کو پلاٹ الاٹمنٹ کے حوالے سےکوئی قانون موجود نہیں، حکومت اگر اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور سول سرونٹس کو ایک سے زائد پلاٹس دینا چاہتی ہے تو پہلے قانون سازی کرے۔عدالت نے معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم  بھی دیا ہے۔

خیال رہےکہ سول سرونٹس اور ججز کو اضافی پلاٹس کی الاٹمنٹس کے خلاف جیورسٹ فاؤنڈیشن کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 27جون 2006 کو وزیراعظم نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی بھجوائی گئی سمری منظور کی، سمری منظور کرنےکی وجوہات  قانونی نہیں بلکہ خواہشات پر مبنی ہیں، اضافی پلاٹس دینے کی منظوری کالعدم قرار دی جائے۔

وزیراعظم نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کیلئے شہباز شریف کو خط لکھ دیا

وزیراعظم  عمران خان نے الیکشن کمیشن ارکان کی خالی اسامیوں پر تقرری کیلئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیراعظم کی جانب سے خط لکھنے کی تصدیق کی اور کہا کہ خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ارکان کیلئے 3، 3 نام تجویز کیے گئے ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ وزیراعظم نے ممبر پنجاب کیلئے احسن محبوب، راجا عامر خان اور سید پرویز عباس جبکہ خیبر پختونخوا کے رکن کیلئے جسٹس (ریٹائرڈ) اکرام اللہ خان، فرید اللہ خان اور مزمل خان کے نام تجویز کیے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ  وزیراعظم نے آئین کے آرٹیکل 213 اور 218 کے تحت اپوزیشن لیڈر کو خط لکھا اور اپوزیشن کے جواب کے بعد ممبران کی تعیناتی ہوسکے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن کے ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر اورممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی مدت پوری ہونے پر ریٹائر ہوگئے تھے۔

ان خالی نشستوں پر آئین کے تحت حکومت کو 45 دن کے اندر نئے ممبران کی تعیناتی کرنا ہوتی ہے تاہم الیکشن کمیشن 3 ارکان کے ساتھ فعال رہ سکتا ہے۔

100 ملین ڈالرز کے پراجیکٹ کے باوجود بلند و بالا عمارت زمین میں دھنسنے لگی

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ملینیم ٹاور نامی پرُ کشش، مہنگی اور  بلند ترین رہائشی عمارت لاکھوں ڈالرز  خرچ کرنے کے باوجود زمین میں دھنس رہی ہے۔

دی گارڈین کی ایک رپورٹ کے مطابق سان فرانسسکو کے وسط میں واقع ملینیم ٹاور کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے 100 ملین امریکی ڈالرز کے پراجیکٹ کو  بھی روک دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پراجیکٹ انجینئرز کی جانب سے عمارت کی بنیاد کو مزید ایک انچ دھسنے کی اطلاع کے بعد روک دیا گیاہے۔

خیال رہے کہ 2009 میں تیار ہونے والی 58 منزلہ رہائشی عمارت کے تمام 419 یونٹس مقبول شخصیات سمیت دیگر افراد نے خرید لیے تھے لیکن 2014 میں ملینیم ٹاور کی بنیاد 18 انچ دھنس گئی تھی جبکہ عمارت کے جھکاؤ  میں بھی 14 انچ کی تبدیلی رونما ہوئی تھی۔

ٹاور کے اس مسئلے نے فلیٹ مالکان، عمارت کے ڈویلپرز اور آس پاس کے تعمیراتی منصوبوں کے مابین ایک نئی قانونی جنگ چھیڑ دی ہے تاہم ملینیم پارٹنرز اور ڈویلپر نے عمارت کے دھنسنے کا ملبہ قریبی ٹرانز بے نامی ٹرانزٹ سینٹر پر ڈالا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس عمارت کے مسائل کو ٹھیک کرنے اور اپارٹمنٹس کے مالکان کو نقصان کی تلافی کے لیے 100 ملین امریکی ڈالر کی رقم مختص کی گئی تھی اور رواں برس مئی میں عملے کی جانب سے عمارت کی بہتری کے لیے کام کے آغاز کے کچھ عرصے بعد ہی ملینیم ٹاور میں 22 انچ کا جُھکاؤ آگیا تھا۔

اس ضمن میں ترجمان ملینیم ٹاور ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ عمارت بالکل محفوط ہے تاہم کام کو مسائل کے بہتر تعین کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی فائٹر نے پھر بھارتی فائٹر کو مات دے دی

مکس مارشل آرٹس آرٹس چیمپئن شپ میں مقابلے میں پاکستانی فائٹر نے بھارتی فائٹر کو دھول چٹادی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فائٹر نے پھر بھارتی فائٹر ایک منٹ 13 سیکنڈ میں کو مات دے دی، کرغستان میں مکس مارشل آرٹس چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

پاکستانی فائٹر شاہ زیب نے بھارت کے یادو سویششی کی ایک نہ چلنے دی۔ شاہ زیب نے حریف کھلاڑی کو صرف ایک منٹ 13 سیکنڈز میں ہی آؤٹ کلاس کردیا۔

لبنان میں جاری ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں قومی فائٹرز کی خراب پرفارمنس کی وجہ سے پاکستان کو 54، 68 اور 87 کلوگرام کیٹگری میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شاہ زیب کو لبنان کے مارک خلیفے نے 14-16 پوائنٹس سے ہرایا تھا۔ پاکستان کے فائٹر عمار کو تاجکستان کے محمد خوسین نے 4-17 سے شکست دی تھی۔

کوریا کے سیونگ ہان نے پاکستانی کھلاڑی تیمور سعید کیخلاف 0-20 سے فتح حاصل کی۔ خواتین کیٹیگری میں بھی پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ 46 کلوگرام کیٹیگری میں ازبکستان کی آزامووانے پاکستان کی سیدہ ہانا کو 45-8 پوائنٹس سے ہرایا تھا۔

پاک ۔ افغان سرحد پر صورتحال ہمارے کنٹرول میں ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت کا خاتمہ سب کی امیدوں کے برعکس تھا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ابھرتی ہوئی صورتحال اور ہمیں درپیش قومی سلامتی کے مسائل اور کسی قسم کے عدم استحکام سے نمٹ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے سب ہی کو معلوم ہے، امریکا اور نیٹو افواج کا انخلا پہلے سے طے شدہ تھا، پاکستان نے پہلے ہی افغانستان سرحد کے تحفظ کے لیے اقدامات کردیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحد محفوظ اور مستحکم ہونے کے مثبت اثرات پڑوسی ملک پر بھی آئیں گے۔

پڑوسی ملک میں ہونے والے واقعات کی ٹائم لائن دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 15 اگست سے قبل افغان نیشنل آرمی سے تعلق رکھنے والے کئی فوجی دو سے زائد مواقع پر پاکستان میں محفوظ راستے کی تلاش میں داخل ہوئے کیونکہ وہ خوفزدہ تھے کہ ان کی پوسٹوں پر طالبان حملہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘انہیں قبول کیا گیا اور فوجی اصولوں کے تحت محفوظ راستہ دیا گیا’۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اندازہ لگایا تھا کہ حالات کس طرف بدلنے جا رہے ہیں اور عدم استحکام کا امکان ہے جس کی وجہ سے کنٹرول کو یقینی بنانے کے لیے فوجیوں کو اہم سرحدی گزرگاہوں پر منتقل کردیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ’78 میں سے سترہ سرحدی گزرگاہوں کو (مزید تعیناتی کے لیے) نوٹیفائی کیا گیا تھا اور تمام غیر قانونی تجاوزات کو بند کر دیا گیا تھا، 15 اگست کے بعد ٹرمینلز اور سرحدی گزرگاہیں کھلی رکھی گئیں، قافلے بھی دونوں اطراف میں مسلسل آرہے اور جارہے ہیں’۔

این ایل ای ٹیسٹ کے خلاف لاہور میں کلمہ چوک پر ڈاکٹرز کا احتجاج

لاہور :  این ایل ای ٹیسٹ کے خلاف لاہور میں کلمہ چوک پر ڈاکٹرز نے احتجاج کیا۔

این ایل ای امتحان کیخلاف میڈیکل کے طلباء اور ینگ ڈاکٹرز سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے کلمہ چوک پر احتجاج کرتے ہوئے برکت مارکیٹ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کر دیا۔

پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جس سے متعدد ڈاکٹرز زخمی جبکہ 15 سے زائد مظاہرین کی طبیعت خراب ہو گئی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج کیلئے آئے تھے جو ہمارا حق ہے۔

ادھر احتجاج کے باعث شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔

بعدازاں صورتحال خراب ہونے پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں اوپی ڈیز بند کر دینگے۔

لاہور میں خاتون کو نوکری کا جھانسہ دیکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا

لاہور: گڑھی شاہو میں ملزمان نے خاتون کو نوکری کا جھانسہ دیکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں خاتون کو نوکری کا جھانسہ دیکر ملزمان نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا، مغلپورہ کی رہائشی خاتون کو سیف نامی ملزم نے نوکری دلوانے کے لیے بلوایا اور پھر رکشہ میں بٹھاکر گڑھی شاہو پہنچ گیا، ملزم نے رکشہ کو ناچ گھر گراؤنڈ کے قریب کھڑا کیا اور خاتون کو گراونڈ میں لے گیا جہاں پہلے سے ہی دو افراد موجود تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق ایک شخص نے گن پوائٹ پر خاتون سے بچی چھین کر اسے یرغمال بنایا جب کہ باقی دونوں افراد نے باری باری خاتون کے ساتھ زیادتی کی اور موقع سے فرار ہوگئے جب کہ پولیس نے روایتی کارروائی کا مظاہرہ کرتے مقدمہ درج کرلیا۔

کابل ائیرپورٹ پر دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 100سے تجاوز کر گئی

کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے یکے بعد دیگرے تین دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 90 سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکوں میں 140 افراد زخمی ہونے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں 13 امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کابل ائیر پورٹ دھماکوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاغ پر دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اد رہے کہ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے جمعرات کو ہی دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر اپنے شہریوں کو کابل ائیرپورٹ کے قریب جانے سے منع کیا تھا۔

پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 92 ہزار 844 ہوگئی

پاکستان میں اب تک 11 لاکھ 44 ہزار 341 کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے 10 لاکھ 26 ہزار 82 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جبکہ 25 ہزار 415 انتقال کرگئے۔

اس وقت ملک میں فعال کیسز کی تعداد 92 ہزار 844 ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں رپورٹ ہونے والے کیسز اور اموات کی تعداد کچھ یوں رہی:

  • پنجاب: ایک ہزار 320 کورونا کیسز، 40 اموات
  • سندھ: ایک ہزار 467 کورونا کیسز، 24 اموات
  • خیبرپختونخوا: 519 کورونا کیسز، 25 اموات
  • بلوچستان: 86 کورونا کیسز
  • اسلام آباد: 414 کورونا کیسز، 4 اموات
  • آزاد کشمیر: 184 کورونا کیسز، ایک موت
  • گلگت بلتستان: 26 کورونا کیسز، ایک موت